کپتان روہت شرما اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے پسینہ بہایا۔ ٹیم انڈیا آج برسبین پہنچےگی۔ پریکٹس میں یشسوی جیسوال بھی شامل ہوئے۔
EPAPER
Updated: December 11, 2024, 2:09 PM IST | Agency | Adelaide
کپتان روہت شرما اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے پسینہ بہایا۔ ٹیم انڈیا آج برسبین پہنچےگی۔ پریکٹس میں یشسوی جیسوال بھی شامل ہوئے۔
گلابی گیند کے ڈے نائٹ کرکٹ ٹیسٹ میں۱۰؍ وکٹ کی شکست کے بعد کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے سرخ گیند کے ساتھ سخت نیٹ سیشن میں بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں واپسی کو ہدف بنایا۔ کھلاڑیوں نے منگل کو پریکٹس میں شرکت کی۔ آسٹریلیائی ٹیم ہفتہ سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ کے لئے برسبین پہنچ گئی ہے لیکن ہندوستانی ٹیم نے اپنی ریڈ گیند کی مہارت کوبہتر بنانے کے لئے منگل کو زبردست پریکٹس کی۔
ہندوستانی ٹیم نے اپنی دفاعی تکنیک اور چھوڑنے والی گیندوں پر توجہ دی۔ ہندوستانی ٹیم کی پریکٹس کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) نے `ایکس` پر لکھاکہ ’’`اب مستقبل کے بارے میں سوچنے کا وقت آگیا ہے۔ یہاں ایڈیلیڈ میں برسبین ٹیسٹ کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔‘‘
خراب فارم سے نبرد آزما ہندوستانی کپتان روہت پچھلی ۱۲؍ اننگز میں ایک نصف سنچری (۵۲؍رن) کے ساتھ صرف۱۴۲؍ رن ہی بنا پائے ہیں۔ وہ اپنے بیٹے کی پیدائش کی وجہ سے پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے اور منگل کو ان کا مقصد ہندوستانی اسپنرس اور تیز گیند بازوں دونوں کا سامنا کرتے ہوئے جلد از جلد اپنا فارم حاصل کرنا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ میں چھٹے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے روہت نے دو اننگز میں ۳؍ اور ۶؍ رن بنائے۔ وہ پہلی اننگز میں ایل بی ڈبلیو ہوئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنس نے انہیں بولڈ کیا۔ کوہلی، جنہوں نے پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میں سنچری کے ساتھ۱۶؍ ماہ کی سنچری کی خشک سالی کا خاتمہ کیا، گلابی گیند کے ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں وکٹ کے پیچھے آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں دوسری سلپ اور دوسری اننگز میں وکٹ کیپر کو کیچ دیا۔
اسٹار ہندوستانی بلے باز کوہلی نے پورے جوش و خروش سے پریکٹس کی۔ نیٹ سیشن کے آغاز میں وہ محتاط رہے لیکن پھر آہستہ آہستہ فارم میں آ گئے۔ لوکیش راہل زیادہ پرسکون نظر آئے۔ انہوں نے اپنے دفاع پر زیادہ توجہ مرکوز کی جبکہ رشبھ پنت نے کچھ پک اپ شاٹس کھیلے۔ نوجوان اوپنر یشسوی جیسوال، جنہوں نے ابتدائی ٹیسٹ میں ہندوستان کی۲۹۵؍ رن کی زبردست جیت میں ۱۶۱؍رن بنائے، کچھ اچھے شاٹس لگائے اور گیند بازوں کے خلاف جارحانہ موقف بھی اپنایا۔
بولنگ یونٹ میں ہرشیت رانا، آکاش دیپ، یش دیال اور رویندر جڈیجا، روی چندرن اشون اور واشنگٹن سندر کی اسپن تینوں شامل تھیں جبکہ کچھ تھرو ڈاؤن اسپیشلسٹ بھی تھے۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی کے ساتھ جسپریت بمراہ اور محمد سراج کی سرکردہ ہندوستانی تیز گیند باز جوڑی نے زیادہ پسینہ نہیں بہایا۔ ہندوستان بدھ کو برسبین پہنچنا ہے۔