ٹیم انڈیا نے ۱۹۷۵ء سے اب تک اس باوقار مقام پر ۲۶؍ٹیسٹ کھیلے ہیں اور ان میں سے ۱۲؍جیتے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 30, 2024, 11:31 AM IST | Mumbai
ٹیم انڈیا نے ۱۹۷۵ء سے اب تک اس باوقار مقام پر ۲۶؍ٹیسٹ کھیلے ہیں اور ان میں سے ۱۲؍جیتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ بچانے کیلئے ٹیم انڈیا یکم نومبر کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں داخل ہوگی۔ ہندوستانی ٹیم۱۲؍ سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز ہاری ہے۔ ایسے میں ٹیم انڈیا کو کلین سویپ سے بچنے کیلئے کپتان روہت شرما کی ٹیم ممبئی کے میدان پر اپنی پوری طاقت لگا دےگی۔ اب تک کسی بھی ٹیم نے ہندوستان کو گھر پر ۳؍ یا اس سے زیادہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش نہیں کیا ہے تاہم جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو ۲؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔ ۲؍ سے شکست دی ہے۔
بنگلورو اور پونے میں کھیلنے کے بعد اب دونوں ٹیمیں فائنل میچ کیلئے ممبئی آئیں گی۔ جیسا کہ وہ سیریز کے تیسرے راؤنڈ کی تیاری کر رہے ہیں، ممبئی کے مشہور وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ریڈ بال فارمیٹ میں ہندوستان کا بہتر ریکارڈ ہے۔ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ٹیم انڈیا کا ریکارڈ اچھا ہے لیکن اتنا اچھا نہیں ہے۔ انہوں نے ۱۹۷۵ء سے اب تک اس باوقار مقام پر۲۶؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں اور ان میں سے۱۲؍ جیتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم ۷؍ میچ ہار چکی ہے اور ۷؍ میچ ڈرا ہوئے ہیں۔
ممبئی کے میدان پر ہندوستان کو اپنے آخری۵؍ میچوں میں صرف ایک میچ میں شکست ہوئی ہے۔ گزشتہ ۵؍ میچوں میں ان کی واحد شکست۲۰۱۲ء میں انگلینڈ کے خلاف ہوئی تھی۔ تب سے ہندوستانی ٹیم مسلسل ہوم ٹیسٹ سیریز جیت رہی تھی۔ اس میچ میں میزبان ٹیم بری طرح ہار گئی۔ چتیشور پجارا کی سنچری کی بدولت ۳۲۷؍ رن بنانے کے بعد میزبان ٹیم نے السٹیئر کک اور کیون پیٹرسن کی سنچریوں کی مدد سے۸۶؍ رن کی برتری حاصل کر لی۔ دوسری اننگز میں ہندوستانی ٹیم صرف۱۴۲؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور ۱۰؍ وکٹ سے میچ ہار گئی کیونکہ انگلینڈ نے ۵۷؍ رن کا ہدف آسانی سے حاصل کرلیا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ مذکورہ گراؤنڈ سے کئی بڑے ریکارڈ بھی جڑے ہوئے ہیں۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں آخری میچ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوا تھا جہاں اعجاز پٹیل نے دسمبر ۲۰۲۱ء میں پہلی اننگز میں تمام۱۰؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ اعجاز ایک اننگز میں تمام۱۰؍ وکٹ لینے والے پہلے نیوزی لینڈر اور تاریخ میں تیسرے کھلاڑی بن گئے تاہم ہندوستان نے یہ ٹیسٹ۳۷۲؍ رن کے بڑے مارجن سے جیتا تھا۔
ولیمسن تیسرے ٹیسٹ سے باہر
گروئن انجری میں مبتلا کین ولیمسن ہندوستان کے خلاف ممبئی میں یکم نومبر سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں نہیں کھیلیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ولیمسن کی فٹنیس کو یقینی بنانے کے پیش نظروہ تیسرے ٹیسٹ کیلئے ہندوستان نہیں جائیں گے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ کے حوالے سے این زیڈ سی نے کہا کہ ’’کین کی حالت میں کافی بہتری آئی ہے لیکن اس وقت وہ ہمارے ساتھ شامل ہونے کیلئے مکمل طور پر تیار نہیں ہیں۔ اس لئے ہمارے خیال میں انہیں ابھی نیوزی لینڈ میں ہی ری ہیب کر نا چاہئے تاکہ وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے تیار ہو سکیں۔