• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پرتھ میں ہندوستانی گیندبازوں کا قہر

Updated: November 26, 2024, 12:10 PM IST | Agency | Perth

ہندوستان نے پرتھ ٹیسٹ ۲۹۵؍رن سے جیت لیا۔ جسپریت بمراہ مین آف دی میچ۔ محمد سراج نے بھی ۳؍ وکٹ لئے۔

Jasprit Bumrah. Photo: INN
جسپریت بمراہ۔ تصویر : آئی این این

یشسوی جیسوال اور وراٹ کوہلی کی سنچری اننگز اور جسپریت بمراہ و محمد سراج کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں۲۹۵؍ رن سے شکست دے دی ہے۔ جسپریت بمراہ کو ان کے شاندار کھیل کیلئے `پلیئر آف دی میچ  سے نوازا گیا۔
 آسٹریلیا نے پیرکو صبح اتوار کے۱۲؍ رن پر ۳؍ وکٹ سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں محمد سراج نے عثمان خواجہ (۴؍رن) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو۱۷؍رن کے اسکور پر چوتھا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔۲۵؍ویں اوور میں سراج نے اسٹیو اسمتھ (۱۷؍رن) کو پنت کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا کی اننگزجلد ہی ختم ہو جائے گی۔ بلے بازی کرنے آئے مشیل مارش نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چھٹے وکٹ کیلئے ۸۲؍  رن کی شراکت ہوئی۔ بمراہ نے ٹریوس ہیڈ (۸۹؍رن) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد نتیش کمار ریڈی نے مشیل  مارش (۴۷؍رن)کو بولڈ کرکے ہندوستان کو ساتویں کامیابی دلائی۔ مشیل اسٹارک (۱۲؍ رن) کو  واشنگٹن سندر نے آؤٹ کیا۔  ناتھن  لاین (صفر) کو بھی سندر نے بولڈ آؤٹ کیا۔ ہرشیت رانا نے ایلکس کیری (۳۶؍رن) کو آؤٹ کر کے آسٹریلوی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم۵۸ء۴؍ اوورس میں ۲۳۸؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی اور ریکارڈ ۲۹۵؍ رن  سے میچ ہار گئی۔ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ واشنگٹن سندر کو ۲؍ وکٹ ملے۔ ہرشیت رانا اور نتیش کمار نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ہندوستان کی پہلی اننگز۵۸ء۳؍ اوور میں۱۵۰؍ رن پر سمٹ گئی تھی۔ نتیش ریڈی۴۱، پنت نے ۳۷؍ رن  کی اننگز کھیلی تھی۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے۲۹؍ رن کے عوض ۴؍ اور مشیل اسٹارک نے۱۴؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ جھٹکے تھے۔
 آسٹریلیا پہلی اننگز:۵۱ء۲؍ اوورس میں ۱۰۴؍رن پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ مشیل اسٹارک نے سب سے زیادہ۲۶؍ رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے۳۰؍ رن دے کر ۵؍ اور ہرشیت رانا نے۴۸؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہندوستان کی دوسری اننگز: یشسوی جیسوال(۱۶۱؍ رن)  اور وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ ۱۰۰؍رن) کی سنچری اننگز کی بدولت ہندوستان نے ۶؍ وکٹ پر ۴۸۷؍ رن پر اننگز ڈکلیئر کر دی اور آسٹریلیا کو جیت کیلئے  ۵۳۴؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ 

ہندوستان کی آسٹریلیا پر فتح سے وہ ڈبلیو ٹی سی ٹیبل میں سرفہرست
یشسوی جیسوال اور وراٹ کوہلی کی سنچری اننگز اور جسپریت بمراہ اور محمد سراج کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر ہندوستان نے آسٹریلیا کو۲۹۵؍ رن سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ  چمپئن  شپ (ڈبلیو ٹی سی) پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔  جسپریت بمراہ کو ان کے شاندار کھیل کیلئے  `پلیئر آف دی میچ  سے نوازا گیا۔ ہندوستان نے ۴؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
  یہ تاریخی ٹیسٹ جیت ملکی کرکٹ کی تاریخ کی سب سے نمایاں فتوحات میں سے ایک ہے۔ یہ ایشیا سے باہر ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی فتح ہے۔ انہوں نے۲۰۱۹ءمیں نارتھ ساؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کو۳۱۸؍ رن سے شکست دی۔ آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دینے کے بعد ہندوستان۶۱ء۱۱؍  پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں سب سے اوپر ہے۔ آسٹریلیا۱۳؍ میچوں میں چوتھی شکست کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلا گیا۔ اس کے نمبر کا تناسب۵۷ء۶۹؍  رہا۔ ہندوستان کو فائنل میں پہنچنے کیلئے اب ۳؍ میچ جیتنا ہوں گے۔ سری لنکا۵۵ء۵۶؍  فیصد نمبرس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم۵۴ء۵۵؍ فیصد نمبر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پانچویں نمبر پر ہے۔ 

بمراہ نےکوہلی اور یشسوی کی تعریف کی 
ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جسپریت بمراہ نے وراٹ کوہلی کے فارم کے تعلق سے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کچھ بیرونی تنقیدوں کے باوجود اسٹار بلے باز زبردست فارم میں ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یشسوی جیسوال کی بہترین ٹیسٹ اننگز کی بھی تعریف کی۔  میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بمراہ نے کہا کہ میں اس جیت سے بہت خوش ہوں۔ ہم پر پہلی اننگز میں دباؤ ڈالا گیا لیکن جس طرح سے ہم نے جواب دیا وہ شاندار تھا۔ میں نے یہاں۲۰۱۸ء میں کھیلاتھا جب پچ نرم تھی۔ اس بار پچ کم چیلنجنگ تھی لیکن ہم اچھی طرح تیار تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK