• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیسٹ کرکٹ میں خواتین ٹیم کا تاریخی کارنامہ

Updated: June 30, 2024, 12:05 PM IST | Agency | Chennai

ہندوستانی ٹیم نے خواتین کے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا ٹیم اسکور بنایا۔ ٹیم نے اپنی پہلی اننگز ۶؍وکٹ پر ۶۰۳؍رن بناکر ڈکلیئر کردی۔

A remarkable achievement by India`s women batsmen. Photo: INN
ہندوستان کی خواتین بلے بازوں کا قابل قدر کارنامہ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے خواتین کے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹیم اسکور بنایا، اس نے سنیچر کو یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف واحد ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی ۹؍ وکٹوں پر ۵۷۵؍ رن کی سابقہ ​​کارکردگی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ ریکارڈ بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگز ۶؍ وکٹوں پر۶۰۳؍ رن پر ڈکلیئر کردی۔ جنوبی افریقہ نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک سنیچر کو ۴؍وکٹ کے نقصان پر ۲۳۶؍رن بنالئے تھے۔ جنوبی افریقہ کی خواتین اب بھی ۳۶۷؍رن پیچھے ہے اور اس کی جدوجہد جاری ہے۔ 
 آسٹریلیا نے اس سال پرتھ میں یہ اسکور بنایا تھا لیکن ہندوستان نے ایک نیا ریکارڈ اس وقت بنایا جب رِچا گھوش (۸۶؍رن ) نے این ڈرکسن کے ۱۰۹؍ویں اوور کی ابتدائی گیند پر چوکا لگایا۔ اس کامیابی کا سہرا بڑی حد تک ہندوستانی اوپنرس شیفالی ورما (۲۰۵؍ رن) اور اسمرتی مندھانا (۱۴۹؍ رن) کے سر باندھا جاتا ہے جنہوں نے ۲۹۲؍ رن کی تاریخی شراکت کی، جو خواتین کرکٹ میں پہلے وکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے۔ 
 ٹیم انڈیا کی کپتان ہرمن پریت کور (۶۹؍ رن) اور رِچا نے جمائمہ روڈریگز (۵۵؍ رن) کے ساتھ نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے پہلے دن ۴؍ وکٹوں پر۵۲۵؍ رن بنائے تھے جو کہ ٹیسٹ میچ میں ایک دن میں سب سے زیادہ اسکور بھی تھا۔ اس سے سری لنکن مردوں کی ٹیم کا سابقہ ​​ریکارڈ ٹوٹ گیا جس نے۲۰۰۲ء میں کولمبو میں بنگلہ دیش کے خلاف ۹؍ وکٹ پر۵۰۹؍ رن بنائے تھے۔ 
 جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز کے ۸؍ویں اوور میں اپنی کپتان لورا والورٹ کا وکٹ گنوا دیا۔ کپتان نے آؤٹ سے قبل ۲۰؍ رن بنائے۔ اس کے بعد ٹیم کے مجموعی اسکور ۹۶؍رن پر اس کی دوسری اوپنر اینیک بوسچ آؤٹ ہوئیں ، پویلین لوٹنے سے پہلے بوسچ نے ۳۹؍ رن کا تعاون دیا۔ ۲؍وکٹ گرجانے کے بعد سیون لوس اور میریزین کیپ نے جم کر بلےبازی کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو ۱۸۹؍رن تک پہنچا دیا۔ اسکور پر سیون لوس نے اپنا وکٹ گنوا دیا اور وہ پویلین لوٹ گئیں۔ انہوں نے ۱۶۴؍ گیندوں پر ۶؍چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۶۵؍ رن بنائے۔ ڈیملی ٹکر چوتھے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئیں۔ وہ بغیر رن بنائے ہی پویلین کی طرف لوٹ گئیں۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک کیپ ۶۹؍ رن اور نادین ڈی کلرک ناٹ آؤٹ ۲۷؍رن بناکر کھیل رہی تھیں۔ ہندوستان کی جانب اسے اسنیہ رانا نے ۶۱؍رن پر ۳؍ وکٹ لئے۔ دپتی شرما نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ 
  یاد رہے کہ شیفالی ورما، جنہیں وریندر سہواگ کے نام سے جانا جاتا ہے، نے بھی ٹیم انڈیا کے سابق اوپنر سہواگ کی طرح ہی ڈبل سنچری بنائی۔ شیفالی نے۱۹۴؍ رن بنا کر۲۰۰؍ کا ہندسہ چھو لیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ۲۰۰۸ء میں جب سہواگ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ۳۱۹؍ رن بنائے تھے تو انہوں نے اسی گراؤنڈ پر ۱۹۴؍ گیندوں پر اپنی ڈبل سنچری بھی مکمل کی تھی۔ تاہم شیفالی اگلی ۳؍ گیندوں پر۵؍ رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئیں۔ 
  خیال رہے کہ ٹیسٹ سے قبل ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ۳؍ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی۔ ہندوستان نے افریقہ کو ۰۔ ۳؍ سے شکست دی تھی۔ اس سیریز میں کئی ریکارڈس بھی بنے تھے۔ اسمرتی مندھانا نے لگاتار ۲؍ میچوں میں سنچری اننگز کھیلی۔ اس کیساتھ ہی دوسرے ون ڈے میں پہلی بار۴؍ خواتین کھلاڑیوں نے ایک میچ میں سنچریاں بنائیں۔ 

ٹی ۲۰؍ سیریز ۵؍ جولائی سے شروع ہوگی 
جنوبی افریقہ کی ٹیم ہندوستان کے دورے پر ہے۔ اس میں ۳؍ ون ڈے، ایک ٹیسٹ اور ۳؍ ٹی ۲۰؍ میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے۔ دونوں کے درمیان پہلا ٹی ۲۰؍ میچ ۵؍ جولائی کو شام۷؍ بجے کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ۷؍ جولائی اور تیسرا۹؍ جولائی کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK