• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیم انڈیا ۱۷؍سال بعد ڈربن میں جنوبی افریقہ سے مقابلہ کیلئے تیار

Updated: November 08, 2024, 11:55 AM IST | New Delhi

سوریہ کمار کی قیادت میں ہندوستان کے نوجوان کھلاڑی میزبان ٹیم کیخلاف ٹی۔ ۲۰؍ سیریز میں شاندار کارکردگی کیلئے پُر عزم۔ آئی پی ایل ٹیموں کی نگاہیں بھی کھلاڑیوں پر ہوں گی۔

Under the captaincy of Suryakumar Yadav, the Indian youth team is on a tour of South Africa. Photo: INN.
سوریہ کمار یادوکی کپتانی میں ہندوستان کی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستانی کرکٹ ٹیم تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔ دوسرے درجے کے اسٹار کھلاڑی جیسے سنجو سیمسن، رمندیپ سنگھ، ریکو سنگھ اور ابھیشیک شرما جنوبی افریقہ کے خلاف جمعہ سے شروع ہونے والی ۴؍ میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍ سیریز میں چمکتے ہوئے قومی ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کے خواہاں ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقی ٹیم ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست کا بدلہ لینے کیلئے بے چین ہو گی۔ 
روہت شرماٹی۔ ۲۰؍فارمیٹ سے ریٹائر منٹ لے چکے ہیں اور ایسے میں سنجو سیمسن جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کچھ اچھی اننگز کھیل کر اس فارمیٹ میں ہندوستانی ٹاپ آرڈر میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔ 
جنوبی افریقہ کے دورے پر جمعہ سے شروع ہونے والی ۴؍ میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍ سیریز کے پہلے میچ میں سوریہ کمار یادو کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم جیت کے مقصد کے ساتھ ۱۷؍ سال بعد ڈربن کے کنگس میڈ میدان میں اترے گی۔ ہندوستان نے ۲۰۰۷ءمیں کنگس میڈ گراؤنڈ میں واحد ٹی۔ ۲۰؍ میچ کھیلا ہے۔ ۱۷؍سال پہلے کھیلے گئے اُس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ۳۷؍رنوں سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں روہت شرما نے نصف سنچری بنائی تھی اور آر پی سنگھ نے خطرناک گیندبازی کرتے ہوئے ۴؍ اوور میں صرف ۱۳؍ رن دے کر ۴؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 
سیریز کا پہلا میچ ڈربن کے کنگس میڈ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس گراؤنڈ کی پچ کا مزاج سمجھنا بڑا ہی مشکل رہا ہے۔ اس گراؤنڈ پر ۱۸؍ٹی۔ ۲۰؍انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ دیکھا گیا ہے کہ یہ ایک کم اسکورنگ گراؤنڈ رہا ہے، اس گراؤنڈ میں پہلی اننگز میں اوسط اسکور ۱۵۳؍ رن اور دوسری اننگز میں اوسط اسکور ۱۳۵؍رن پر آتا ہے۔ اس گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم ۹؍ بار اور دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم ۸؍ بار جیت چکی ہے۔ ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔  گزشتہ سال اسی گراؤنڈ پر آسٹریلیا نے ۱۹۱؍رنوں کا ہدف کامیابی سے حاصل کر کے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ اگر ہم ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو ہندوستانی ٹیم یہاں پچھلی ۵؍ ٹی-۲۰؍سیریز میں ایک بار بھی نہیں ہاری ہے۔ اس دوران ۳؍ سیریز ڈرا ہو چکی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک۹؍ دو طرفہ ٹی۔ ۲۰؍سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔ ان میں سے ہندوستان نے ۴؍ اور جنوبی افریقہ نے ۲؍جیتی ہیں۔ ہندوستان کو آخری بار ۹؍ سال قبل اکتوبر ۲۰۱۵ءمیں جنوبی افریقہ سے ٹی۔ ۲۰؍ سیریز میں شکست ہوئی تھی۔ 
ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان پہلا ٹی۔ ۲۰؍انٹرنیشنل میچ ۲۰۰۶ءمیں کھیلا گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ۲۷؍میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے جنوبی افریقہ نے ۱۱؍اور ہندوستانی ٹیم نے ۱۵؍میچ جیتے ہیں۔ ایک میچ بے نتیجہ بھی رہا ہے۔ ان میں سے جنوبی افریقہ کی سرزمین پر کھیلے گئے ۹؍ میچوں میں سے ہندوستانی ٹیم نے ۶؍ جیتے اور ۳؍ میں شکست کھائی۔ ہندوستانی تیز گیند بازی کی ذمہ داری ارش دیپ سنگھ کی قیادت میں آویز خان، وجے کمار ویشاکھ اور یش دیال جیسے کھلاڑیوں پر ہوگی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف اس سیریز میں کھیلنے والے کئی کھلاڑیوں کی نظریں آئی پی ایل کی بڑی نیلامی پر ہوں گی۔ اس ٹیم کے ۱۵؍میں سے ۱۱؍ کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کی مختلف فرنچائزز نے برقرار رکھا ہے لیکن ۴؍ کھلاڑی ایسے ہیں جنہیں برقرار نہیں رکھا گیا ہے اور آئندہ نیلامی میں ٹیمیں ان میں دلچسپی لے سکتی ہیں۔ 
ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے
سوریہ کمار یادو(کپتان)، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، رنکو سنگھ، تلک ورما، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، رمندیپ سنگھ، ورون چکرورتی، روی بشنوئی، عرشدیپ سنگھ، وجے کمار ویشاکھ، آویز خان اور یش دیال۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK