• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

چنئی کا قلعہ فتح کرنے کیلئے ٹیم انڈیا کو ۶؍وکٹ درکار

Updated: September 22, 2024, 11:39 AM IST | Agency | Chennai

ہندوستان نے بنگلہ دیش کو ٹیسٹ میں ۵۱۵؍رن کا ہدف دیا۔ شبھمن گل اور رشبھ پنت کی سنچری۔ مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں ۴؍وکٹ گنوائے۔

Rishabh Pant. Photo: INN
رشبھ پنت۔ تصویر : آئی این این

شبھمن گل (ناٹ آؤٹ ۱۱۹؍رن ) اور رشبھ پنت (۱۰۹؍رن ) کے درمیان ۱۶۷؍ رن کی شراکت کے بعد روی چندرن اشون (۶۳؍ رن پر ۳؍ وکٹ) کی اسپن کی بدولت ہندوستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ 
 چناسوامی اسٹیڈیم میں میچ کے تیسرے روز سنیچر کو ہندوستان نے لنچ کے بعد اپنی دوسری اننگز ۴؍ وکٹوں پر۲۸۷؍ رن بنانے کے بعد ڈکلیئر کر دی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لئے ۵۱۵؍ رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں بنگلہ دیش نے ۱۵۸؍ رن بنا لئے تھے۔ دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت نظم الحسین شانتو۵۱؍ رن اور شکیب الحسن ۵؍ رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔ بنگلہ دیش ابھی بھی ہدف سے۳۵۷؍ رن پیچھے ہے جبکہ ہندوستان کو جیت کیلئے اب ۶؍ وکٹ درکار ہیں۔ 
 ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں ۳۷۶؍ رن بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پہلی اننگز۱۴۹؍ رن پر سمٹ گئی تھی۔ پہلی اننگز میں ۲۲۷؍ رن کی برتری کے ساتھ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں ۲۸۷؍ رن بنا کر۵۱۴؍ رن کی برتری حاصل کرلی اور مہمان ٹیم کو جیت کیلئے ۵۱۵؍ رن کا مضبوط ہدف دیا۔ 
 سنیچر کے میچ کی خاص توجہ شبھمن اور رشبھ کی سنچریاں تھیں۔ لنچ کے بعد مہدی حسن میرازکو ریٹرن کیچ دینے سے قبل رشبھ نے اپنی سنچری اننگز میں ۱۲۸؍ گیندیں کھیل کر۱۳؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔ پنت ایسے وقت میں کریز پر آئے جب ہندوستان کے ۳؍ اہم وکٹ گر چکے تھے۔ ایسے موقع پر انہوں نے گل کے ساتھ مل کر اپنے مخصوص انداز میں بنگلہ دیشی حملہ کا منہ توڑ جواب دیا۔ یہ ان کے کریئر کی پانچویں سنچری تھی۔ 
 پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد کریز پر آنے والے کے ایل راہل ( ناٹ آؤٹ ۲۲؍ رن) کے ساتھ گل نے اپنے کریئر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ گل کی سنچری مکمل ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں ہلچل تیز ہوگئی جس کے بعد ہندوستانی اننگز ڈکلیئر ہونے کی قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ اپنی سنچری اننگز میں گل۲۴۳؍ منٹ تک کریز پر رہے اور۱۷۶؍ گیندیں کھیلیں اور اس دوران انہوں نے۱۰؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ذاکر حسن (۳۳؍رن ) اور شادمان اسلام (۳۵؍رن) نے محتاط اور تیز شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۶۲؍ رن جوڑے۔ چائے کے بعد ہندوستان کو پہلی کامیابی ذاکر کے وکٹ کی صورت میں ملی جب جسپریت بمراہ کی گیند کو پُل کرنے کی کوشش میں وہ گلی میں کھڑے یشسوی جیسوال کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ بعد ازاں روی چندرن اشون نے شادمان اسلام، مومن الحق (۱۳؍رن) اور مشفق الرحیم (۱۳؍رن ) کے وکٹ لے کر بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ 
  اس دوران بنگلہ دیشی کپتان نظم الحسین شانتو پچ کے درمیان جارحانہ انداز میں ڈٹے رہے۔ اب تک وہ اپنی نصف سنچری اننگز کے دوران چار چوکے اور تین چھکے لگا چکے ہیں۔ 

پنت نے فیلڈنگ لگائی 
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ کے دوران رشبھ پنت کا بولر کو صحیح جگہ فیلڈر لگانے کا  مشورہ دینے کا ویڈیو وائرل ہوگیاہے۔ چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ہندوستان  اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہیں جہاں ہندوستان نے مہمان ٹیم بنگلہ دیش کو جیت کیلئے۵۱۵؍ رن کا ہدف دیا ہے۔ ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ہندوستانی  مڈل آرڈر بیٹر رشبھ پنت کی بیٹنگ کے دوران ایک مزاحیہ واقعہ رونما ہوا، جب بیٹر کی جانب سے بولر کو صحیح جگہ فیلڈر تعینات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رشبھ پنت بیٹنگ کیلئے تیار تھے اور بولر فیلڈر تبدیل کررہا تھا کہ رن کو روکا جاسکے اور پریشر بڑھا کر وکٹ حاصل کیاجاسکے تاہم وکٹ کیپر بیٹر نے بولر کو مشورہ دیا کہ مڈ وکٹ پر فیلڈر لگاؤ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK