Inquilab Logo

لیسسٹرشائر کاؤنٹی کے میدان پر کھلاڑی مشق کرنے میں مصروف

Updated: June 22, 2022, 1:36 PM IST | Agency

کپتان روہت شرما اور شھبمن گل نے نیٹ پر بلے بازی کی۔ ہیڈ کوچ راہل دراوڑ بھی لیسسٹر شائر میں ٹیم سے وابستہ ہوئے اور نگرانی کی

Indian players are training.Picture:INN
ہندوستان کے کھلاڑی مشق کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

 کپتان روہت شرما اور اوپنر شبھمن  گل سمیت ہندوستانی کرکٹرس  نے یکم جولائی سے برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے قبل پیر کو نیٹ پریکٹس کی جبکہ منگل کو ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑبھی ٹیم سے وابستہ ہوئے۔ امکان ہے کہ روہت اور گل اس ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کیلئے اننگز کا آغاز کریں گے اور دونوں لیسسٹرشائر کاؤنٹی گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کے دوران اپنی صلاحیتوں کو نکھارتے نظر آئے۔ خیال رہے کہ روہت کو جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلوٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز میں آرام دیا گیا تھا۔ انہوں نے فرنٹ فٹ پر کچھ دفاعی کھیل دکھایا جبکہ شارٹ گیندوں پر پل شاٹ بھی کھیلا۔ گل کو بیٹنگ سیشن کے دوران اپنے کھیل کے مختلف پہلوؤں پر کام کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ ہندوستانی ٹیم یہاں ایک ہفتہ رہے گی اور ۲۴؍ جون  سے لیسسٹر شائر کے خلاف ۴؍ روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔ روہت اور کے ایل راہل نے گزشتہ سال انگلینڈ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کو۱۔۲؍کی برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جب فائنل میچ  کورونا کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ تاہم راہل کمر کی چوٹ کی وجہ سے اب  ہونے والے ۵؍ویں ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ وہ انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ ان کی غیر موجودگی میں گِل کے اننگز کا آغاز کرنے کا امکان ہے۔ روہت نے ۴؍ ٹیسٹ میچوں میں ایک سنچری اور۲؍نصف سنچریوں کی مدد سے۳۶۸؍ رن بنائے جبکہ راہل نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے ۳۱۵؍ رن بنائے تھے۔گل جنہوں نے آسٹریلیائی سرزمین پر۲۱۔۲۰۲۰ءمیں ہندوستان کی تاریخی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، برطانیہ کے دورے پر اپنی جگہ بنانے کیلئے کوشاں ہوں گے۔ اس میچ کے دوران روہت پہلی بار غیر ملکی سرزمین پر ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بین اسٹوکس کی زیرقیادت انگلینڈ کی ٹیم اچھے فارم میں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK