• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیم انڈیا ورلڈ کپ جیتے گی: ہرمن پریت

Updated: August 27, 2024, 9:09 PM IST | New Delhi

خواتین کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے لئے ہندوستان کے ۱۵؍ رکنی اسکواڈ کااعلان۔ ہرمن پریت کور کو کپتان بنایا گیا

Women Cricket Team. Photo:INN
ویمنزٹیم انڈیا۔ (تصویر:آئی آئی این)

 کپتان ہرمن پریت کور پر امید ہیں کہ ہندوستان اگلے آئی سی سی خواتین کے  ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے دوران اپنا پہلا عالمی خطاب جیت لے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز ان کی ٹیم کیلئے  سود مند ثابت ہوں گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش میں سیاسی عدم استحکام کے پیش نظر ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کو۳؍ سے ۲۰؍ اکتوبر تک یو اے ای منتقل کر دیا تھا۔
دوسری طرف انجری کے باعث بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں صحت یاب ہورہیں یاستیکا بھاٹیہ اور شرینکا پاٹل کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے خواتین کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے لئے۱۵؍ رکنی ہندوستانی اسکواڈ میں شمولیت اختیار کی  ہے۔
دونوں کھلاڑیوں کا ورلڈ کپ کھیلنا ان کی فٹنیس پر منحصر ہوگا۔ بھاٹیہ اپریل  میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی۲۰؍ کھیلنے کے بعد سے ہی ٹیم سے باہر ہیں۔ وہ فی الحال این سی اے میں صحت یاب ہو رہی ہیں۔ بھاٹیہ کو گھٹنے میں چوٹ لگی ہے۔ پاٹل ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں بائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگنے کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئی تھیں۔
 ۱۵؍ رکنی ہندوستانی ٹیم کے علاوہ اوما چھیتری، تنوجا کنور اور صائمہ ٹھاکرریزرو کھلاڑی کے طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جائیں گی۔ آسٹریلیا اے کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی راگھوی بشٹ اور پریا مشرا کو نان ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔
ہرمن پریت کور کی قیادت میں ورلڈ کپ کیلئے  منتخب۱۵؍ کھلاڑیوں میں سے۱۴؍ کھلاڑی ایشیا کپ کا حصہ رہی ہیں۔ ان میں صرف چھیتری ہی وہ کھلاڑی ہیں جنہیں ورلڈ کپ کی اہم ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ چھیتری  کی جگہ بھاٹیہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے۱۵؍ رکنی اسکواڈ میں یاستیکا بھاٹیہ کو دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ورلڈ کپ ۳؍ اکتوبر سے شروع ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ۴؍ اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔۶؍ اکتوبر کوہندوستانی ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد ۹؍اکتوبر کو سری لنکا اور۱۳؍ اکتوبر کو آسٹریلیا سے ٹکر ہوگی۔ اس ورلڈ کپ میں کل۱۰؍ ٹیمیں حصہ لینے جا رہی ہیں جنہیں ۵۔۵؍ کے دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم گروپ اے میں شامل ہے۔ گروپ اے میں ہندوستان کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا ہیں۔ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز۱۷؍ اور۱۸؍ اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ فائنل میچ۲۰؍ اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنل اور فائنل کیلئے  ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔
خواتین کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے: ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا (نائب کپتان)، شیفالی ورما، دپتی شرما،جیمائمہ روڈریگیز، رِچا گھوش (وکٹ کیپر)، یاستیکا بھاٹیہ (وکٹ کیپر)، پوجا وستراکر، اروندھتی ریڈی، رینوکا سنگھ، دیالن ہیملتا، آشا شوبھنا، رادھا یادو، شرینکا پاٹل اور سجنا سجیون۔ ٹریولنگ ریزرو: اوما چھیتری (وکٹ کیپر)، تنوجا کنور، صائمہ ٹھاکر۔نان ٹریولنگ ریزرو: راگھوی بشٹ، پریا مشرا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK