• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

نوجوانوں نے سینئر کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہونے نہیں دی

Updated: January 24, 2025, 11:56 AM IST | Vishal Shrestha | Mumbai

پہلے ٹی۔۲۰؍ میچ میں ہندوستان نےانگلینڈ کو ۷؍وکٹوں سے شکست دے دی،ابھیشیک شرما کی جارحانہ بلے بازی۔

Abhishek Sharma played an innings of 79 runs off 34 balls against England. Photo: PTI
ابھیشیک شرما نے انگلینڈ کیخلاف ۳۴؍گیندوں پر ۷۹؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ تصویر: پی ٹی آئی

نگلینڈ کے خلاف ٹی۔ ۲۰؍ سیریز کے پہلے میچ کو تیز گیندباز محمد سمیع کی واپسی کے میچ کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ محمد سمیع تو اس میچ میں نہیں کھیلے لیکن دیگر گیند بازوں نے ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔ گیندبازوں کی محنت کے بعد ابھیشیک شرما نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے بقیہ کام پورا کردیا۔ 
  ایڈن گارڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا شاندار آغاز کیا۔ اس شاندار فتح نے ثابت کر دیا کہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بغیر بھی ہندوستانی ٹی۔ ۲۰؍ ٹیم کی بلے بازی بہت مضبوط ہے۔ اس نے یہ بھی ظاہر کیا کہ جسپریت بمراہ اور محمد سمیع کے بغیر بھی ان کی بولنگ لائن کتنی بہتر ہوئی ہے۔ ٹیم کے نوجوان گیندبازوں نے انگلینڈ کی ٹی۔ ۲۰؍ماہر ٹیم کو ۱۳۲؍رنوں پر ڈھیر کردیا۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے ۱۳۳؍رنوں کا ہدف ۵ء۱۲؍ اوور میں ہی صرف ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ 
اس سے قبل گیندبازی کرتے ہوئے ورون چکرورتی نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل، ہاردک پانڈیا اور ارش دیپ سنگھ نے ۲۔ ۲؍ وکٹیں لے کر انگلینڈ کے بلے بازوں کو حیران کر دیا اور پھر نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما (۷۹) نے انگریز گیند بازوں کی جم کر دھنائی کی۔ یہ جیت یقینی طور پر ہندوستان کےگزشتہ آسٹریلیائی دورے کا درد کسی حد تک کم کرے گی۔ 
 ٹیم میں واپس، میچ میں غائب
 ۱۴؍ماہ بعد ہندوستانی ٹیم میں واپسی کرنے والےتیز گیندباز محمد سمیع کو پہلے ٹی۔ ۲۰؍ میچ کی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا جس نے سب کو حیران کردیا۔ ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹاس جیتنے اور اوس کو ذہن میں رکھتے ہوئے پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد یہ معلومات دی۔ سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے اس کے فوراً بعد ایکس پر دعویٰ کیا کہ محمد سمیع میچ کے لئے۱۰۰؍ فیصد فٹ نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ سمیع کو پریکٹس سیشن کے دوران کافی بولنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا حالانکہ ان کے بائیں گھٹنے پر پٹی بھی دیکھی گئی تھی۔ محمد سمیع کے مداح انہیں پہلے ٹی۔ ۲۰؍ میچ میں نہ کھیلتے دیکھ کر بہت مایوس ہوئے۔ 
ٹیم نے کیا نئے شرما جی کا استقبال؟
روہت شرما کے ٹی۔ ۲۰؍ کرکٹ چھوڑنے کے بعد ابھیشیک شرما نے اپنا جادو دکھانا شروع کر دیا ہے۔ ایڈن میں دھماکہ خیز بلے بازی کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وہ ٹی۔ ۲۰؍ میں لمبی دوڑ کے گھوڑے ہیں۔ ابھیشیک نے صرف ۲۰؍گیندوں میں ۵۰؍رن مکمل کئے اور ۳۴؍ گیندوں میں ۷۹؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں ۵؍ چوکے اور ۸؍ چھکے شامل تھے۔ 
نئی جوڑی تیار ہو رہی ہے
ہندوستانی ٹی۔ ۲۰؍ٹیم میں سنجو سیمسن اور ابھیشیک شرما کی شکل میں ایک نئی اوپننگ جوڑی بھی ابھر رہی ہے۔ ان دونوں کو بے فکر کھیلتے دیکھنے کی ایک وجہ انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا چھوٹا ہدف ضرور تھا لیکن اس سے بھی بڑی وجہ ٹیم کے نائب کپتان اکشر پٹیل کا بیان ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ 
جوس بٹلر کی جارحانہ بلے بازی
انگلش بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باوجود ان کے کپتان جوس بٹلر کی تعریف کرنی پڑےگی جنہوں نے وکٹوں کے گرنےکے درمیان ۶۸؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ۸؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔ اگر بٹلر کریز پر نہ ٹھہرتے تو انگلینڈ کی ٹیم کا اسکور ۱۰۰؍سے بھی تجاوز نہ کر پاتا۔ یہ وہی بٹلر ہیں جنہوں نے آئی پی ایل کے آخری سیزن میں راجستھان رائلز کے لئے کھیلتے ہوئے اسی گراؤنڈ پر ۶۰؍گیندوں پر ۱۰۷؍ رنوں کی جارحانہ اننگز کھیل کر کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے ہاتھ سے میچ چھین لیا تھا۔ دریں اثنا ہندوستان کی مضبوط گیند بازی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انگلینڈ کے ۷؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی اپنا اسکور نہیں پہنچا سکے۔ ۲؍بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ تاہم ان میں سے ایک رن آؤٹ ہو گیا تھا۔ 
ایڈن پر ۱۴؍سال بعد ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹکر
۱۴؍سال کے طویل وقفے کے بعد ایڈن گارڈنس میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی۔ ۲۰؍ میچ کھیلا گیا۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان یہاں پچھلا میچ ۲۹؍اکتوبر۲۰۱۱ء کو کھیلا گیا تھا جو انگلینڈ نے۶؍ وکٹوں سے جیتا تھا۔ غور طلب ہے کہ اس گراؤنڈ پر کھیلا جانے والا یہ پہلا بین الاقوامی ٹی۔ ۲۰؍میچ بھی تھا۔ اس میچ میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن `پلیئر آف دی میچ رہے تھے۔ انہوں نے ۵۳؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK