• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

روہت اور وراٹ کے بغیر ٹیم انڈیا کا آج پہلا مقابلہ

Updated: July 06, 2024, 12:58 PM IST | Agency | Harare

آج سے ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی ۲۰؍ سیریز کا آغاز۔ نوجوان ٹیم انڈیا شبھمن گل کی کپتانی میں کھیلنے کے لئے تیار۔

Captain Shaman Gill and coach VVS Laxman. Photo: INN
کپتان شھمن گل اور کوچ وی وی ایس لکشمن۔ تصویر : آئی این این

روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بغیر نوجوان بریگیڈ زمبابوے کے خلاف سنیچر سے شروع ہونے والی ۵؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز میں اترے گی تو یہ اس فارمیٹ میں ہندوستانی کرکٹ کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہوگا۔ ہندوستان میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی جیت کی جاری تقریبات کے درمیان، شبھمن گل کی قیادت میں یہ نوجوان آئی پی ایل اسٹار سے بھری ٹیم، اپنی جیت کا سلسلہ شروع کرنا چاہے گی۔ آئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد کے لئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب کے ابھیشیک شرما اور راجستھان رائلز کے لئے کھیلنے والے آسام کے ریان پراگ اس سیریز میں کرکٹ میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے ہیں۔ 
 پچھلے کچھ برسوں میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں کئی دو طرفہ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ اب ان دونوں کے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔ اس کی تلافی مشکل ہے لیکن تبدیلی دنیا کا دستور ہے۔ زمبابوے مضبوط ٹیم نہیں ہے اس کے باوجود ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں دونوں ٹیموں میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کی جانب سے کھیلنے والے سکندر رضا ہندوستان کے لئے سخت آزمائش ثابت ہو سکتے ہیں۔ شیوم دوبے، سنجو سیمسن اور یشسوی جیسوال صرف تیسرے میچ سے دستیاب ہوں گے۔ اس کے باوجود ہندوستان کے نوجوان اسکواڈ بہت مضبوط ہے اور وہ زمبابوے کے خلاف اچھا کھیلتے ہوئے سیریز جیتنا چاہے گا۔ 
 ہندوستان کے مستقبل کے ٹی ۲۰؍ کپتان ہاردک پانڈیا، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ اور کلدیپ یادو بھی مستقبل میں اس فارمیٹ میں واپس آئیں گے، اس لئے پلیئنگ الیون میں زیادہ جگہ خالی نہیں ہے۔ اب سے ۲۰۲۶ءکے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ تک، ہندوستانی ٹیم اس فارمیٹ میں ۳۴؍ میچ کھیلے گی۔ کپتان گل اننگز کا آغاز کریں گے اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ ان کے قریبی دوست ابھیشیک شرما کوآغازکرنے کا موقع ملتا ہے یا چنئی سپر کنگز کے کپتان رتوراج گائیکواڑ کھیلتے ہیں۔ اگر ابھیشیک اننگز کا آغاز کرتے ہیں تو گائیکواڑ تیسرے نمبر پر آ سکتے ہیں۔ 
 پراگ چوتھے نمبر پر بلے بازی کر سکتے ہیں، اس لئے ان کے انتخاب کے امکانات زیادہ ہیں۔ ٹی ۲۰؍ کرکٹ کے جارحانہ فنشر رنکو سنگھ کو پانچویں نمبر پر موقع دیا جا سکتا ہے جبکہ جیتیش شرما یا دھرو جوریل کو چھٹے نمبر پر رکھا جا سکتا ہے۔ بولنگ میں اویس خان اور خلیل احمد کا کھیلنا یقینی ہے جبکہ ڈیتھ اوورس کے خطرناک گیندباز مکیش کمار تیسرے فاسٹ بولر ہوں گے۔ شیوم دوبے کے آنے تک، آل راؤنڈرواشنگٹن سندر کو موقع مل سکتا ہے۔ 
  ہندوستان کی ٹیم (پہلے ۲؍ میچوں کے لئے): شبھمن گل (کپتان)، رتوراج گائیکواڑ، ابھیشیک شرما، رنکو سنگھ، دھرو جوریل، ریان پراگ، واشنگٹن سندر، روی بشنوئی، اویس خان، خلیل احمد، مکیش کمار، تشار دیشپانڈے، سائی سدرشن، جیتیش شرما اور ہرشیت رانا۔ زمبابوے کی ٹیم : سکندر رضا (کپتان)، فراز اکرم، برائن بینیٹ، جوناتھن کیمبل، ٹنڈائی چتارا، لیوک جونگوے، انوسنٹ کییا، کلائیو ایم، ویزلی میڈویر، ٹی مارومانی، ویلنگٹن مساکازا، برینڈن ماوتھا، بلیسنگ مزاربانی، ڈیون ناقویئر، اینٹ مائیرس رچرڈ انگاراوا اور ملٹن شمبا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK