• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیم انڈیا کی ٹیسٹ سیریز کی تیاری زوروں پر

Updated: September 16, 2024, 11:41 AM IST | Chennai

کپتان روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے نیٹ پر پسینہ بہایا۔ گیندبازوں نے کوچ اور کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں جم کر مشق کی ۔

Virat Kohli explaining to fellow player. Photo: INN.
وراٹ کوہلی، ساتھی کھلاڑی کو سمجھا رہے ہیں ۔ تصویر:آئی این این۔

ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کے خلاف۱۹؍ستمبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کیلئے پریکٹس سیشن کا آغاز کیا۔ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا مقصد اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں سیریز جیتنا ہے تاہم پریکٹس سیشن میں روی چندرن اشون، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو، فاسٹ بولر جسپریت بمراہ، کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے پسینہ بہایا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آلی ) کے آفیشل ایکس ہینڈل نے پریکٹس سیشن کی فوٹیج شیئر کی اور ٹویٹ کیا’’چنئی میں تیاری زوروں پر ہے۔ ‘‘
روہت ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے۔ تیز گیند باز آکاش دیپ اور یش دیال کو پہلی بار اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جب کہ رشبھ پنت دسمبر۲۰۲۲ء میں اپنے خوفناک حادثے کے بعد پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آئے ہیں۔ وراٹ کوہلی اس سال جنوری میں ہندوستان کے دورۂ جنوبی افریقہ کے بعد پہلی بار ٹیسٹ فارمیٹ میں واپس آئیں گے۔ وہ اپنے بیٹے آکے کی پیدائش کیلئے انگلینڈ کیخلاف ہندوستان کی ہوم ٹیسٹ سیریز سے محروم رہے۔ لنکا کے دورے پر کوہلی کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ وہ اپنا فارم دوبارہ حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ 
ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی ناقابل شکست مہم کے دوران وراٹ کوہلی نے۸؍ میچوں میں ۱۸ء۸۷؍کے اوسط سے۱۵۱؍ رن بنائے۔ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں وہ ۳؍ میچوں میں صرف۵۸؍ رن ہی بنا سکے۔ کے ایل راہل کی بھی چوٹ کی وجہ سے انگلینڈ کی زیادہ تر سیریز سے باہر رہنے کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ بمراہ بھی ٹیم میں واپس آئے۔ 
اشون، جڈیجا، اکشر اور کلدیپ کا اسپن کوارٹیٹ بلے اور گیند دونوں سے اپنا حصہ ڈالے گا۔ بمراہ، محمد سراج اور یش دیال ہندوستان کا تیز حملہ بناتے ہیں۔ آکاش دیپ کو دلیپ ٹرافی میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹیم میں جگہ ملی جب کہ یش دیال کو بھی پہلی بار ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK