• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیسٹ سیریز:بنگلہ دیش نے پاکستان کا مکمل صفایا کردیا

Updated: September 04, 2024, 11:36 AM IST | Agency | Rawalpindi

مہمان ٹیم بنگلہ دیش نے دومیچوں کی سیریز پر ۰۔۲؍سے قبضہ کرلیا۔ دوسرے میچ میں نجم الحسن شانتو کی ٹیم نے ۶؍وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

Bangladesh successful team. Photo: INN
بنگلہ دیش کامیاب ٹیم۔ تصویر : آئی این این

حسن محمود اور ناہید رانا کی عمدہ گیند بازی اور پھر ذاکر حسن (۴۰؍رن)، نجم الحسن شانتو (۳۸؍رن) اور مومن الحق (۳۴؍ رن) کی جدوجہد سے پر اننگز کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے منگل کو پاکستان کو ۶؍ وکٹ سے شکست دیکر ۲؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز ۰۔ ۲؍ سے جیت لی۔ 
 منگل کودوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں پیر کے اسکور ۴۲؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ابھی ٹیم کا اسکور ۷۰؍ رن تک پہنچا تھا کہ میر حمزہ نے ذاکر حسن (۴۰؍رن) کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد شادمان اسلام (۲۴؍رن) خرم شہزاد کا شکار بنے۔ مومن الحق کے ساتھ مل کر کپتان نجم الحسن شانتونے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان۵۷؍ رن کی شراکت ہوئی۔ آغا سلمان نے نجم الحسن شانتو (۳۸؍ رن ) کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اس کے باوجود بنگلہ دیش کے بلے بازوں نے صبر کا مظاہرہ کیا۔ مومن الحق ۳۴؍ رن بناکرآؤٹ ہوئے۔ مشفق الرحیم ۲۲؍رن اور شکیب الحسن ۱۷؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش نے۵۶؍ اوورس میں ۱۸۵؍ رن بنائے اور میچ ۶؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ 
  پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پیر کو حسن محمود (۵؍ وکٹ) اور ناہید رانا (۴؍ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی کے دم پر بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسری اننگز میں ۱۷۲؍ رن پر آل آؤٹ کردیا اور اسے ۱۸۴؍ رن کا ہدف ملا۔ بارش شروع ہونے سے پہلے بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۴۲؍ رن بنا لئے تھے۔ 
 پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں صائم ایوب ۲۰، شان مسعود۲۸، بابر اعظم ۱۱، سعود شکیل ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت ۸۱؍رن کے اسکور پر پاکستان کے ۶؍ وکٹ گر چکے تھے۔ ایسے وقت میں محمد رضوان ۴۳؍ رن اور آغا سلمان ناٹ آؤٹ ۴۷؍رن نے دوبارہ اننگز کو سنبھالا۔ حسن محمود نے ۳۷؍ویں اوور میں محمد رضوان کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑدیا۔ اس کے بعد کے ۴؍ بلے باز تو چل میں آیا کی طرز پرایک ایک کر کے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی دوسری اننگز۴۶ء۴؍ اوورس میں ۱۷۲؍ رن پر سمٹ گئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے ۵؍ اور ناہید رانا نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ تسکین احمد نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ بارش کے باعث جب میچ روکا گیا تو بنگلہ دیش نے ۷؍اوورس میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے۴۲؍رن بنا لئے تھے اور اسے جیت کیلئے ابھی ۱۴۸؍رن درکار تھے۔ 
  اتوار کو لٹن کمار داس (۱۳۸؍رن) سنچری اور مہدی حسن (۷۸؍رن) کی نصف سنچری اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے اتوار کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز کی بنیاد پر۱۲؍ رن سے پیچھے رہنے کے بعد حسن محمود کی شاندارگیندبازی کے دم پر پاکستان پر دباؤ ڈالاتھا۔  
 ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی گیندباز خرم شہزاد کی خطرناک گیندبازی (۹۰؍رن پر ۶؍ وکٹ) کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم کے ۷؍ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ محض ۴؍ کھلاڑی ڈبل فیگر تک پہنچے جس میں سنچری بنانے والے کے علاوہ مہدی حسن نے ۷۸؍رن اورحسن محمود ناٹ آؤٹ ۱۳؍رن اور شادمان اسلام۱۰؍ رن شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کو۱۱؍ اضافی رن ملے ہیں۔ بنگلہ دیش کی اننگز ۷۸ء۴؍اوورس میں ۱۶۲؍رن کے اسکور پر سمٹ گئی۔ پاکستان کو پہلی اننگز کی بنیاد پر۱۲؍ رن کی برتری حاصل ہوئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK