• Wed, 23 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راسخ سلام کی بدولت ہندوستان اے نے امارات کو روند دیا

Updated: October 23, 2024, 1:23 PM IST | Agency | Emirates

ایمرجنگ کپ کے میچ میں ہندوستان نے امارات کو ۷؍وکٹ سے شکست دےدی۔ مین آف دی میچ راسخ سلام نے ۳؍وکٹ لئے۔

Rasikh Salam. Photo: INN
راسخ سلام۔ تصویر : آئی این این

راسخ سلام (۳؍ وکٹ) اور رمندیپ سنگھ (۲؍ وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کے بعد ابھیشیک شرما (۵۸؍رن) کی طوفانی بلے بازی کے دم پر انڈیا اے نے پیر کو ایمرجنگ کپ کے آٹھویں میچ میں متحدہ عرب امارات کو۵۸؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۷؍وکٹ سے شکست دے دی۔
 ۱۰۷؍رن  کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری انڈیا اے ٹیم کی شروعات خراب رہی اور اس نے  پربھسمرن سنگھ (۸؍رن) کا وکٹ پہلے ہی گنوا دیا۔ اس کے بعد کپتان تلک ورما اور ابھیشیک شرما نے اننگز کو  سنبھالا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے تیزی سے رن بنائے۔ آٹھویں اوور میں وشنو سوکمارن نے تلک ورما کو آؤٹ کر کے انڈیا اے کو دوسرا جھٹکا دیا۔ تلک ورما نے۱۸؍ گیندوں پر ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۲۱؍ رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں محمد فاروق نے ابھیشیک شرما کو اپنا شکار بنایا۔ تاہم تب تک ٹیم فتح کی دہلیز پر پہنچ چکی تھی۔ ابھیشیک شرما نے۲۴؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگا کر ۵۸؍ رن بنائے۔ آیوش بدونی  ۱۲؍رن  اور نہال ودھیرا ۶؍رن  بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ انڈیا اے نے۱۰ء۵؍اوور میں ۳؍ وکٹ پر۱۱۱؍ رن بنانے کے بعد ۷؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔یواے ای کی جانب سے شفیع رحمان، محمد فاروق اور وشنو   نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
 اس سے قبل یواے ای نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے دوران یو اے ای کی ٹیم انڈیا اے ٹیم کے گیند بازوں کے آگے زیادہ نہیں ٹھہر سکی اور پوری ٹیم۱۶ء۵؍ اوور میں۱۰۷؍رن  کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ راہل چوپڑا نے متحدہ عرب امارات کیلئے سب سے زیادہ ۵۰؍رن کی اننگز کھیلی۔ کپتان باسل حمید نے۲۲؍ اور مینک کمار نے۱۰؍ رن بنائے۔ ۸؍ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK