آج سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کیخلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں جیسوال اور راہل اننگز کا آغاز کریںگے جبکہ کپتان روہت شرما مڈل آرڈر میں بلے بازی کریںگے،گھریلو میدان پرمیزبان ٹیم کا پلڑا بھاری۔
EPAPER
Updated: December 06, 2024, 3:07 PM IST | Abhishek Tripathi | Adelaide
آج سے شروع ہونے والے آسٹریلیا کیخلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں جیسوال اور راہل اننگز کا آغاز کریںگے جبکہ کپتان روہت شرما مڈل آرڈر میں بلے بازی کریںگے،گھریلو میدان پرمیزبان ٹیم کا پلڑا بھاری۔
جس میدان اور ٹیم سے ٹیم انڈیا کا ’ ۳۶؍کا آنکڑا ‘ہو، جمعہ سے اسی میدان پر اور اسی آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف روہت کی ٹیم دو دو ہاتھ کرنے کیلئے آمنے سامنے ہوگی۔ وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم گزشتہ دورے میں ایڈیلیڈ اوول اسٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ میچ میں دوسری اننگز میں محض۳۶؍ رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ یہ کسی بھی ٹیسٹ اننگز میں ہندوستانی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ پرتھ ٹیسٹ میں ریکارڈ۲۹۵؍رنوں سے جیت کر یہاں پہنچنے والی ہندوستانی ٹیم ۲۰۲۱ءکی خراب کارکردگی کو بھول کر یہاں گلابی گیند کے میچ میں جیت درج کرنا چاہے گی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہندوستانی ٹیم ۵؍ میچوں کی بارڈر۔گاوسکر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلے گی اور آسٹریلیا میں مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز جیتنے کے راستے پر ہوگی۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے اپنی ہی سرزمین پر پچھلی ۲؍ ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔
روہت شرما مڈل آرڈر میں بلے بازی کریں گے
گزشتہ ۱۰؍اننگز میں۶،۵،۲۳،۸،۲،۵۲،صفر،۸،۱۸ اور ۱۱؍ کا اسکور کرنے والے کپتان روہت شرمانے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہہ دیا ہے کہ پرتھ ٹیسٹ میں پہلی وکٹ کے لئے۲۰۱؍ رنوں کی شراکت داری کرنے والےیشسوی جیسوال اور کے ایل راہل ہی دوسرے ٹیسٹ میچ میںاوپننگ کریں گے اور وہ خود مڈل آرڈر میں بلے بازی کیلئے میدان میں اتریں گے۔ واضح رہے کہ پہلے ہی قیاس آرائی کی گئی تھی کہ روہت شرما، جو دوسری بار باپ بننے کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے، یہاں مڈل آرڈر میں بلے بازی کریںگے۔۱۹۔۲۰۱۸ء کے آسٹریلیا کے دورے کے تیسرے میچ میں روہت ۶۳؍رن بنانے کے بعد ناقابل شکست واپس لوٹے تھے۔ یہ آسٹریلیا میں اب بھی ان کا بہترین اسکور ہے۔ یہ آخری موقع تھا جب روہت شرما ٹیسٹ میں مڈل آرڈر میں کھیلے تھے۔
چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیم میںواپس آنے والے شبھمن گل تیسرے نمبر پر اور وراٹ کوہلی چوتھے نمبر پر ہوں گے۔ روہت اور پنت بائیں اور دائیں امتزاج کے مطابق ۵؍ اور ۶؍ نمبر پر ہوں گے۔ گزشتہ ٹیسٹ میں کھیلنے والے دھرو چند جریل اور دیو دت پڈیکل کو ٹیم سے باہر ہونا پڑےگا۔
ٹیم انڈیا کو سخت چیلنج ملے گا
ڈے نائٹ ٹیسٹ ہندوستانی بلے بازوں کے لئے ایک مختلف قسم کا چیلنج پیش کرے گا۔ گلابی گیند گیند بازوں کو اضافی سوئنگ دیتی ہے۔ ہندوستانی بلے بازوں کے لئے اس پر قابو پانا آسان نہیں ہوگا۔ آسٹریلیا نے اپنی سرزمین پر اب تک جو ۱۲؍ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلے ہیں ان میں سے اسے صرف ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یشسوی، وراٹ اور راہل نے گزشتہ میچ میں اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔ جیسوال اور واٹ نے سنچریاں بنائی تھیں۔ ان تینوں کو پریکٹس سیشن کے دوران گلابی گیند کے خلاف بھی اچھے فارم میں دیکھا گیا جو ٹیم کیلئے اچھی خبر ہے۔
گیندبازی میں تبدیلی
ایڈیلیڈ کی پچ بھی اسپنروں کی مدد کرتی ہے۔ ایسے میں اگر ٹیم ۲؍ اسپنروں کو کھلانےکا فیصلہ کرتی ہے تو اشون اور واشنگٹن سندر ساتھ کھیل سکتے ہیں۔ اشون نے ۲؍ دن تک بلے بازی کی مشق کی اور کوچ گمبھیر کے ساتھ طویل بات چیت کی۔ اگر ٹیم کسی ایک اسپنر کو میدان میں اتارتی ہے تو سندر یا اشون میں سے کسی کو موقع ملے گا۔ ٹیم انتظامیہ کو اس میچ میں ہرشت رانا کی جگہ آکاش دیپ کو لینا چاہیے۔ ان کی کارکردگی گلابی گیند کے ساتھ اچھی تھی۔
آسٹریلیا کی بیٹنگ بہت خراب ہے
آسٹریلیا کےٹاپ آرڈر کا برا حال ہے۔ موجودہ ۱۱؍ میں صرف الیکس کیری ہی اس سال ٹیسٹ میں ۳۰؍ سے زیادہ کے اوسط سے رن بنا رہے ہیں۔ زخمی کیمرون گرین ویلنگٹن میں ۵۰ء۳۳؍کے اوسط سے ۳۰۲؍رنوں کی کریئر کی بہترین ۱۷۴؍ناٹ آؤٹ اننگز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اس سال صرف ۲؍ آسٹریلیائی بلے باز سنچریاں بنانے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ ایک سنچری کیمرون گرین نے نیوزی لینڈکے خلاف اور دوسری ٹریوس ہیڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایڈیلیڈ میں بنائی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ یہ ٹیم گھر پر ۴۰۰؍کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر پائی ہے۔ اگر اسے سیریز برابر کرنی ہے تو اسٹیو اسمتھ، عثمان خواجہ اور مارنس لبوشین کو اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس کے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ انجری کی وجہ سے باہر ہیں۔ ان کی جگہ اسکاٹ بولانڈ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو تقریباً ۱۸؍ ماہ بعد اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ وہ آف اسٹمپ کے باہر مسلسل گیند بازی کرنے میں ماہر ہیں۔ وہ ہندوستانی بلے بازوں کو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ آسٹریلوی اسپنر ناتھن لیون کو یہاں دیکھنا پڑے گا کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ یہ پچ ان کے لئے بنائی گئی ہے۔
پچ رپورٹ اور موسم کا حال
خبروں کے مطابق پچ پر ۶؍ ملی میٹر گھاس رہ گئی ہے جس کی وجہ سے یہ گیند جلد پرانی نہیں ہوتی۔ ابتدائی دن تیز گیند بازوں کو مدد ملے گی کیونکہ جمعہ کو آسمان ابر آلود رہے گا لیکن جیسے جیسے کھیل آگے بڑھے گا، گلابی گیند کے ساتھ اسپن بھی دیکھنے کو ملےگی ۔ ایڈیلیڈ میں فلڈ لائٹس میں بیٹنگ کرنا مشکل ہے۔ گھاس کی موجودگی کی وجہ سے گیند باز زیادہ سے زیادہ رفتار اور اچھال حاصل کر سکیں گے۔