• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چنئی ایکسپریس نے رائل چیلنجرز کو روند دیا

Updated: October 26, 2020, 10:23 AM IST | Agency | Dubai

چنئی سپرکنگز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو ۸؍وکٹ سے شکست دی۔ کیرن نے ۳؍وکٹ لئے۔ رتوراج نے نصف سنچری بنائی

Chennai Super Kings. Picture :INN
چنئی سپرکنگز۔ تصویر:آئی این این

 پلے آف ریس سے تقریباً باہر ہونے کے بعد اتوارکو چنئی سپرکنگز نے سام کیرن (۱۹؍ رن پر۳؍ وکٹ)اور رتوراج گائیکواڈ (ناٹ آؤٹ۶۵؍رن)کی عمدہ کارکردگی کی بدولت  رائل چیلنجرز بنگلور کو  میچ میں ۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔چنئی کیلئے اب بھی پلے آف کی امیدیں برقرار ہیں۔  بنگلور کو۲۰؍ اوورس میں ۶؍وکٹوں پر۱۴۵؍ رن پر روکنے کے بعد چنئی نے۱۸ء۴؍ اوور میں ۲؍وکٹ پر۱۵۰؍رن بنا کر آسان کامیابی حاصل کرلی۔ گائیکواڈنے ایک چھکا مار کر میچ ختم کیا۔ گائیکواڈنے۵۱؍گیندوں پر ۴؍چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے میچ جیتنے والی ناٹ آؤٹ  ۶۵؍ رن کی اننگز کھیلی۔یہ ۱۲؍ میچوں میں چنئی کی چوتھی جیت ہے اور اس کے ۸؍پوائنٹس ہیں۔ دوسری طرف یہ۱۱؍ میچوں میں بنگلور کی چوتھی شکست ہے اور۱۴؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ بنگلور کی اس شکست کے بعد پلے آف کا انتظار بڑھ گیا ہے۔اس جیت کے بعد چنئی کو دعا کرنا ہوگی کہ پیرکو کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو شکست کا سامنا کرنا پڑے تاکہ انہیں۱۲؍ پوائنٹس سے کچھ امید ہوسکے۔ اگر کولکاتا نے پنجاب کو شکست دی تو وہ ۱۴؍پوائنٹس پر آجائے گی اور چنئی باہر ہوجائے گی  تاہم بہت کچھ انحصار آئندہ میچوں پر اور پلے آف کی ظاہری شکل پر ہوگا۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اس سے قبل ٹورنامنٹ میں وراٹ کوہلی سے شکست کا حساب بیباق کرلیا ہے۔ چنئی نے بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چنئی نے بنگلور کو چھوٹے اسکور پر روکنے کے بعد۴۶؍ رن کی ٹھوس شروعات کی۔ فاف ڈو پلیسس نے ۲؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے صرف۱۳؍ گیندوں پر۲۵؍رن بنائے۔ڈو پلیسس کو کرس مورس نے آؤٹ کیا۔ گائیکواڈ نے دوسرے وکٹ کیلئے۵۴؍ رن کا اضافہ کیا اور امباتی رائیڈو نے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔ رائیڈو کو لیگ اسپنر یزویندر چہل نے بولڈ کیا۔ رائیڈو نے۲۷؍گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ۲؍چھکوں کی مدد سے ۲۷؍رن  بنائے۔ کپتان دھونی نے میدان میں آکر پرانے ہاتھ دکھائے اور۲۱؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۹؍رن بنائے۔ گائیکواڈ نے۵۱؍ گیندوں پر ۴؍چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے ۶۵؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔اس سے قبل پلے آف ریس سے تقریباً باہر ہوچکی  چنئی سپر کنگزنے اتوار کو آئی پی ایل میچ میں بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور کو۱۰؍ اوورس میں۶؍ وکٹ پر۱۴۵؍ رن پر روک دیا تھا ۔بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ وراٹ نے سیزن کی اپنی تیسری نصف سنچری اسکور کی اور ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۳؍ گیندوں میں۵۰؍ رن بنائے اور وہ۱۹؍ ویں اوور کی آخری گیند پر۵؍ویںبلے بازکی شکل میں آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کا قیمتی وکٹ کیرن نے لیا۔وراٹ اور اے بی ڈی ویلیئرس نے تیسرے وکٹ کے لئے۸۲؍ رن کی شراکت کی۔ ڈی ویلیئرس نے ۳۶؍ گیندوں پر۳۹؍ رن میں ۴؍ چوکے لگائے۔ اوپنر دیودت پڈیکل نے۲۱؍گیندوں پر۲۲؍ رن میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ایرون فنچ نے ۱۱؍ گیندوں میں ۳؍ چوکوں کی مدد سے۱۵؍رن  بنائے۔معین علی اور کرس مورس ۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گرکیریت سنگھ مان اور واشنگٹن سندر ۵؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔کیرن نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ۳؍ اوورس میں۱۹؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ  لئے۔ کیرن نے فنچ، وراٹ اور معین کو آؤٹ کیا۔ دیپک چاہر نے ۳۱؍رن  دے کر۲؍ وکٹ لئے۔ انہوں نے ڈی ویلیئرس  اور کرس مورس کو پویلین بھیجا۔ مشیل سینٹنر نے دیو دت پڈیکل  کاوکٹ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK