Inquilab Logo

دلچسپ میچ میں جائنٹس نے کیپٹلس کو شکست دی

Updated: March 18, 2023, 10:59 AM IST | Mumbai

خواتین پریمیر لیگ میں گجرات کی ٹیم ۱۱؍ رن سے فاتح ۔گارڈنر کی آل راؤنڈکارکردگی

photo;INN
تصویر :آئی این این

لورا وولورڈ (۵۷؍رن) اور ایشلے گارڈنر (۵۰؍ رن، ۲؍ وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت گجرات جائنٹس نے ویمنز پر یمیر  لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے ایک سنسنی خیز میچ میں دہلی کیپٹلس کو۱۱؍ رن سے شکست  دے کر ایک یادگار کامیابی حاصل کرتےہوئے پلے آف تک پہنچنے کی اپنی امیدوں کو زندہ رکھا۔
 وولورڈ اور گارڈنر کی نصف سنچریوں کی بدولت دی جائنٹس نے کیپٹلس کو۱۴۸؍رن کا ہدف دیا۔ ۱۰۰؍رن پر ۸؍وکٹ گنوانے کے بعد کیپٹلس اروندھتی ریڈی (۲۵؍رن) کی مدد سے فتح تک پہنچنے ہی والی تھی جب جائنٹس نے ۲؍رن کے فاصلے پر آخری ۲؍ وکٹ لے کرکامیابی حاصل کرلی۔ جائنٹس کی اس اہم فتح میں اوپننگ بلے باز وولورڈ نے۴۵؍ گیندوں پر ۶؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۷؍ رن بنائے۔ گارڈنر نے وولورڈ کا خوب ساتھ دیا اور ۳۳؍گیندوں پر ۹؍چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ۵۱؍ رن بنائے۔
 کیپٹلس کی جانب سے ماریزان کاپ نے ۲۹؍ گیندوں پر۴؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ۳۶؍ رن بنائے۔ اروندھتی نے۱۷؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے قیمتی۲۵؍ رن بنائے لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر نہ پہنچا سکیں۔ اس جیت کے ساتھ جائنٹس ڈبلیو پی ایل ٹیبل میں ۴؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبرپر آگئیں جبکہ کیپٹلس ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ٹاس جیت کر بولنگ کرتے ہوئے کیپٹلس نے دھماکہ خیز اوپنر صوفیہ ڈنکلی کو صرف ۴؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ تیسرے نمبر پر بلے بازیکیلئے آنے والی  ہرلین دیول اور وولورڈ کو بھی تیز رن بنانے کیلئے  جدوجہد کرنی پڑی۔ ہرلین وولورڈ نے دوسرے وکٹ کیلئے ۴۹؍ رن کی شراکت کی، حالانکہ اس کیلئے انہوں نے۵۳؍ گیندیں کھیلیں۔ طویل جدوجہد کے بعد ہرلین ۳۳؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے۳۱؍ رن بنانے کے بعد پویلین چلی گئیں۔ پہلے۱۰؍ اوور میں۵ء۴؍کی مایوس کن شرح سے صرف۵۴؍ رن جوڑنے کے بعد جائنٹس کو ایک اچھی شراکت کی ضرورت تھی۔ وولورڈ اور گارڈنر نے انہیں یہ شراکت فراہم کی  دی۔ گارڈنر نے۱۱؍ویں اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر شاندار شروعات کی جبکہ وولورڈ نے بھی۱۳؍ویں اوور میں ۲؍ چوکے لگا کر اپنی اننگز کی رفتار بدلی۔ ابتدائی۲۷؍گیندوں میں صرف ۲۲؍رن جوڑنے والی وولورڈ نے ہاتھ کھولنے کے بعد ۳۸؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK