• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی ٹیم کا مقصد بنگلہ دیش کے خلاف ٹی۲۰؍ سیریز پر قبضہ کرنا

Updated: October 09, 2024, 1:17 PM IST | Agency | New Delhi

کپتان سوریہ کمار یادو ایک بار پھر جارحانہ انداز میں کھیلنے کیلئے تیار۔ ہندوستانی ٹیم سیریز میں ۰۔۱؍ سے آگے۔ بنگلہ دیش کو واپسی کی امید۔

Suryakumar Yadav. Photo: INN
سوریہ کمار یادو۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کپتان سوریہ کمار یادو کی قیادت میں بنگلہ دیش کے خلاف ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچ میں ۰۔ ۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرکے سیریز جیتنے کے ارادے سے اترے گی۔ 
 آخری بار دونوں ٹیمیں ۲۰۱۹ء میں اس گراؤنڈ پر آمنے سامنے ہوئی تھیں، میزبان ٹیم کو ۷؍ وکٹ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اس بار میزبان ٹیم اس شکست کو بھول کر ۳؍ میچوں کی اس سیریز میں ۰۔ ۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس کے نوجوان کھلاڑی بھی اچھا کھیل رہے ہیں۔ 
 دوسری جانب بنگلہ دیش کی ٹیم آخری میچ میں شکست کو بھول کر ۳؍ میچوں کی سیریز برابر کرنے کی کوشش کرے گی۔ وہ اس میدان پر اپنی۲۰۱۹ء کی تاریخ دُہرانا چاہیں گے۔ بنگلہ دیش کے پاس بھی اچھے کھلاڑی ہیں اور وہ دوسرے ٹی ۲۰؍ میچ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں لوٹنے پوری کوشش کریں گے۔ اس وقت بنگلہ دیش کے گیند باز اچھا کھیل رہے ہیں۔ 
گوالیار میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں ہندوستان نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔ میچ میں کپتان سوریہ کمار یادو نے۱۴؍ گیندوں پر۲۹؍ رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے ناٹ آؤٹ ۳۹؍ رن کی تیز اننگز کھیلی اور ہندوستانی گیند بازوں کی کارکردگی شاندار رہی۔ ورون چکرورتی اور ارشدیپ سنگھ نے ۳۔ ۳؍ وکٹ لے کر بنگلہ دیش کو صرف۱۲۷؍ رن تک محدود کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم کو رن بنانے کے لئے کافی جدوجہد کرنا پڑی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے مہدی حسن میراز نے ۳۵؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تاہم باقی کھلاڑی ہندوستانی گیندبازی حملہ کا سامنا نہ کر سکے۔ دوسرے ٹی ۲۰؍ میں بنگلہ دیشی بلے باز زیادہ اسکورکرنے کے ارادے سے میدان پراتریں گے۔ وہ ہندوستان کے سامنے اس بار چیلنجنگ ہدف دینا چاہیں گے۔ 
 ہندوستانی ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر سے توقع ہے کہ وہ غیر تبدیل شدہ ٹیم کو میدان میں اتاریں گے جب تک کہ وہ فٹنیس کے خدشات کی وجہ سے تبدیلیاں کرنے پر مجبور نہ ہوں۔ وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن نے گوالیار میں اننگز کا آغاز کیا اور اپنی کارکردگی سے متاثر کیا اور اس کردار کو جاری رکھتے ہوئے اپنی عمدہ فارم کو جاری رکھنے کے خواہشمند ہوں گے۔ انہو ں نے اپنے شاٹس کے ذریعہ سبھی کو متاثر کیا تھا۔ اس میچ میں بھی کپتان سوریہ کمار اور ہاردک پانڈیا سے بہتر کھیل کی امید ہوگی۔ ہاردک نے پچھلے میچ میں آل راؤنڈ کارکردگی پیش کی۔ 
 اس سے قبل۲۰۱۹ء میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ہندوستان نے ۶؍وکٹ پر ۱۴۸؍رن بنائے تھے جس میں شکھر دھون۴۱؍ رن کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ بنگلہ دیش نے مشفق الرحیم کے ناٹ آؤٹ۶۰؍ رن کی بدولت ہدف ۷؍ وکٹوں اور ۷؍ گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔ بنگلہ دیش کے خلاف۱۵؍ میچوں میں یہ ہندوستان کی واحد ٹی۲۰؍ شکست ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK