انگلش پریمیر لیگ کے دفاعی چمپئن اور کرسٹل کے مابین مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابر۔ سٹی کی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کی امیدوں کو ایک اوردھچکا۔
EPAPER
Updated: December 18, 2023, 12:59 PM IST | Agency | Manchester
انگلش پریمیر لیگ کے دفاعی چمپئن اور کرسٹل کے مابین مقابلہ ۲۔۲؍گول سے برابر۔ سٹی کی ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کی امیدوں کو ایک اوردھچکا۔
اتحاد اسٹیڈیم میں ایک بہت ہی مختلف قسم کا ڈرامہ دیکھنے کو ملاتھا، جہاں مانچسٹر سٹی نے ۲؍گول کی برتری کے باوجود کے کرسٹل پیلس فٹبال کلب کے ساتھ سے ۲۔۲؍ڈرا کیا اور اپنے بڑھتے ہوئے ناقابل یقین ٹائٹل ڈیفنس میں مزید ۲؍ پوائنٹس گنوائے۔ برابری کا گول اسٹاپیج ٹائم کے پانچویں منٹ میں مائیکل اولیس نے پنالٹی کے ذریعے کیا۔مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے مسلسل تیسری مرتبہ ہوم گیم ڈرا کیاہے۔ دفاعی چمپئن نے اپنے آخری ۶؍ لیگ میچوں میں سے صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
مانچسٹر سٹی کی جانب سے ۲۴؍ویں منٹ میں جیک گریلش اور ۵۴؍ویں منٹ میں ریکو لیوس کے گول کی بدولت سٹی کو۰۔۲؍گول کی برتری حاصل تھی۔ جین فلپ میٹیٹا نے۷۶؍ میں کرسٹل پیلس کے خسارے کو کم کیا۔ اس کے بعد فل فوڈین نے میٹیٹا کو ٹرپ کر کے اولیس کو پیلس کے لئے ایک پوائنٹ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا، جس نے اپنے پچھلے ۸؍ لیگ میچوں میں سے ۶؍ میچ ہارے تھے۔پیپ گارڈیالا کی ٹیم اتوار کو کلب ورلڈ کپ کیلئے سعودی عرب جا رہی ہے اور۲۷؍ دسمبر تک پریمیر لیگ میں کوئی میچ نہیں ہوں گے۔ لیورپول، جو پہلے نمبر پر ہے اور چوتھے نمبر پر رہنے والے سٹی سے ۳؍ پوائنٹس آگے ہے، اس کے ۳؍ کھیل باقی ہیں ۔ لیورپو ل کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے۔
میچ کے بعد مانچسٹر سٹی کے کوچ پیپ گارڈیالا نے کہا کہ یہ سیزن ہمارے لئے بہت اچھا نہیں رہا ہے۔ ہمارے کھلاڑی ہر میچ میں مسلسل جدوجہد کررہے ہیں ۔ میں ان کی کمزوری سمجھ نہیں پارہا ہوں ۔ امید کرتا ہوں کہ وہ سعودی عرب میں کلب ورلڈ کپ کے میچ میں اچھا مظاہرہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اب بھی لیگ میں کچھ نہیں بگڑ ا ہے۔ ہم لیورپول سے ۳؍پوائنٹس پیچھے ہیں ۔ اگر کھلاڑی اپنے کھیل میں تسلسل کا مظاہرہ کریں گے تو ہم اگلے چند میچوں میں کامیابی ضرور حاصل کریں گے۔ کھلاڑی حالانکہ پوری کوشش کررہے ہیں۔