• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان یکروزہ سیریز کا آغاز

Updated: March 17, 2023, 1:22 PM IST | Mumbai

روہت شرما کی غیر موجودگی میں ہاردک پانڈیا ٹیم انڈیا کی کپتانی کریںگے، دونوں ہی ٹیمیں آئندہ عالمی کپ کے پیش نظر اپنی تیاریوںکا جائزہ لینے کی کوشش کریںگی

Indian cricket team players can be seen practicing at the Wankhede Stadium. (Photo: Revolution: Ashish Raje)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں پریکٹس کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔(تصویر،انقلاب:آشیش راجے)

 ہندوستانی کرکٹ ٹیم یک روزہ   عالمی کپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔ جمعہ سے شروع ہونے والی آسٹریلیا کے خلاف ۳؍ ون ڈے میچوں کی سیریز سے اس سال کے آخر میں منعقد ہونے والے عالمی کپ کی تیاریوں کا جائزہ دونوں ہی ٹیمیں لینے کی کوشش کریںگی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ آج  وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
   ہندوستانی ٹیم کےباقاعدہ کپتان روہت شرما  ذاتی وجوہات کے سبب  اس میچ کیلئے دستیاب نہیں ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں ہاردک پانڈیا ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ہندوستانی ٹیم اب ۵۰؍ اوور کے فارمیٹ میں ورلڈ کپ کیلئے اپنی تیاری کو بہتر بنانا چاہے گی۔ ہندوستان نے اپنا آخری ورلڈ کپ ۲۰۱۱ءمیں مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں گھریلو سرزمین پر جیتا تھا۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے روہت شرما کی قیادت والی ٹیم سے بھی ایسی ہی کامیابی کی توقع کی جائے گی۔ ہندوستانی ٹیم نے اس سال کا آغاز سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ۲؍ الگ الگ سیریز میں ون ڈے فارمیٹ میں تمام ۶؍ میچ جیت کر شاندار طریقے سے کیا تھا۔ 
 شبھمن گل پر ہوگی ذمہ داری
   افتتاحی بلے باز شبھمن گل پر، جنہوں نے حال ہی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، پہلے میچ میں روہت شرما کی غیر موجودگی میں ٹیم کو اچھی شروعات دینے کا دباؤ ہوگا۔ احمد آباد میں چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے بعد ان سے اسی طرح کی کارکردگی کی توقع کی جائے گی۔ احمد آباد میں ٹیسٹ میں ۱۸۶؍ رن بنانے والے کوہلی نے پہلے ہی محدود اووروں کی اپنی خراب فارم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وہ اپنے پسندیدہ حریف آسٹریلیا کے خلاف سنچریوں کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہیں گے۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کوہلی اس عرصے کے دوران آسٹریلیائی لیگ اسپنر ایڈم زمپا کا مقابلہ کیسے کرتے ہیں۔ ہندوستانی رن مشین کے خلاف زمپا کا ریکارڈ متاثر کن رہا ہے۔
 کلدیپ۔چہل پر نظر رکھی جائے گی
 کلائی کے اسپنر کلدیپ یادیو اور یزویندر سنگھ چہل  وکٹ لینے کی صلاحیت کے ساتھ محدود اووروں کی کرکٹ میں ہندوستانی حملے میں اہم ہتھیار بن سکتے ہیں۔ کلدیپ ۵؍ میچوں میں ۱۱؍ وکٹوں کے ساتھ اس سال ہندوستان کے بہترین اسپنر رہے ہیں۔ تیز گیند بازوں میں محمد سراج نے اتنے ہی میچوں میں ۱۴؍وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 
آسٹریلیا سال کا پہلا ون ڈے کھیلے گا
  باقاعدہ کپتان پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں آسٹریلیائی ٹیم اسٹیو اسمتھ کی قیادت میں کھیلے گی۔ یہ اس سال کا آسٹریلیا کا پہلا ون ڈے ہوگا۔ ٹیم نے اسمتھ کی کپتانی میں آخری ۲؍ ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کولمبس اور جوش ہیزل ووڈ ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں لیکن تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ وارنر اور آل راؤنڈر ایشٹن ایگر ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK