یکروزہ ٹیم انڈیا کے نائب کپتان نے کہا: ہم ہمیشہ امید کرتے ہیں کہ وہ جب بھی کھیلیں گے ملک کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے
EPAPER
Updated: February 04, 2025, 9:15 PM IST | Nagpur
یکروزہ ٹیم انڈیا کے نائب کپتان نے کہا: ہم ہمیشہ امید کرتے ہیں کہ وہ جب بھی کھیلیں گے ملک کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے
ہندوستانی ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان شبھمن گل نے منگل کو کہا کہ ابھیشیک شرما اور یشسوی جیسوال کی شکل میں ٹیم انڈیا میں اوپننگ کے لیے دو مضبوط دعویدار سامنے آئے ہیں۔ اس سے ہمارے درمیان کوئی مقابلہ پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑی ان کے اچھے دوست ہیں اور وہ ان کے لیے کبھی برا نہیں چاہتے لیکن ہمیشہ امید کرتے ہیں کہ وہ جب بھی کھیلیں گے ملک کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ابھیشیک، جو انڈیا انڈر۱۹؍اور پنجاب کی ٹیموں میں گل کے ساتھ کھیل چکے ہیں ، فی الحال ٹی ۲۰؍ میں ہندوستان کے پسندیدہ اوپنر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جیسوال ٹیسٹ کے بلے باز ہیں۔ ون ڈے فارمیٹ میں گل کی پوزیشن مضبوط ہے۔ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے انہیں اگلا لیڈر قرار دیا ہے لیکن دیگر فارمیٹس میں ان کا حالیہ فارم اچھا نہیں رہا۔
گل نے ناگپور میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ابھیشیک میرے بچپن کے دوست ہیں، جیسوال بھی اچھے دوست ہیں۔ ظاہر ہے کہ جب آپ ملک کے لیے کھیل رہے ہوتے ہیں تو آپ ہر میچ میں پرفارم کرنا چاہتے ہیں۔ آپ واقعی یہ نہیں سوچتے کہ `اوہ، کاش یہ لڑکا پرفارم نہ کرے یا `کاش ایسا نہ ہو۔ آپ ان چیزوں کے لیے نہیں کھیل رہے ہیں۔ آپ ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ جو کوئی اچھا کام کرتا ہے، آپ کو اس کے بارے میں اچھا لگتا ہے اور آپ اسے مبارکباد دیتے ہیں۔
آپ کو بتا دیں کہ ٹیم انڈیا اس وقت انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کر رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اب تک ۲۱؍ون ڈے سیریز کھیلی جا چکی ہیں۔ ہندوستان نے ان میں سے۱۰؍ سیریز جیتی ہیں جبکہ انگلینڈ نے ۷؍سیریز جیتی ہیں۔۱۹۹۰ء میں محمد اظہر الدین،۲۰۱۴ء میں مہندر سنگھ دھونی اور ۲۰۲۲ء میں روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستان کے لیے قابل ذکر سیریز جیتیں۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے۱۳؍ جولائی۱۹۷۴ء کو لیڈز میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ نے۴؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔