• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تھامس ٹوکیل انگلینڈ فٹبال ٹیم کے نئے کوچ مقرر

Updated: October 18, 2024, 1:27 PM IST | Agency | London

چیلسی اور بائرن میونخ کے سابق کوچ تھامس انگلینڈ کے تیسرے غیر ملکی کوچ ہوں گے۔

Thomas Tuchel was delighted to be associated with England. Photo: INN
تھامس ٹوکیل نے انگلینڈ سے وابستگی پر خوشی کا اظہارکیا۔ تصویر : آئی این این

جرمنی کے تھامس ٹوکیل کو گزشتہ روز انگلینڈ کی قومی فٹبال ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا۔ واضح رہے کہ فٹبال میں سب سے باوقار اور اہم کردار ادا کرنے والے وہ تیسرے غیر انگلش کوچ ہوں گے۔ فٹبال اسوسی ایشن(ایف اے) نے تصدیق کی ہے کہ ۵۱؍ سالہ سابق چیلسی کے منیجر اپنے انگلش معاون کوچ انتھونی بیری کے ساتھ جنوری سے عہدہ سنبھالیں گے۔ ایف اے کے چیف ایگزیکٹیو مارک بلنگھم نے ایک بیان میں کہا’’ہم دنیا کے بہترین کوچز میں سے ایک تھامس ٹوکیل اور انگلینڈکے بہترین کوچز میں سے ایک انتھونی بیری کی خدمات حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔ 
واضح رہے کہ سویڈن کےسیون گورن ایرکسن انگلینڈ کی قومی ٹیم کے پہلے غیر ملکی منیجر تھے جنہوں نے ۰۶۔ ۲۰۰۱ء تک انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کو تربیت دی جبکہ اٹلی کے فیبیو کپیلو ۱۲۔ ۲۰۰۸ءتک اس عہدے پر فائز رہے۔ انگلینڈ کی انڈر۔ ۲۱؍ ٹیم کے کوچ لی کارسلے، جو جولائی میں یورو ۲۰۲۴ءکے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے بعد گیرتھ ساؤتھ گیٹ کے استعفیٰ کے بعد سے عارضی چارج میں ہیں، اگلے ۲؍ نیشنز لیگ گیمز کے لئے ٹیم کو تربیت دینے کا کام جاری رکھیں گے۔ ٹوکیل اور بیری، جنہوں نے ایک ساتھ چیلسی اور بائرن میونخ کیلئے کام کام کیا یکم جنوری سےورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے کی مہم کیلئے کام شروع کریں گے۔ 
۲۰۲۱ء میں فیفا اور یوئیفا کی جانب سے بہترین کوچ کا اعزاز حاصل کرنے والے ٹوکیل نے ایک بیان میں کہا’’مجھے انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت کرنے کا اعزاز حاصل کرنے پر بہت فخر ہے۔ میں نے طویل عرصے سے اس ملک میں کھیل کے ساتھ ذاتی تعلق محسوس کیا ہے اور اس نے مجھے پہلے ہی کچھ ناقابل یقین لمحات دئیے ہیں۔ انگلینڈ کی کوچنگ کرنے کا موقع ملنا اور کھلاڑیوں کے اس خاص اور باصلاحیت گروپ کا ساتھ ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ گروپ کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر بہت پُرجوش ہوں۔ ‘‘
 ایف اے نے کہا کہ بلنگھم اور ٹیکنیکل ڈائریکٹر جان میکڈرموٹ نے اس باوقار عہدے کے لئے متعدد امیدواروں کا انٹرویو لیا تھا۔ ٹوکیل اور بیری کی تقرری کے فیصلے کو ایف اے بورڈ نے گزشتہ ہفتے کے اوائل میں منظور کر لیا۔ 
 واضح رہے کہ ساؤتھ گیٹ کو انڈر۔ ۲۱؍ ٹیم کے کوچ سے ترقی دے کر قومی ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا۔ ان کی تربیت میں انگلینڈ ۲؍یورپی چمپئن شپ کے فائنل اور ایک ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچا تھا لیکن ۱۹۶۶ءکے ورلڈ کپ کے بعد گھریلو سرزمین پر پہلی بڑی ٹرافی جیتنے سے محروم رہا۔ گزشتہ ہفتے ویمبلے میں یونان کے ہاتھوں ایک کے مقابلے ۲؍ گول سے شرمناک شکست کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ کارسلے کو ٹیم کا کُل وقتی کوچ بنایا جائےگا۔ تاہم، ایف اے نے تھامس ٹوکیل کے بارے میں فیصلہ کیا۔ تھامس ٹوکیل نے ۲۰۲۱ءمیں فرینک لمپارڈ کی جگہ چیلسی کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور چند ماہ بعد انہیں چمپئن لیگ خطاب دلایا تھا۔ – فائنل میں پیپ گاڈیالو کی مانچسٹر سٹی کو ہرا شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ ٹوکیل کو ۲۰۲۲ءمیں چیلسی نے برطرف کردیا تھا اور مارچ ۲۰۲۳ءمیں وہ جولین ناگلسمین کی جگہ بائرن میونخ کے کوچ مقرر ہوئے تھے۔ 
  انگلینڈ کے ساتھ تھامس ٹوکیل کا کام انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ایک انتہائی باصلاحیت اسکواڈ میں ڈھالنا ہے جس میں ہیری کین جیسے کھلاڑی شامل ہیں، جن کو انہوں نے گزشتہ سیزن میں بائرن میونخ میں بھی کوچنگ دی تھی۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑی، جوڈ بیلنگھم، فل فوڈین، ڈیکلن رائس اور کول پالمر کے صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کریں گے۔ ٹوکیل نے کہا کہ اسسٹنٹ کوچ انتھونی کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے، ہم انگلینڈ کو کامیاب بنانے اور مداحوں کو فخر محسوس کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ میں انگلینڈ کے ساتھ اپنا سفر شروع کرنے کا منتظر ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK