آئی سی سی کی رینکنگ میں اسپنر ورون چکرورتی ۲۵؍ درجے چھلانگ لگا کر بولرس کی فہرست میں ٹاپ ۵؍ میں داخل ہو گئے۔
EPAPER
Updated: January 30, 2025, 1:04 PM IST | Dubai
آئی سی سی کی رینکنگ میں اسپنر ورون چکرورتی ۲۵؍ درجے چھلانگ لگا کر بولرس کی فہرست میں ٹاپ ۵؍ میں داخل ہو گئے۔
باصلاحیت ہندوستانی بلے باز تلک ورما بدھ کو جاری ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مردوں کی ٹی ۲۰؍ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ اسپنر ورون چکرورتی ۲۵؍ درجے چھلانگ لگا کر بولرس کی فہرست میں ٹاپ ۵؍ میں داخل ہو گئے ہیں۔ ورما اب بلے بازوں کی فہرست میں ٹریوس ہیڈ سے بالکل پیچھے ہیں۔
آسٹریلوی بلے باز کو ورما پر۲۳؍ پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز ورما اس وقت زبردست فارم میں ہیں اور انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی جاری ٹی ۲۰؍ سیریز میں ۱۹؍ ناٹ آؤٹ، ناٹ آؤٹ ۷۲؍رن اور۱۸؍ رن بنائے ہیں۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سیریز میں ابھی دو میچ کھیلے جانے باقی ہیں۔ ورما کے پاس ہیڈ کو پیچھے چھوڑنے اور رینکنگ میں سب سے کم عمر کھلاڑی بننے کا موقع ہے۔ یہ ریکارڈ اس وقت پاکستان کے بابر اعظم کے پاس ہے جو۲۳؍ برس ۱۰۵؍ دن کی عمر میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے۔
ورما کی ۸۳۲؍ پوائنٹس کی موجودہ ریٹنگ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی ہندوستانی بلے باز کی طرف سے حاصل کردہ چوتھی سب سے زیادہ ہے۔ ہندوستان سے صرف سوریہ کمار یادو، وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل ہی کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں ان سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ہندوستان کے اوپنر ابھیشیک شرما۵۹؍ درجے کی چھلانگ لگا کر ۴۰؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ انگلینڈ کے لیام لیونگ اسٹون (۵؍ مقام چڑھ کر۳۲؍ ویں نمبر پر) اور بین ڈکٹ (۲۸؍ درجے ترقی کرکے۶۸؍ ویں نمبر پر ہیں ) بھی اچھی کارکردگی کا فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں ۲۴؍ رن کے عوض ۵؍ وکٹ لینے والے چکرورتی اپنی کرشماتی کارکردگی سے گیند بازوں کی درجہ بندی میں ٹاپ۵؍ گیند بازوں میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان کے ساتھی اسپنر اکشر پٹیل ۵؍ درجے ترقی کر کے۱۱؍ ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے اسپنر عادل رشید ہندوستان کے خلاف اپنی اچھی کارکردگی کی بنیاد پر ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل گیندبازوں کی رینکنگ میں ایک بار پھر ٹاپ پر پہنچ گئے ہیں۔ اس سے قبل وہ۲۰۲۳ء میں پہلے نمبر پر پہنچے تھے۔ دریں اثنا، بارڈر گاوسکر ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ گیند بازوں کی درجہ بندی میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے جومل واریکن ٹیسٹ کرکٹ میں آل راؤنڈرس کی فہرست میں ۲۴؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان کے محمد رضوان ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں ۲؍ درجے ترقی کر کے ۱۵؍ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ٹیسٹ میں بیٹنگ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ بدستور سرفہرست ہیں۔