نیوزی لینڈ کے تیز گیند نے انگلینڈ سیریز کے آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے
EPAPER
Updated: November 15, 2024, 10:24 PM IST | Auckland
نیوزی لینڈ کے تیز گیند نے انگلینڈ سیریز کے آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے
نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹم ساؤدی نے اگلے ماہ ہیملٹن میں ہونے والی انگلینڈ سیریز کے آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔اپنےریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ساؤدی نے کہاکہ ’’بچپن سے میرا واحد خواب نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنا تھا۔۱۸؍ برسوں سے بلیک کیپس کیلئے کھیلنا میرے لئے سب سے بڑا اعزاز اور خوش قسمتی رہی ہے، لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اس کھیل سے دورہوجاؤں جس نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ’’ٹیسٹ کرکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آخری میچ اسی ٹیم کے خلاف کھیلوں گا جس کے خلاف میں نے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ مجھے اس سیریز میں ۳؍ ایسے میدانوں پر شرکت کرنی ہے جو میرے لئے بہت خاص ہیں۔ یہ بلیک کیپس کے ساتھ اپنے کریئر کو ختم کرنے کا صحیح طریقہ لگتا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہاکہ’’میں ہمیشہ اپنے کنبہ، دوستوں، کوچیز، مداحوں اور اس کھیل میں شامل ہر فرد کا شکر گزار رہوں گا جنہوں نے برسوں میں مجھے اور میرے کریئر کو سپورٹ کیا۔ یہ ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے اور میں اس کے بارے میں کچھ بھی تبدیل نہیں کرنا چاہوںگا۔
نیوزی لینڈ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ ’’ٹیم کا استحکام اور مضبوطی غیر معمولی رہی ہے۔ وہ ایک انتہائی مضبوط حریف ہیں، جو خود کو بڑے حالات کیلئے تیار کرتے ہیں اور شاذ و نادر ہی زخمی ہوتے ہیں۔ ان کا ٹیم کی ساکھ اور کارکردگی سے گہرا تعلق ہے اور بلیک کیپس کے ماحول میں ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔ اب وہ اپنے کنبہ کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کے حقدار ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ آنے والے برسوں میں اپنے اثرات اور کامیابیوں پر مثبت نقطہ نظر کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
۳۵؍سالہ ساؤدی اب تک۱۰۴؍ ٹیسٹ میچوں میں۳۸۵؍ وکٹ لے چکے ہیں جو کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں میں سر رچرڈ ہیڈلی (۴۳۱) کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے مارچ۲۰۰۸ء میں نیپیئر میں انگلینڈ کے خلاف۱۹؍ سال کی عمر میں آغاز کیا تھا اور انگلینڈ کے خلاف اپنے ٹیسٹ کریئر کا خاتمہ کریں گے تاہم اگر نیوزی لینڈ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرتا ہے تو وہ جون میں لارڈس میں ہونے والے فائنل کیلئے دستیاب رہیں گے۔