• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹم ساؤدی کے کریئر کے آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کی ریکارڈ رن سے فتح

Updated: December 18, 2024, 11:57 AM IST | Agency | Hamilton

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو ۴۲۳؍ رن سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریزپر قبضہ کرلیا۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم ۲۳۴؍رن پر آؤٹ۔

Tim Southee. Picture: INN
ٹم ساؤدی۔ تصویر: آئی این این

مشیل سینٹنر (۴؍ وکٹ)، ٹم ساؤدی اور میٹ ہنری (۲۔ ۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے منگل کو دوسری اننگز میں انگلینڈ کو ۲۳۴؍ رن کے اسکور پر آؤٹ کر دیا اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے دن ریکارڈ۴۲۳؍ رن سے جیت لیا۔ یہ انگلینڈ کے خلاف نیوزی لینڈ کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔ پہلے دو میچ جیتنے والا انگلینڈ ۳؍ میچوں کی سیریز میں فاتح رہا تھا۔ یہ ٹیسٹ میچ ٹم ساؤدی کے کریئر کا آخری میچ تھا۔ 
  انگلینڈ نے منگل کو کھیل کا آغاز ۲؍ وکٹ پر ۱۸؍ رن کے اسکور سے کیا۔ جیکب بیتھل اور جو روٹ نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے تیسرے وکٹ کے لیے۱۰۴؍ رن جوڑے۔ مشیل سینٹنر نے اس شراکت کو جو روٹ (۵۴؍رن) کو آؤٹ کرکے توڑا۔ اس کے بعد ہیری بروک ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ٹم ساؤدی نے جیکب بیتھل (۷۶؍رن) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو بڑا جھٹکا دیا۔ گس اٹکنسن (۴۳؍رن) اور برائیڈن کارس (۱۱؍رن) کو مشیل سینٹنر نے اپنا شکار بنایا۔ اولی پوپ (۱۷؍رن) کو میٹ ہنری نے بولڈ کیا۔ نیوزی لینڈ کے بولنگ اٹیک کے سامنے انگلینڈ کی ٹیم۴۷ء۲؍ اوورس میں ۲۳۴؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 
 نیوزی لینڈ کی جانب سے مشیل سینٹنر نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ ٹم ساؤدی اور میٹ ہنری نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ولیم او رورک نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل کین ولیمسن۱۵۶؍رن، ڈیرل مشیل ۶۰؍رن، مشیل سینٹنر۴۹؍رن اور ٹام بلنڈل ناٹ آؤٹ ۴۴؍ رن کی اچھی بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے تیسرے روز انگلینڈ کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے ۶۵۸؍ رن کا بڑا ہدف دیا۔  
  کین ولیمسن اور راچن رویندر کی جوڑی نے چوتھے وکٹ کے لئے۱۰۷؍ رن کی شراکت قائم کی۔ میتھیو پوٹس نے راچن رویندر (۴۴؍ رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑدیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے ڈیرل مشیل نے چارج سنبھال لیا۔ ڈیرل مشیل (۶۰؍رن) کو جیکب بیتھل نے آؤٹ کیا۔ گلین فلپس ۳؍اور مشیل سینٹنر ۴۹؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کین ولیمسن نے ۲۰۴؍ گیندوں پر ۱۵۶؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ۲۰؍ چوکے اور ایک چھکا تھا۔ نیوزی لینڈ نے ۱۰۱ء۴؍ اوورس میں ۴۵۳؍ رن بنائے اور پہلی اننگز کی بنیاد پر۲۰۴؍ رن کی برتری کے ساتھ انگلینڈ کو جیت کیلئے۶۵۸؍ رن کا ہدف دیا گیا۔ انگلینڈکیلئے جیکب بیتھل نے ۳، بین اسٹوکس اور شعیب بشیر نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کیے۔ میتھیو پوٹس، گس اٹکنسن اور جو روٹ نے ۱۔ ۱؍بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK