Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

آج ٹائٹنس اور کنگز کے درمیان معرکہ آرائی

Updated: March 25, 2025, 10:14 AM IST | Ahmedabad

آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنس اور پنجاب کنگز کی ٹیمیں نریندر مودی اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔ گجرات کو گل اور جوس کی نئی جوڑی ملی۔

Players from Gujarat and Punjab are seen together. Photo: INN
گجرات اور پنجاب کے کھلاڑی ایک ساتھ نظرآرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

بلے بازوں کیلئے  سازگار اور زیادہ اسکور والی احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ پر   انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کے پانچویں میچ میں گجرات ٹائٹنس (جی ٹی) اور پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) کے درمیان  شائقین کوایک  چیلنجنگ مقابلہ  دیکھنے کو ملے گا۔
اگر دونوں ٹیموں کے درمیان پچھلے مقابلوں کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو یہ ہمیشہ دلچسپ رہا ہے۔ ۲۰۲۲ء سے۲۰۲۴ء تک گجرات ٹائٹنس اور پنجاب کنگز کے درمیان ۵؍ میچوں میں سے ۴؍ مقابلے آخری اوور تک گئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ کس قدر سخت ہوتا ہے۔ ان ۵؍ میچوں میں گجرات نے ۳؍جبکہ پنجاب نے ۲؍ میچ جیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کنال کامرا کے شو کا انعقاد کرنے والے ہوٹل پر شیوسینکوں کا حملہ 

بلے بازی کے لحاظ سے دیکھا جائے تو گلين میکسویل مڈل اوورس میں جارحانہ بلے بازی کے لئے  جانے جاتے ہیں۔ چھکے لگانے کے معاملے میں بھی میکسویل سب سے آگے ہیں۔ دونوں ٹیموں میں گلين میکسویل (۱۶۱؍ چھکے)، جوس بٹلر (۱۶۰؍ چھکے) اور مارکس اسٹوئنس (۹۱؍ چھکے) نمایاں ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب کی ٹیم میں ششانک سنگھ اور پربھسمرن سنگھ جیسے ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، جو ہر تیسری یا چوتھی گیند پر کم از کم ایک باؤنڈری لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پنجاب کے پربھسمرن سنگھ نے اب تک۱۰؍ میچوں میں ۱۵۴ء۷۲؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۲۲۹؍ رن  بنائے ہیں۔ دوسری جانب گجرات کی ٹیم کو اس سیزن میں شبھمن گل اور جوس بٹلر کی صورت میں نئی اوپننگ جوڑی ملی ہے، جو پاور پلے میں تیزی سے رن بنانے کیلئے  جانے جاتے ہیں۔ گل نے۱۰؍ میچوں میں ۱۴۷ء۷؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۳۸۳؍ رن  بنائے ہیں۔
اگر گیند بازی کی بات کریں تو آئی پی ایل ۲۰۲۳ء سے اب تک سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیند بازوں کی فہرست میں ورون چکرورتی (۴۱؍ وکٹ) پہلے نمبر پر، یزویندر چہل (۳۹؍ وکٹ) دوسرے اور راشد خان (۳۷؍وکٹ) تیسرے نمبر پر ہیں۔ یہ تینوں گیند باز اپنی ٹیموں کیلئے  نہایت اہم ہیں اور اپنے دم پر میچ کا رخ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گجرات ٹائٹنس کیلئے  راشد خان اپنی نپی تلی گیند بازی کیلئے  مشہور ہیں۔ راشد نے میکسویل کے خلاف ۱۵؍ ٹی۲۰؍ اننگز میں صرف۱۱۷؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن  دیئے ہیں اور انہیں ۳؍ مرتبہ آؤٹ بھی کر چکے ہیں۔ اگر راشد اپنی اس کارکردگی کو دُہرائیں گے تو مڈل اوورس میں میکسویل کیلئے  مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ پنجاب کنگز کے تیز گیند باز عرشدیپ سنگھ بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ عرشدیپ کے خلاف بٹلر اور گل کا اسٹرائیک ریٹ بالترتیب۱۵۰؍ اور۱۲۶؍ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK