• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج یوروکپ کے فائنل میں اسپین اور انگلینڈ کے درمیان معرکہ آرائی

Updated: July 14, 2024, 11:30 AM IST | Agency | Berlin

اسپینش ٹیم ریکارڈ چوتھی مرتبہ خطاب جیتنے کیلئے بے تاب۔ سبھی کی نظریں نوجوان اسپینی کھلاڑی یامل پر رہیں گی۔ انگلینڈ بھی اپنے دوسرے یورو فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زورلگا دے گا۔

England players and coaching staff during a practice session. Photo: INN
مشق کے سیشن کے دوران انگلینڈ کے کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف۔ تصویر : آئی این این

فٹبال میں یو ای ایف اے یورو کپ۲۰۲۴ء ٹورنامنٹ اپنے آخری مقابلے کیلئے تیار ہے جہاں اسپین اور انگلینڈ ایک یادگار فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔  اسپین براعظمی چمپئن شپ میں ریکارڈ چوتھا خطاب جیتنے کے ہدف کے ساتھ میدان پر آئے گا، جب کہ انگلینڈ اپنا مسلسل دوسرا یورو فائنل کھیلے گا۔ سیمی فائنل میں اسپین نے فرانس کو۱۔ ۲؍گول سے شکست دی جب کہ انگلینڈ نے نیدرلینڈس کو متذکرہ اسکورسے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ 
 فائنل میچ پیر کو برلن کے اولمپیا اسٹیڈیم میں ہندوستانی وقت کے مطابق دیر رات ساڑھے ۱۲؍ بجے شروع ہوگا۔ اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنے جارحانہ انداز سے سب کو حیران کردیا ہے، جس میں روڈری اور الوارو موراتا جیسے ستاروں کے تجربے کو لامین یامل اور نیکو ولیمز جیسی نئی صلاحیتوں کے نوجوان جوش کے ساتھ ملایا گیا ہے۔ دفاعی چمپئن اٹلی اور میزبان جرمنی سمیت اپنے حریفوں پر قابو پانے کے بعد ڈے لا فوئنتے کی ٹیم تاریخی چوتھا یورو خطاب جیتنے کے لئے بے قرار ہے۔ 

اسپین کے کھلاڑی پریکٹس کے دوران اتحاد کا اظہا رکرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
یورو میں انگلینڈ نے سست آغاز کے بعداپنے فارم کو حاصل کرلیا ہے۔ انگلینڈ کے اولی واٹکنز ایک اہم کھلاڑی کی شکل میں ابھرے ہیں، جنہوں نے سیمی فائنل میں نیدرلینڈس کیخلاف آخری لمحات میں فاتحانہ گول کیا۔ انگلینڈ کے منیجر گیریتھ ساؤتھ گیٹ کی ٹیم اپنے مواقع کا فائدہ اٹھانے کیلئے تیار ہے۔ یورو۲۰۲۰ء کے فائنل میں شکست کے بعد تھری لائنس ذہنی طور پر تیار اور پراعتماد ہیں، جنہوں نے اپنے پہلے مقابلے میں اسپین کو شکست دی تھی۔ 
 فائنل تک اسپین کے سفر میں کروشیا، اٹلی اور البانیہ کے خلاف گروپ مرحلے میں شاندار فتوحات شامل تھیں، اس کے بعد جارجیا، جرمنی اور فرانس کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے کی فتوحات شامل تھیں۔ 
دریں اثنا، انگلینڈ نے گروپ مرحلے میں سربیا، ڈنمارک اور سلووینیا کے خلاف اہم نتائج حاصل کرتے ہوئے اور سلوواکیہ، سوئزرلینڈ اور نیدرلینڈس کے خلاف ناک آؤٹ میچوں کے ذریعہ آگے بڑھتے ہوئے ایک چیلنجنگ راستہ اختیار کیا۔ 
  فٹبال کے کھیل میں فیفا ورلڈ کپ کے بعد اگر کسی ٹورنامنٹ کو سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے تو وہ یورو کپ ہے۔ دنیا بھر کے شائقین یہ دیکھنے کے لئے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں کہ برلن میں ایک بڑا مقابلہ کس کے حق میں جاتا ہے۔ یورو ۲۰۲۴ء کی ٹرافی اسپین اور انگلینڈ میں سے کون اٹھائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK