ممبئی کے کپتان شریاس ایّر پرتھوی ، رہانے اور سوریہ کمار کے دم پر فائنل کھیلیں گے۔ رجت پاٹیدار کی ٹیم سے مقابلہ۔
EPAPER
Updated: December 15, 2024, 12:47 PM IST | Agency | Bengaluru
ممبئی کے کپتان شریاس ایّر پرتھوی ، رہانے اور سوریہ کمار کے دم پر فائنل کھیلیں گے۔ رجت پاٹیدار کی ٹیم سے مقابلہ۔
سید مشتاق علی ٹرافی ٹورنامنٹ ۲۰۲۴ءکا فائنل میچ اتوار کو ممبئی کے درمیان کھیلا جائے گا جس کی کپتانی شریاس ایّر کر رہے ہیں اور مدھیہ پردیش کی کپتانی رجت پاٹیدار کر رہے ہیں۔ یہ میچ بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور یہ مقابلہ شام ساڑھے ۴؍ بجے شروع ہوگا۔
ممبئی نے اب تک ایک بار اس ٹورنامنٹ کا خطاب جیتا ہے جبکہ مدھیہ پردیش نے ایک بار بھی اس ٹورنامنٹ کا خطاب نہیں جیتا ہے۔ اس فائنل کے ذریعے جہاں ممبئی دوسری بار ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گا وہیں مدھیہ پردیش پہلی بار چمپئن بننے کی کوشش کرے گا۔ ممبئی نے سال ۲۳۔۲۰۲۲ء میں اجنکیا رہانے کی کپتانی میں پہلی بار یہ خطاب جیتا تھا۔
فائنل میچ کی بات کریں تو ممبئی کی ٹیم مدھیہ پردیش سے زیادہ مضبوط نظر آرہی ہے۔ ممبئی کی بیٹنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے جس میں پرتھوی شا، اجنکیا رہانے، کپتان شریاس ایّر، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے اور سوریانش شیڈگے شامل ہیں۔ ان میں سے، رہانے اس وقت شاندار فارم میں ہیں، جو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ رہانے ممبئی کے لیے مسلسل رن بنا رہے ہیں اور فائنل میں ان کی کارکردگی کو دیکھا جائے گا۔ بولنگ میں ممبئی کے پاس شاردُل ٹھاکر، تنوش کوٹیان، موہت اوستھی جیسے کھلاڑی ہیں۔
مدھیہ پردیش کی ٹیم نے فائنل میں جگہ بنائی ہے تو ظاہر ہے اس ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ رجت پاٹیدار کی کپتانی میں یہ ٹیم پہلی بار ٹائٹل جیتنے کی کوشش کرے گی۔ اس ٹیم میں بہت بڑے نام نہیں ہیں، اس کے باوجود رجت پاٹیدار اور وینکٹیش ایّر خود حیرت انگیز بلے باز ہیں۔ اس ٹیم میں اویس خان، کمار کارتیکیا جیسے مضبوط گیند باز بھی ہیں جو میچ کا رخ موڑنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ کپتان رجت پاٹیدار نے سیمی فائنل میچ میں ۶۶؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا اور فائنل میں ان کی کارکردگی پر بہت کچھ منحصر ہوگا۔