Inquilab Logo

تلیکا کی چاندی تو نکہت کا بھی تمغہ یقینی

Updated: August 05, 2022, 12:41 PM IST | Agency | Birmingham

جوڈو میں ہندوستان کی تلیکا مان نے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ مکے بازی کے سیمی فائنل میں پہنچ کر نکہت زرین نے بھی ملک کیلئے تمغہ یقینی بنایا

Nikhat Zarin is set to get a medal in boxing.Picture:INN
مکے بازی میں نکہت زرین کو میڈل ملنا طے تصویر:آئی این این

ہندوستان کی جوڈو کی کھلاڑی تُلیکا مان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برمنگھم میں جاری دولت مشترکہ کھیلوں میں ۷۸؍کلو گرام زمرے میں چاندی کا میڈل حاصل کر لیا۔فائنل میں ہندوستانی کھلاڑی کی شکست ہوئی اور انہیں نقرئی تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔یاد رہے کہ فائنل میں اسکاٹ لینڈ کی سارہ ایڈلنگٹن نے انہیں یکطرفہ انداز میں شکست دیتے ہوئے گولڈ میڈل پر قبضہ جمایا۔
 واضح رہے کہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان کی طرف سے جوڈو کے ۶؍ کھلاڑیوں نے شرکت کیا تھا جن میں سے ۳؍ نے ملک کیلئے میڈل حاصل کیا۔تلیکا مان کو راؤنڈ۔۱۶؍میں بائی مل گئی تھی اور اس کے بعد کوارٹر فائنل میں انہوںنے ماریشس کی ٹریسی ڈرہن کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی۔سیمی فائنل میں بھی تلیکا مان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی سڈنی اینڈریوز کو شکست دے کر فائنل میں قدم رکھا تھا اور ملک کےلئے کم از کم چاندی کا تمغہ یقینی کردیا تھا۔فائنل میں ہندوستانی جوڈو کھلاڑی اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی پیش نہیں کر سکی اور انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ برمنگھم دولت مشترکہ کھیل جوڈو کےلئے  ہندوستان کا اب تک کا سب سے بہترین کھیل ثابت ہوا ہے۔یہاں سشیلا دیوی کے تاریخی سلور میڈل کے بعد ہندوستان کی تلیکا مان نے بھی اپنا کمال دکھاتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔دہلی کی رہنے والی۲۳؍سالہ تلیکا مان نے فائنل میں اسکاٹش کھلاڑی کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی لیکن  اس دوران ۲؍بار وارننگ کے طور پر انہیں یلو کارڈ دکھایا گیا۔ایسے میں اسکاٹ لینڈ کی کھلاڑی نے ان پر دبدبہ بنایا اور  لگاتار کئی داؤ لگاتے ہوئے انہیں زیر کردیا۔سلور میڈل جیتنے کے بعد تلیکا نے کچھ حد تک مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوںنے فائنل میں اپنی صلاحیت کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔
پنگھل اور جیسمین کوتمغہ یقینی
 سابق عالمی چمپئن شپ میڈلسٹ باکسر امیت پنگھل اور جیسمین نے کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۲ءمیں جمعرات کو اپنے اپنے زمروں کے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر ہندوستان کے لیے ۲؍ تمغے یقینی بنائے۔پنگھل نے مردوں کے ۴۸؍ کلوگرام کوارٹر فائنل میں اسکاٹ لینڈ کے لینن ملیگن کو  پانچ صفر سے شکست دی۔ دوسری جانب ۲۰۲۱ءایشین  چمپئن شپ میں جیسمین نے خواتین کے ۶۰؍کلوگرام کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹرائے گارٹن کو  ایک چار سے شکست دی۔ سابق عالمی نمبر ایک پنگھل نے گولڈ کوسٹ ۲۰۱۸ءگیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اب ان کا مقابلہ ہفتہ کو ہونے والے سیمی فائنل میں زامبیا کے پیٹرک چنائیمبا سے ہوگا۔اس سے قبل نکھت زرین، نیتو، محمد حسام الدین نے اپنے اپنے زمروں کے سیمی فائنل میں پہنچ کر ہندوستان کیلئے تمغے کو یقینی بناچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK