• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوئیفا چمپئن لیگ: لیورپول نے اے سی میلان کو اس کے ہی میدان پر شکست دی

Updated: September 19, 2024, 11:11 AM IST | Milan

راؤنڈ رابن لیگ کے مقابلے میں لیورپول نے ایک کے مقابلے ۳؍گول سے کامیابی حاصل کی۔ ورجل وین دایک نے بھی لیورپول کیلئے ایک گول کیا۔

Liverpool`s Virgil van Dijk celebrates in style. Photo: INN.
لیورپول کے ورجل وین دایک اپنے انداز میں جشن مناتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این۔

لیورپول فٹبال کلب نے منگل کو سان سیرو میں اے سی میلان کے خلاف ایک کے مقابلے ۳؍گول سے جیت کے ساتھ ایک سال بعد چمپئن لیگ میں واپسی کا جشن منایا۔ منگل کو ابراہیم کوناتے، ورجیل وین دایک اور ڈومینک سوبوسزلی کے گول کے ساتھ لیورپول نے چمپئن لیگ کے نئے سیزن کا اچھا آغاز کیا اور پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ 
لیورپول فٹبال کلب نے دو یورپی پاور ہاؤسیز کے درمیان تصادم کا آغاز خراب کیا، کرسچن پلسِک نے تیسرے ہی منٹ میں تیز جوابی حملے میں میلان کو برتری دلائی، لیورپول کے غیر منظم دفاع کی مدد سے اٹلی کے فٹبال کلب کو کامیابی ملی۔ تاہم۶؍ بار کے چمپئن نے میچ کو پلٹ کر رکھ دیا اور باقی کھیل پر غلبہ حاصل کر لیا۔ ۲۳؍ویں منٹ میں کوناتے ​​نے دفاع کرنے والے کھلاڑیوں کی دیوار کو توڑ کر ٹرینٹ الیگزینڈر آرنالڈ کی فری کِک کو گول میں بدل دیا اور ٹیم کا اسکور برابر کردیا۔ 
کپتان وین دایک لیورپول کو برتری دلائی۔ اسٹیڈیم میں موجود ۴۰۰۴؍ سے زیادہ لیورپول کے شائقین کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔ اس گول کے بعد لیورپول نے جوابی حملے شروع کردیئے اور میزبان فٹبال کلب کو پیچھے دھکیل دیا۔ سوبوسزلی نے۶۷؍ ویں منٹ میں کوڈی گاکپو کے کراس پاس پر گول کر کے جیت پر مہر ثبت کر دی۔ اس وقت تک اے سی میلان نے میچ پر اپنی گرفت کمزور کردی تھی۔ اس گول کے بعد اے سی میلان کی جانب سے کوئی اور گول نہیں ہو سکا اور اسے اپنے ہی میدان پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس فتح کے ساتھ ہی لیورپول نے راؤنڈ رابن لیگ کے میچ میں پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں۔  
مرسی سائیڈ کلب (لیورپول)کا چارج سنبھالنے کے بعد سے کوچ آرنے سلاٹ کا یہ پہلا چمپئن لیگ میچ تھا۔ خیال رہے کہ انہو ں نے یورگین کلوپ کی جگہ لی تھی۔ سنیچر کو ہونےو الے انگلش پریمیر لیگ کے میچ میں ناٹنگھم فاریسٹ فٹبال کلب کے ہاتھوں لیورپول کو اس کے ہی میدان پر ۰۔ ۱؍گول سے شکست ہوئی تھی اور اس ہار کا پورا غصہ اے سی میلان پر نکلا۔ 
ہیری کین نے رونی کا ریکارڈ توڑا
ہیری کین ڈاینامو زگریب کلب کے خلاف بائرن میونخ کی زبردست جیت میں ۴؍ گول کر کے وین رونی کا ریکارڈ توڑتے ہوئے چمپئن لیگ فٹبال ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے انگلش فٹبالر بن گئے۔ کین کی شاندار کارکردگی کی بدولت بائرن نے ڈاینامو زگریب کو۲۔ ۹؍گول سے شکست دی۔ ۲۰۱۶ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ چمپئن لیگ کے ایک ہی میچ میں اتنے گول کئے گئے۔ اس سے بائرن کے نئے کوچ ونسنٹ کومپنی کو بھی یورپی مقابلے میں اپنی مہم کا شاندار آغازکرنے کا موقع ملا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK