نیپال نےیکروزہ میچ میں کم اسکور پر افغانستان کو آؤٹ کیا۔ سنتوش یادو اور انیش نے ۳۔۳؍وکٹ لئے۔ کپتان ہیمنت دھامی کی اچھی بلے بازی۔
EPAPER
Updated: December 04, 2024, 12:05 PM IST | Agency | Sharjah
نیپال نےیکروزہ میچ میں کم اسکور پر افغانستان کو آؤٹ کیا۔ سنتوش یادو اور انیش نے ۳۔۳؍وکٹ لئے۔ کپتان ہیمنت دھامی کی اچھی بلے بازی۔
سنتوش یادو، انیش ٹھاکوری (۳۔ ۳؍ وکٹ) اور دیگر کی شاندار بولنگ کے بعد نرین سود (۲۶؍رن) اور کپتان ہیمنت دھامی (ناٹ آؤٹ۲۲؍رن) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت نیپال نے منگل کو انڈر۱۹؍ ایشیا کپ کے۱۰؍ویں ایک روزہ میچ میں افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دی۔
۱۲۳؍رن کے چھوٹے اسکور کا پیچھا کرنے اتری نیپال کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے۵۴؍رن کے اسکور تک اپنے ۶؍ وکٹ گنوا دئیے تھے۔ مدن یادو ایک، آکاش ترپاٹھی ۹، سنتوش یادو ۷، نرین بھٹا ۲، روشن بشوکرمہ ۹ ؍اور اتم مگر۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایسے مشکل وقت میں ارجن کُمل ۲۱؍رن اور نرین سود ۲۶؍رن کی ذمہ دارانہ اننگز نے نیپال کو جیت کی طرف گامزن کیا۔ ابھیشیک تیواری نے۱۳؍ گیندوں میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگاتے ہوئے۱۳؍ رن بنائے۔ اس کے بعد کپتان ہیمنت دھامی نے۳۳؍ گیندوں پر دو چوکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۲۲؍رن کی اہم اننگز کھیلی۔ نیپال نے ۴۱ء۳؍ اوورس میں ۹؍ وکٹوں پر۱۲۴؍ رن بنا کر میچ ایک وکٹ سے جیت لیا۔
افغانستان کی جانب سے اے ایم غضنفر اور خاطر استنکزئی نے ۳۔ ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ محبوب خان اور عبدالعزیز نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سنتوش یادو، انیش ٹھاکوری اور دیگر کی شاندار گیند بازی کی بدولت نیپال نے افغانستان کو ۱۲۳؍سے اسکور پر سمیٹ دیا تھا۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ بلے بازی کے لئے اتری افغانستان کی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور ٹیم کے دو رن کے اسکور پر اس کی دو وکٹ گر گئے۔ کپتان محبوب خان صفر کو ہیمنت دھامی نے بولڈ کیا جبکہ عزیر اللہ صفر کو ابھیشیک تیواری نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لئے آئے فیصل شنوزادہ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن انیش ٹھاکوری نے کسی بھی بلے باز کو پچ پر ٹکنے نہیں دیا۔ ٹھاکوری نے ۱۱؍ویں اوور میں حمزہ خان ۹؍رن کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اعجاز بارکزئی ایک رن کو ایل بی ڈبلیو کرکے اپنا شکار بنایا۔ برکت ابراہیم زئی (۱۲؍رن) کو ابھیشیک تیواری نے بولڈ کیا۔ نجیب اللہ امیری ایک رن، نصیر خان ۱۰، اے ایم غضنفر ۱۱، خاطر استنکزئی ۱۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ فیصل شنوزادہ نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ ۵۰؍ رن بنائے۔ نیپال کے بولنگ اٹیک کے سامنے افغانستان کی پوری ٹیم ۳۵ء۴؍ اوورس میں ۱۲۳؍رن کے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ نیپال کی جانب سے سنتوش یادو اور انیش ٹھاکوری نے ۳۔ ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہیمنت دھامی اور ابھیشیک تیواری نے ۲۔ ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔