Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

انڈر ۱۹؍ ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ: ہندوستان اورجنوبی افریقہ میں فائنل

Updated: February 01, 2025, 1:28 PM IST | Agency | Kuala Lumpur

ہندوستان کی خواتین ٹیم نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ۹؍وکٹ سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں ۵؍وکٹ سے مات دے دی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

پارونیکا سسودیا اور ویشنوی شرما (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کے بعد ہندوستان نے جی کملینی (ناٹ آؤٹ۵۶؍رن) اور جی تریشا  (۳۵؍رن)  کی شاندار بلے بازی کی بدولت خواتین کا انڈر۱۹؍ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ۹؍ وکٹ سے عبرتناک شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ فائنل میں ہندوستانی ٹیم خطاب کے لیے جنوبی افریقہ سے ٹکرائے گی۔
  ۱۱۴؍رن   کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی اوپننگ جوڑی جی کملینی اور جی تریشا نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۶۰؍ رن کی شراکت قائم کی  تاہم ۹؍ویں اوور میں فوبی بریٹ نے جی تریشا کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑ دیا۔ جی تریشا نے ۲۹؍ گیندوں پر۵؍ چوکے لگا کر۳۵؍ رن بنائے۔ اس کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والی سانیکا چالکے نے جی کملینی کے ساتھ جیت کی شراکت کی۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۱۵؍ اوورس میں ایک وکٹ پر۱۱۷؍  رن بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ جی کملینی نے ۵۰؍ گیندوں پر۸؍ چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ ۵۶؍رن بنائے  جبکہ سانیکا چالکے۱۱؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
 اس سے قبل ڈیوینا پیرین (۴۵؍ رن) اور کپتان ابی نورگرو (۳۰؍رن) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر انگلینڈ کی ٹیم نے خواتین کے انڈر۱۹؍ ٹی۲۰؍ کے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان کو جیت کیلئے ۱۱۴؍رن  کا ہدف دیا۔
   کوالالمپور میں جمعہ کو  انگلینڈ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ جمائما اسپینس اور ڈیوینا پیرین کی اوپننگ جوڑی نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۳۷؍ رن  جوڑے۔ پانچویں اوور میں پارونیکا سسودیا نے جمائما اسپینس (۹؍رن) کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ سیسودیا نے اگلی ہی گیند پر ٹرڈی جانسن (صفر) کو بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان ابی نورگرو نے ڈیوینا پیرین کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے  وکٹ کے لیے ۴۴؍ رن  کی شراکت ہوئی۔۱۲؍ویں اوور میں ایوشی شکلا نے ڈیوینا پیرین کو بولڈ کرکے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ ڈیوینا پیرین نے۴۰؍ گیندوں پر۴۵؍ رن  کی اننگز کھیلی۔

ایشلی وان وِک (۴؍ وکٹ) کے بعد جیما بوتھا (۳۷؍رن) اور کپتان کائیلا رینیکے (۲۶؍رن) کی شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے خواتین کے انڈر۱۹؍ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ۵؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ جمعہ کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
 آسٹریلیا کے ۱۰۵؍ رن کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے بہت جلد۲؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ تاہم اس دوران اوپنر جیما بوتھا ایک اینڈ پکڑے ہوئے تیزی سے رن بناتے رہے۔ انہوں نے۲۴؍ گیندوں پر ۵؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۳۷؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان کیلا رینیکے نے۲۶؍ گیندوں پر۳؍چوکوں کی مدد سے۲۶؍ رن بنائے۔ کارابو میسو  ۱۹؍رن پر  آؤٹ ہوئیں۔
 جنوبی افریقہ نے۱۸ء۱؍ اوورس میں ۵؍ وکٹ پر ۱۰۶؍ رن بنائے اور یہ میچ ۵؍ وکٹ سے جیت کر سیمی فائنل میں داخل ہو گیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے حسرت گل اور لوسی ہملٹن  نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ چلو آئنس ورتھ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل  جمعہ کو  آسٹریلیا کی انڈر۱۹؍ خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
 آسٹریلیا نے بیٹنگ کرتے ہوئے خراب شروعات کی کیونکہ اس نے ۱۲؍ رن کے اسکور پر ۲؍ وکٹ گنوا دیئے۔ اس کے بعد کپتان لوسی ہملٹن اور کائیموہے برے   نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ لوسی ہملٹن  (۱۸؍رن) تیسرا وکٹ گرا۔
  کائیموہے برے (۳۶؍رن) رخصت ہونے والے آخری آدمی تھے۔ ایلا برسکو نے۱۷؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سےناٹ آؤٹ ۲۷؍ رن  بنائے۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے بولنگ اٹیک کے خلاف مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ  پر ۱۰۵؍ رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایشلی وین وِک نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ انتھابی سینگ نینی، کیلا رینیکے اور سیشنی نائیڈو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔جنوبی افریقہ کا فائنل میں مقابلہ ہندوستان سے ہوگا جس نے انگلینڈ کی نوجوان بریگیڈیر کو آسانی سے شکست دےدی۔ دونوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ متوقع ہے اور یہ خطابی مقابلہ ۲؍ فروری کو اتوار کو کھیلا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK