بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کا سیریز میں دبدبہ برقرار رہنے کی امید۔ آسٹریلیائی میدان پر جسپریت کے سامنے کنگارو ؤں کا شکار کرنے کا چیلنج۔
EPAPER
Updated: November 22, 2024, 12:46 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کا سیریز میں دبدبہ برقرار رہنے کی امید۔ آسٹریلیائی میدان پر جسپریت کے سامنے کنگارو ؤں کا شکار کرنے کا چیلنج۔
نیوزی لینڈ سے گھر میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم جسپریت بمراہ کی کپتانی میں اب آسٹریلیا کے سخت چیلنج کے لئے تیار ہے۔ باقاعدہ کپتان روہت شرما کی غیر موجودگی میں، جسپریت بمراہ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم جمعہ کو پرتھ کے اوپٹس اسٹیڈیم میں پہلا ٹیسٹ کھیلے گی، تو نہ صرف بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی داؤ پر لگ جائے گی بلکہ عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل بھی داؤ پررہے گا۔ پرتھ ٹیسٹ کا نتیجہ ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی بنیاد کا کام کرے گا اور یہاں جیتنے والی ٹیم یقینی طور پر سیریز میں برتری حاصل کرے گی۔ ہندوستان کے لئے یہاں جیتنا اس لئے بھی ضروری ہے کہ سیریز کا دوسرا میچ گلابی گیند (ڈے نائٹ) سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا اور کنگارو نے یہاں گلابی گیند سے ۷؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں اور تمام میں فتح حاصل کی ہے۔ یعنی اگر ہندوستانی ٹیم پرتھ میں ہار جاتی ہے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ میزبان ٹیم ایڈیلیڈ میں دو صفرسے آگے ہو جائے گی اور پھر یہاں سے سیریز جیتنا اور یا اسے ڈرا کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔
راہ آسان نہیں ہوگی
اگرچہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے۱۹۔ ۲۰۱۸ء اور ۲۱۔ ۲۰۲۰ء کے دورے میں سیریز جیت لی تھی لیکن حال ہی میں نیوزی لینڈ نے جس طرح ہندوستان کو ان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں تاریخ میں پہلی بار تین صفرسے شکست دی تھی اس سے یقینی طور پر ہندوستانی ٹیم کے حوصلے پست ہوئے ہیں۔ ویسے بھی آسٹریلیا کے مقابلے ہندوستانی ٹیم بیک فٹ پر دکھائی دے رہی ہے۔ خاص طور پر ہندوستان کا تیز گیند بازی اٹیک آسٹریلیا کے مقابلے کمزور نظر آرہاہے۔ آسٹریلیا کے دورے کے لئے ٹیم میں ۶؍ تیز گیند بازوں کو شامل کیا گیا ہے لیکن وہ پیٹ کمنز، مچیل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کے سامنے کمتر نظر آتے ہیں۔ جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، محمد سراج، پرسدھ کرشنا، ہرشیت رانا اور نتیش ریڈی ہیں لیکن صرف بمراہ پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے۔ محمدسراج کا فارم اچھا نہیں ہے جبکہ باقی پہلی بار آسٹریلیا پہنچے ہیں۔
اگر ہم بلے بازی کی بات کریں تو یہاں بھی ہندوستان کی حالت زیادہ اچھی نہیں ہے۔ روہت شرما پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ پریکٹس کے دوران زخمی ہونے والے شبھمن گل کا کھیلنا یقینی نہیں ہے۔ وراٹ کوہلی کا موجودہ فارم سب کو اچھی طرح سے معلوم ہے اور کے ایل راہل جدوجہد کر رہے ہیں۔
ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں داخل ہونا مشکل
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے ٹیم انڈیا کا ریکارڈ تیسری مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل میں کھیلنا تقریباً یقینی لگ رہا تھا۔ لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف تین صفر سے شکست سے ٹیم کی راہ مشکل ہوگئی ہے۔ ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں پہنچنے کیلئے ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں چار صفر سے کامیابی حاصل کرنی ہوگی جو موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے بہت ہی مشکل نظر آرہا ہے۔ یہ اتنا ہی مشکل ہے جتنا دوستانہ فٹبال میچ میں ہندوستان کا برازیل یا ارجنٹائنا کو ہرانا۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گاوسکر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اب ہمیں ڈبلیو ٹی سی فائنل کے بارے میں بات کرنی چھوڑ دینی چاہئے۔
ہم نیوزی لینڈ سےملنے والی
شکست کا بوجھ اٹھاکر نہیں آئے ہیں : بمراہ
پرتھ، (ایجنسی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کارگزار کپتان جسپریت بمراہ نے جمعرات کو کہا کہ ان کی ٹیم گھریلو سیریز میں نیوزی لینڈ سے تین صفرکی شکست کا بوجھ لے کر یہاں نہیں آئی ہے۔
آج یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بمراہ نے کہا ’’جب آپ جیتتے ہیں تو آپ صفر سے شروعات کرتے ہیں لیکن جب آپ ہار جاتے ہیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ ہم ہندوستان سے کوئی بوجھ نہیں لائے ہیں۔ ہم نے نیوزی لینڈ سیریز سے سبق سیکھا ہے لیکن یہاں حالات مختلف ہیں اور یہاں ہمارے نتائج مختلف رہے ہیں۔ ‘‘
انہوں نے کہا کہ ۱۱؍ کھلاڑیوں کی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس بارے میں کل صبح میچ شروع ہونے سے پہلے سب کو پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فائنل الیون کا فیصلہ کر لیا ہے اور آپ کو صبح میچ سے پہلے پتہ چل جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ۵؍ میچوں کی بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز کا آغاز جمعرات سے ہو رہا ہے۔