• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یو ایس اوپن ۲۰۲۴ء: اوساکا نے اوسٹاپینکو کو شکست دی، الکاراز بھی کامیاب

Updated: August 29, 2024, 11:58 AM IST | New York

جاپان کی خاتون کھلاڑی یوایس اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچیں۔ ایگا سواتیک پہلے راؤنڈ میں فاتح۔ ڈین نے ریکارڈ ۵؍ گھنٹے۳۵؍منٹ میں میچ جیتا۔

Star player Carlos Alcaraz. Photo: PTI.
اسٹار کھلاڑی کارلوس الکا راز۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

ایک سال کے بعد یو ایس اوپن میں کھیلنے  والی نومی اوساکا نے اپنے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کی۔ ایک سال قبل جاپان کی خاتون کھلاڑی کو امریکہ میں  لیجنڈری تیراک مائیکل فیلپس کے ساتھ ذہنی صحت کے موضوع پر ایک مباحثے میں دیکھا گیا تھا۔ اس وقت وہ نہیں جانتی تھیں کہ دوبارہ کورٹ پر آئیں گی۔ 
 ایک سال کے بعد اوساکا نے منگل کی رات لوئس آرمسٹرانگ اسٹیڈیم میں ۱۰؍ویں رینک کی جیلینا اوسٹاپینکو کو۲۔ ۶، ۳۔ ۶؍ سے شکست دی اور سال کے چوتھے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کے اگلے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کرلیا۔ ۴؍ سال میں پہلی بار انہوں نے ٹاپ ۱۰؍ میں شامل کسی کھلاڑی کو شکست دی ہے۔ اب ان کا مقابلہ ۲۰۲۳ء کی فرنچ اوپن کی رنر اپ کیرولینا موچووا سے ہوگا جنہوں نے امریکہ کی کیٹی وولینیٹس کو ۳۔ ۶، ۵۔ ۷؍سے شکست دی۔ خواتین کے زمرے میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی ایگا سواتیک نے کمیلا راکھیمووا کو۴۔ ۶، ۶۔ ۷؍سے شکست دی۔ اگرچہ پولینڈ کی ایگا نے لگاتار سیٹس میں کامیابی حاصل کی لیکن اس کیلئے انہیں تقریباً ۲؍ گھنٹے تک پسینہ بہانا پڑا۔ اس دوران۱۱؍ ویں سیڈ امریکی ڈ ینیل کولنس کو ہم وطن کیرولین ڈولہائیڈ نے۶۔ ۱، ۵۔ ۷، ۴۔ ۶؍ سے شکست دی۔ دوسری جانب ۲۰۲۰ء کی آسٹریلین اوپن چمپئن صوفیہ کینن نے ۲۰۲۱ء کی یو ایس اوپن کی فاتح ایما راڈوکانو کو ۱۔ ۶، ۶۔ ۳، ۴۔ ۶؍ سے شکست دی۔ 
مردوں کے زمرے میں ۴؍ بار کے گرینڈ سلیم چمپئن اسپین کے کارلوس الکاراز نے آسٹریلیا کے کوالیفائر کھلاڑی کے لی ٹو کو تقریباً پونے ۳؍ گھنٹے میں ۶۔ ۲، ۶۔ ۴، ۳۔ ۶، ۱۔ ۶؍ سے شکست دی۔ آرتھر ایش اسٹیڈیم میں یہ میچ کھیلا گیا تھا۔ دریں اثنا، مارچ میں دو ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے معاملے میں کلین چٹ ملنے کے بعد دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی یانک سنر نے میکی میکڈونالڈ کو۶۔ ۲، ۲۔ ۶، ۱۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے شکست دی۔ یہ میچ ۲؍ گھنٹے۲۴؍ منٹ تک جاری رہا۔ 
 یو ایس اوپن میں برطانیہ کے ڈین ایونس اور روس کے کیرن خاچانوف کے درمیان پہلے راؤنڈ کا میچ ۵؍ گھنٹے ۳۵؍ منٹ تک جاری رہا جو کہ ٹورنامنٹ میں ایک ریکارڈ ہے۔ ۱۹۷۰ء میں ٹائی بریکرس کے آغاز کے بعد سے یہ ٹورنامنٹ کا سب سے طویل میچ ہے۔ ایونس نے عالمی نمبر ۲۲؍خاچانوف کو۷۔ ۶، ۶۔ ۷، ۶۔ ۷، ۶۔ ۴، ۴۔ ۶؍ سے شکست دی۔ ایونس پانچویں سیٹ میں ۰۔ ۴؍ سے پیچھے تھے لیکن اس کے بعد انہوں نے حیران کن طور پر لگاتار ۶؍ گیمز جیت کر تاریخی میچ جیت لیا۔ آخری پوائنٹ پر۲۲؍ شاٹس کی ریلی تھی۔  طویل ترین میچ کا پچھلا ریکارڈ ۵؍ گھنٹے ۲۶؍ منٹ کا تھا جب سویڈن کے اسٹیفن ایڈبرگ نے ۱۹۹۲ء کے یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں امریکہ کے مائیکل چانگ کو شکست دی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK