• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوایس اوپن : دفاعی چمپئن نوواک جوکووچ اور کوکو گف نےپہلے راؤنڈ کی رکاوٹ پار کرلی

Updated: August 28, 2024, 12:00 PM IST | Agency | New York

سال کے چوتھے گرینڈ سلیم کے پہلے روز بڑے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آرینا سبالینکا اور جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو بھی اگلے راؤنڈ میں داخل۔

Novak Djokovic. Photo: INN
نوواک جوکووچ۔ تصویر : آئی این این

سال کے چوتھے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ یوایس اوپن کے پہلے دن پیر کو تمام اہم سیڈ کھلاڑیوں نے اپنے اپنے میچ جیت لئے، نوواک جوکووچ اور کوکوگف نے شاندار آغاز کیا۔ آرینا سبالینکا اورالیگزینڈر زیوریو بھی دوسرے راؤنڈ میں داخل ہوئے۔ 
  موجودہ چمپئن نوواک جوکووچ اور کوکو گف نے یو ایس اوپن میں خطاب کی دفاعی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ پیر کی رات کھیلے جانے والے پہلے راؤنڈ کے میچ میں دونوں نے لگاتار سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے علاوہ خواتین کے زمرے میں بیلاروس کی سیکنڈ سیڈ آرینا سبالینکا اور مردوں کی کیٹیگری میں چوتھی سیڈیافتہ جرمنی کے الیگزینڈر زیوریو بھی اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ 
لگاتارسیٹس میں جوکووچ کامیاب 
  سال کے چوتھے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے دن سربیا کے سیکنڈ سیڈ جوکووچ نے مالدووا کے کوالیفائرراڈو البوٹ کو۲۔ ۶، ۲۔ ۶، ۴۔ ۶؍ سے شکست دی۔ انہوں نے یو ایس اوپن میں اپنا ۸۹؍ واں میچ جیت کر راجر فیڈرر کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ جوکووچ ریکارڈ۲۵؍ ویں گرینڈ سلیم خطاب کے خواہاں ہیں۔ جوکووچ کا اگلا مقابلہ ان کے ہم وطن لاسزلو جیرے سے ہوگا جنہوں نے میراتھن میچ میں اسپین کے جان لینارڈ اسٹرف کو شکست دی۔ ۳؍ گھنٹے ۵۳؍منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں جیرے نے۷۔ ۶، ۱۔ ۶، ۷۔ ۶، ۴۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے کامیابی حاصل کی۔ خیال رہے کہ ایک سال قبل جوکووچ یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں جانے سے پہلے دو سیٹ ہار گئے تھے لیکن اس کے بعد وہ واپس آئے اور ۵؍ سیٹوں میں میچ جیت لیاتھا۔ 
تھیم اپنے کریئر کا آخری میچ ہار گئے
  امریکی کھلاڑی اور گزشتہ سال سیمی فائنل میں پہنچنے والے۱۳؍ویں سیڈ بین شیلٹن نے ۲۰۲۰ء کے چمپئن آسٹریا کے ڈومینک تھیم کو۴۔ ۶، ۲۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے شکست دی۔ یہ۳۰؍ سالہ تھیم کا یو ایس اوپن میں آخری میچ تھا کیونکہ وہ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس سیزن کے بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ انہوں نے اپنے۱۳؍ سالہ پیشہ ورانہ کریئر میں کل ۱۷؍ سنگلز ٹائٹل جیتے ہیں، جن میں ایک گرینڈ سلیم (۲۰۲۰ء، یو ایس اوپن) بھی شامل ہے۔ وہ ۳؍ بار گرینڈ سلیم کے فائنل میں بھی پہنچےجن میں آسٹریلین اوپن ۲۰۲۰ء اور فرنچ اوپن ۲۰۱۸ء اور ۲۰۱۹ء شامل ہیں۔ 
سیڈیڈ کھلاڑی پہلے راؤنڈ میں باہر
 مردوں کے زمرے میں جن سیڈیڈ کھلاڑیوں کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑاان میں ۱۵؍ویں سیڈ ہولگر رونے تھے جنہیں امریکہ کے برینڈن نکاشیما نے ۲۔ ۶، ۱۔ ۶، ۴۔ ۶؍ سے شکست دی۔ مردوں کے زمرے میں آگے بڑھنے والوں میں چھٹے سیڈ آندرے روبلیو، آٹھویں سیڈ کیسپر رُوڈ، ۹؍ویں سیڈ اور ۲۰۲۲ء کے رنر اپ گریگور دیمتروف اور۱۲؍ویں سیڈ ٹیلر فرٹز شامل ہیں۔ زیوریو نے ہم وطن میکسیملین مارٹیر کو۲۔ ۶، ۷۔ ۶، ۳۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے شکست دی۔ 
کوکوگف کا دبدبہ 
 خواتین کے سنگلز میں دفاعی چمپئن کوکو گف نے پہلے راؤنڈ میں ورارا گرچیوا کو۰۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے شکست دی۔ گف حال ہی میں خراب فارم کے ساتھ جدوجہد کر رہی تھیں لیکن یہاں وہ شروع سے آخر تک حاوی رہیں۔ ۲۰۱۷ء کی چمپئن سلوین اسٹیفنس نے کلارا بریل کے خلاف پہلے ۹؍ گیمز جیتے لیکن ۶۔ ۰، ۵۔ ۷، ۵۔ ۷؍ سے ہار گئیں۔ سبالینکا نے پریسیلا ہون کو اسٹریٹ سیٹس میں ۳۔ ۶، ۳۔ ۶؍ سے شکست دی۔ خواتین کے زمرے میں دیگر سیڈیڈ کھلاڑی جنہوں نے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی ان میں ساتویں سیڈ زینگ کیان وین،۲۴؍ ویں سیڈ یڈونا ویکیچ اور۱۲؍ ویں سیڈ ڈاریہ کساتکینا شامل ہیں۔ میڈیسن کیز اور ۹؍ویں سیڈ ماریہ سکاری دائیں کندھے کی انجری کے باعث سیٹ ادھورا چھوڑنے کے بعد میچ سے دستبردار ہوگئیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK