• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سے یو ایس اوپن کا آغاز، اولمپکس گولڈ میڈلسٹ جوکووچ کی خطاب پر نظر

Updated: August 26, 2024, 11:38 AM IST | New York

گزشتہ۲۰؍ برسوں میں سوئس لیجنڈ راجر فیڈرر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی لگاتار دوسری بار یہ ٹرافی نہیں جیت سکاہے۔ اگر جوکووچ اپنے خطاب کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ راجر فیڈرر کے بعد ایسا کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہوں گے۔

US Open seeded players from 2021 onwards. Photo: INN.
یوایس اوپن میں ۲۰۲۱ء سے اول سیڈ پانے والے کھلاڑی۔ تصویر: آئی این این۔

آج سے سال کا چوتھا اور آخری گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کا آغاز ہورہا ہے جس میں نوواک جوکووچ، کارلوس الکاراز، الیگزینڈر زیوریو، ستسپاس اور یانک سنر ٹرافی جیتنے کے دعویدار ہیں۔ عالمی نمبر ۲؍کھلاڑی جوکووچ پیر سے شروع ہونے والے یو ایس اوپن میں اپنا ریکارڈ۲۵؍ واں گرینڈ سلیم جیتنے کی کوشش کریں گے۔ 
پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ءمیں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ۳۷؍ سالہ سربیائی کھلاڑی نوواک جوکووچ کے حوصلے بلند ہیں۔ ان کے علاوہ نمبر ون یانک سنر، روس کے ڈینیل میدویدیف، الیگزینڈر زیوریو اور اسٹیفانوس ستسپاس بھی دعویداروں میں شامل ہیں۔ جرمنی کے زیوریو کے علاوہ یہ سبھی ایک ہی نصف میں ہیں۔ 
گزشتہ۲۰؍ برسوں میں سوئس لیجنڈ راجر فیڈرر کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی لگاتار دوسری بار یہ ٹرافی نہیں جیت سکاہے۔ اگر جوکووچ اپنے خطاب کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ راجر فیڈرر کے بعد ایسا کرنے والے دوسرے کھلاڑی ہوں گے۔ فیڈرر نے ۲۰۰۴ء سے۲۰۰۸ء تک لگاتار ۵؍ ٹائٹل جیتے تھے۔ اس ٹرافی کے ساتھ جوکووچ ٹائٹل کی سنچری بھی مکمل کرنا چاہیں گے۔ اب ان کے نام کل ۹۹؍ ٹائٹلز ہیں جن میں ۲۴؍ گرینڈ سلیم شامل ہیں۔ جوکووچ اپنی مہم کا آغاز منگل کو مالدووا کے ۱۳۸؍ویں نمبر کے کھلاڑی راڈو البوٹ کے خلاف کریں گے۔ 
امریکی سنسنیشن کوکو گاف اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ تاہم ان کی راہ آسان نہیں ہو گی۔ انہیں عالمی نمبر وَن ایگا سواتیک، دفاعی رنر اپ آرینا سبالینکا کے ساتھ ساتھ پیرس اولمپکس چمپئن چین کی کن وین زینگ سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تھرڈ سیڈیڈ کوکو کا مقابلہ پہلے راؤنڈ میں فرانس کی ورارا گرچیوا سے ہوگا۔ اگر کوکو ٹرافی جیتتی ہیں تو وہ سیرینا ولیمز کے بعد گزشتہ ۱۰؍برسوں میں ایسا کرنے والی پہلی کھلاڑی ہوں گی۔ سیرینا یہاں ۲۰۱۲ء سے۲۰۱۴ء تک مسلسل ۳؍ بار چمپئن بنی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سبالینکا پہلے راؤنڈ میں پرسکیلا ہان، ایگا روس کی کوالیفائر کیملا راکھیمووا اور الینا ریباکینا آسٹریلیا کی ڈیسٹینی ایوا کے خلاف کھیلیں گی۔ ان کے علاوہ نومی اوساکا، ایلینا سویٹولینا، ماریا سکاری، پاؤلا بدوسا اور میڈیسن کیز بھی اپنی طاقت دکھائیں گی۔ 
ہندوستانی کھلاڑی سمیت ناگل جو ۴؍ سال بعد یو ایس اوپن کے مین راؤنڈ میں کھیلنے والے ہیں، ان کا پہلا مقابلہ نیدرلینڈس کے ٹیلون اسپور سے ہوگا۔ ناگل اس سے پہلے ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۰ء کے مین راؤنڈ میں کھیل چکے ہیں۔ ۲۰۲۰ء میں وہ دوسرے راؤنڈ تک پہنچے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK