نوارو نے پہلی بار گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ فرٹز اور فرانسس کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ ہوگا اور دونوں ہی امریکہ کے ٹینس کھلاڑی ہیں ۔
EPAPER
Updated: September 05, 2024, 12:40 PM IST | New York
نوارو نے پہلی بار گرینڈ سلیم کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ فرٹز اور فرانسس کے درمیان سیمی فائنل مقابلہ ہوگا اور دونوں ہی امریکہ کے ٹینس کھلاڑی ہیں ۔
امریکہ کی ایما نوارو نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں ان کا مقابلہ آرینا سبالینکا سے ہوگا۔ ۱۳؍ویں سیڈ نوارو نے، جو پہلی بار کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے آخری ۴؍ میں پہنچیں، نے منگل کو فلشنگ میڈوز میں ہم وطن پاؤلا بدوسا کو۲۔ ۶، ۵۔ ۷؍ سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میچ میں انہوں نے آخری ۶؍ گیمز جیت کر ٹیبل کا رخ موڑ دیا۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں دفاعی چمپئن کوکو گاف کے خلاف بھی ایسی ہی کارکردگی پیش کی تھی۔ دوسری سیڈ سبالینکا کو ساتویں سیڈ زینگ کیان وین شکست دینے میں ناکام رہیں۔ سبالینکا نے پیرس اولمپکس کی گولڈ میڈلسٹ کو۱۔ ۶، ۲۔ ۶؍ سے ہرا دیا۔ مردوں کے سنگلز میں امریکہ کے کھلاڑی فرٹز ٹیلر اور فرانسس ٹیافو نے بھی سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
تجربہ کار ٹینس کھلاڑی راجر فیڈرر نے بھی خواتین کے اس میچ کو دیکھا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ پہلی بار یو ایس اوپن میں بحیثیت تماشائی پہنچے تھے۔ آسٹریلین اوپن چمپئن سبالینکا سال کا اپنا دوسرا اور مجموعی طور پر تیسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ وہ یو ایس اوپن میں مسلسل چوتھی بار سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔ سبالینکا گزشتہ سال رنر اپ تھیں۔
بیلاروس کی۲۶؍ سالہ سبالینکا نے میچ کے بعد کہاکہ `جب میں نے راجر فیڈرر کو شائقین میں دیکھا تو مجھے لگا کہ وہ فرانسس ٹیافو اور گریگور دیمتروف کے درمیان میچ دیکھنے آئے ہیں۔ پھر بھی میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے اپنا بہترین ٹینس کھیلنا ہے تاکہ وہ اس سے لطف اندوز ہوسکیں۔
مردوں کے کوارٹر فائنل میچ میں امریکہ کے ۱۲؍ ویں سیڈیافتہ ٹیلر فرٹز نے۲۰۲۰ء کے یو ایس اوپن کے رنر اپ الیگزینڈر زیوریو کو۶۔ ۷، ۶۔ ۳، ۴۔ ۶، ۶۔ ۷؍ سے شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اب ان کا مقابلہ ان کے ہی ہم وطن کھلاڑی ٹیافو فرانسس سے ہوگا۔ فرانسس نے کوارٹر فائنل میں گریگور دیمتروف کو ۳۔ ۶، ۷۔ ۶، ۳۔ ۶، ۱۔ ۴؍ سے شکست دے دی۔ دیمتروف نے اپنا آخری سیٹ مکمل نہیں کیا اور وہ باہر ہوگئے۔
بوپنا اور سوتجیادی کی جوڑی سیمی فائنل میں ہار گئی
ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور ان کی انڈونیشیائی جوڑی دار الڈیلا سوتجیادی مکسڈ ڈبلز سیمی فائنل میں امریکی جوڑی ڈونالڈ ینگ اور ٹیلر ٹاؤن سینڈ کے ہاتھوں ۳۔ ۶، ۴۔ ۶؍ سے ہارنے کے بعد یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ ہندوستان-انڈونیشیا کی جوڑی نے اس سے قبل چیک جمہوریہ کے میتھیو ایبڈن اور باربورا کریجکووا کو ایک گھنٹہ۳۰؍ منٹ سے زیادہ کے کوارٹر فائنل میچ میں شکست دی تھی۔ ۴۴؍ سالہ بوپنا پہلے ہی مردوں کے ڈبلز سے باہر ہو چکے تھے۔ وہ اور ایبڈن کو تیسرے راؤنڈ میں میکسیمو گونزالیز اور اینڈریس مولٹینی کی۱۶؍ ویں سیڈ ارجنٹائنی جوڑی سے۱۔ ۶، ۵۔ ۷؍ سے شکست ہوئی۔