• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عثمان خواجہ انگلینڈ کیخلاف لگاتار۵؍دنوں تک بلے بازی کیلئے میدان پر اترے تھے

Updated: June 23, 2023, 12:54 PM IST | London

آسٹریلیا ئی کرکٹ ٹیم کے بلے باز نےٹیسٹ میچ کے پانچوں دن بلے بازی کرنے والے دنیا کے ۱۳؍ویں بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل کیا،ہندوستان کےجے سمہا پہلے بلےباز تھے

Australian batsman Usman Khawaja
آسٹریلیائی بلے باز عثمان خواجہ

 ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیائی بلے باز عثمان خواجہ نے کمال کر دیا اور ان کی شاندار کارکردگی کیلئے انہیں پلیئر آف دی میچ کا خطاب دیا گیا۔ واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے دوران ۱۴۱؍ رن بنائے اور دوسری اننگز میں ۶۵؍رنوں کی کارآمد اننگز کھیلی ۔ عثمان خواجہ کی اننگز کی وجہ سے انگلینڈ کی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ بتا دیں کہ اس میچ کے دوران عثمان خواجہ نے ایک خاص ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ 
 عثمان خواجہ ایک ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن بلے بازی  کے لئے میدان پر آنے والے دنیا کے ۱۳؍ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ یہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ آسٹریلیا کےعثمان خواجہ ایشیز کی تاریخ میں ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن بیٹنگ کرنے والے صرف تیسرے کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ان سے قبل انگلینڈ کے جیفری بائیکاٹ (۱۹۷۷ء) اور روری برنز (۲۰۱۹ء) نے ایشز میں کھیلتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔جیوف بائیکاٹ نے یہ کارنامہ ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں جبکہ روری برنز نے ایجبسٹن ٹیسٹ میچ میں پانچوں دن بلے باز کی تھی۔
 عثمان خواجہ سے پہلے ٹیسٹ میچ میں ۵؍ دن بلے بازی کا کارنامہ انجام دینے والے آسٹریلوی کھلاڑی کم ہیوجز تھے جنہوں نے ۱۹۸۰ءمیں لارڈس ٹیسٹ میچ کے دوران ۵؍ دن تک بلے باز کی تھی۔ ہندوستان کے ایم ایل جے سمہا ٹیسٹ میں ایسا کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ وہ ایڈن گارڈنس میں آسٹریلیا کےخلاف ۱۹۶۰ءکے کولکاتا ٹیسٹ میچ میں پانچوں دن بلے بازی کےلئے میدان پر آئے تھے۔ اس کے علاوہ  ٹیم انڈیا کی جانب سے روی شاستری اور چیتشور پجارا نے ایسا کارنامہ کر دکھایا ہے۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ عثمان خواجہ اور جیفری بائیکاٹ ہی ایسے بلے باز ہیں جو ۵؍دنوں تک بلے بازی کیلئے میدان پر اترے تھے اور ان کی ٹیم نے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
 عثمان خواجہ نے پہلی اننگز میں ۱۴۱؍ اور دوسری اننگز میں ۶۵؍ن بنائے تھے۔ایسا کرتے ہوئے انہوں نے ایک اور کارنامہ اپنے نام کر لیا ہے۔عثمان خواجہ ۱۹۸۹ء کے بعد آسٹریلیا کے پہلے  افتتاحی بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے انگلینڈ میں کھیلتے ہوئے ٹیسٹ میچ کے دوران سنچری اور نصف سنچری بنائی ہے۔ اس سے قبل ایسا ۱۹۸۹ءمیں ہوا تھا جب مارک ٹیلر نے انگلینڈ کے شہر لیڈز میں ٹیسٹ کھیلتے ہوئے بطور اوپنر ۱۳۶؍ اور ۶۰؍رن بنائے تھے۔ بتا دیں کہ عثمان خواجہ نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں اب تک ۱۵؍سنچریاں اسکور کی ہیں اور یہ انگلینڈ کے خلاف ان کی چوتھی سنچری تھی۔
 دریں اثناء عثمان خواجہ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے اب تک کے کریئر کی بہترین کارکردگی کہی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK