کرکٹ برادری اس کے جرات مندانہ اسٹروک پلے سے خوفزدہ ہوسکتی ہے، لیکن۱۴؍ سالہ ویبھو سوریہ ونشی کے لئے پہلی گیند پر چھکا لگانا ایک عام سی بات ہے کیونکہ حالات ان پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 30, 2025, 12:01 PM IST | Agency | Jaipur
کرکٹ برادری اس کے جرات مندانہ اسٹروک پلے سے خوفزدہ ہوسکتی ہے، لیکن۱۴؍ سالہ ویبھو سوریہ ونشی کے لئے پہلی گیند پر چھکا لگانا ایک عام سی بات ہے کیونکہ حالات ان پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتے ہیں۔
کرکٹ برادری اس کے جرات مندانہ اسٹروک پلے سے خوفزدہ ہوسکتی ہے، لیکن۱۴؍ سالہ ویبھو سوریہ ونشی کے لئے پہلی گیند پر چھکا لگانا ایک عام سی بات ہے کیونکہ حالات ان پر زیادہ اثر انداز نہیں ہوتے ہیں۔ سوریہ ونشی نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف۱۱؍ چھکوں اور ۷؍ چوکوں کی مدد سے۳۸؍ گیندوں پر ۱۰۱؍ رن بنا کر ٹی۲۰؍ کرکٹ میں اب تک سب سے کم عمر سنچری بنا کر آئی پی ایل میں ہلچل مچا دی ہے۔
آئی پی ایل میں یہ ان کا تیسرا میچ تھا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف اپنا پہلا آئی پی ایل میچ کھیلتے ہوئے انہوں نے۲۰؍ گیندوں پر۳۴؍ رن بنائے اور اپنی اننگز کے دوران پہلی گیند پر چھکا لگایا۔ ویبھو نے پیر کی رات جے پور گجرات ٹائٹنس کے خلاف فتح کے بعد آئی پی ایل ٹی۲۰؍ ویب سائٹ کو بتایا کہ ’’یہ میرے لئے ایک عام بات تھی۔ میں انڈر۱۹؍ اور ڈومیسٹک سطح پر ہندوستان کیلئے بھی کھیل چکا ہوں جہاں میں نے پہلی گیند پر چھکے لگائے ہیں۔ مجھ پر پہلی۱۰؍ گیندیں کھیلنے کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔ میرے ذہن میں یہ واضح تھا کہ اگر گیند میری رینج میں آئی تو میں اسے ماروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ `ایسا نہیں تھا کہ میں سوچ رہا تھا کہ یہ میرا پہلا میچ ہے۔ ہاں، ایک بین الاقوامی بولر تھا (میرے سامنے) اور اسٹیج بڑا تھا لیکن میں نے صرف اپنے کھیل پر توجہ دی۔‘‘
سمستی پور، بہار کا یہ نوجوان کھلاڑی آئی پی ایل شروع ہونے کے ٹھیک ۳؍ سال بعد پیدا ہوا۔ ویبھوسوریہ ونشی نے اپنے والد سنجیو اور ماں آرتی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس مقام تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جو کچھ بھی ہوں اپنے والدین کی وجہ سے ہوں۔ میری پریکٹس کے شیڈول کی وجہ سے میری والدہ رات۱۱؍ بجے سوتی ہیں اور صبح۳؍ بجے اٹھتی ہیں۔ اس طرح وہ مشکل سے ۳؍ گھنٹے سو پاتی ہیں۔ویبھو نے کہاکہ ’’ `میرے والد نے میرے لئے اپنی ملازمت چھوڑ دی۔ میرا بڑا بھائی کام کی دیکھ بھال کر رہا ہے اور بڑی مشکل سے گھر چل رہا ہے لیکن پاپا میرا ساتھ دے رہے ہیں۔ خدا اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ محنت کرنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے۔ جو نتائج ہم دیکھ رہے ہیں اور میں جو کامیابی حاصل کر رہا ہوں وہ سب میرے والدین کی وجہ سے ہے۔ ۱۴؍ سالہ نوجوان اسپاٹ لائٹ میں رہنے کے باوجود اپنے کھیل پر توجہ دینا چاہتا ہے اور اس کا مقصد ہندوستان کے لیے طویل عرصے تک کھیلنا ہے۔ سوریہ ونشی نے کہا کہ `میں ہندوستان کیلئے کھیلنا چاہتا ہوں اور اس کیلئے مجھے سخت محنت کرنی ہوگی۔ میں اس سطح تک پہنچنے تک محنت کرنا بند نہیں کر سکتا۔ ملک کیلئے اچھی کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔
سچن سے لے کر یوراج تک متعدد کھلاڑیوں نے ویبھو سوریہ ونشی کی بھرپور ستائش کی
کرکٹ کی دنیا کی مشہور شخصیات بشمول لیجنڈ سچن تینڈولکر نے ۱۴؍سالہ بلے بازویبھو سوریہ ونشی کی زبردست ستائش کی اور اسے ملک کا ابھرتا ہوا ستارہ قرار دیا۔ یاد رہے کہ پیر کی شب راجستھان رائلز کے لئے کھیلتے ہوئے، ویبھو نے آئی پی ایل کے میچ میں گجرات ٹائٹنس کے خلاف جارحانہ انداز میں محض ۳۵؍گیندوں میں سنچری بنادی ۔ اس طرح سے وہ سب سے کم عمر میں ٹی ۲۰؍ سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔ ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل میں سب سے تیز سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا جو اَب تک یوسف پٹھان کے نام تھا ۔ انہوں نے ۳۷؍ گیندوں میں سنچری بنائی تھی ۔ واضح رہے کہ ویبھو سوریہ ونشی اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب ۱۵؍ سال پہلے یوسف پٹھان نے سنچری بنائی تھی۔
سچن تینڈولکر نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’’ویبھو کابے خوف انداز، بلے بازی کی رفتار، گیند کی پچ کو فوراً بھانپ لینے کا انداز اورر اپنی تمام تر توانائی گیند کو اسٹینڈ میں پہنچانے پر لگانا ہی اس کی شاندار اور یادگار اننگز کا نسخہ تھا ۔‘‘ آل راؤنڈر یوسف پٹھان نے ویبھو کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’’اس نوجوان کو میرا ریکارڈ توڑنے پر بہت بہت مبارکباد۔ اسے راجستھان رائلز کیلئے کھیلتے دیکھنا اور بھی خاص ہے، جیسا کہ میں نے کیا تھا۔‘‘
سابق کرکٹر یوراج سنگھ نے ویبھو کیلئے لکھا اور پوری دنیا سے پوچھا کہ ’’آپ ۱۴؍ سال کی عمر میں کیا کر رہے تھے؟ یہ بچہ پلک جھپکائے بغیر دنیا کے بہترین گیند بازوں کا انتہائی بے خوفی سے سامنا کررہا ہے۔ ویبھو سوریہ ونشی ، نام یاد رکھیں!‘‘ کرس شری کانت نے ویبھوکو ہندوستانی کرکٹ کا اگلا سپر اسٹار قرار دیا۔ سری کانت نے کہا کہ ۱۴؍ سال کی عمر میں زیادہ تر بچے خواب دیکھتے ہیں اور آئس کریم کھاتے ہیں لیکن اس بچے نے مخالف گیند بازوں کی نیندیں اڑادی ہیں۔اس کی ہمت اور بے خوفی اس کی عمر سے کہیں زیادہ ہے۔ سابق گیند باز ایان بشپ کہا کہ آپ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کر سکتے کہ ویبھو نے ہوش اڑادینے والی اننگز کھیلی۔
ویبھو کے وطن سمستی پور میں جشن کا ماحول
ویبھو سوریہ ونشی کے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء میں تاریخ رقم کرنے پر جشن کا ماحول ہے ۔ آئی پی ایل۲۰۲۵ء میں پیر کی رات کھیلے جانے والے میچ میں بہار کے سمستی پور ضلع کے تاجپور کے لعل ویبھو سوریہ ونشی نے صرف۳۵؍ گیندوں میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکاڈ اپنے نام کیا جس پر سمستی پور میں لوگوں نے پٹاخے پھوڑ کر خوشی کا اظہار کیا۔ جیسے ہی ویبھو کے سنچری بنانے کی خبر ملی تو سمستی پور میں کرکٹ کھلاڑیوں اور مقامی لوگوں نے پٹاخے پھوڑ کر جشن منایا۔ سمستی پور کرکٹ اکیڈمی کے بانی اور ویبھو کے بچپن کے کوچ برجیش جھا نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔