۶۴؍ گیندوں پر ۱۱۲؍ رن بنائے، جموں کشمیرکے ۳۷۷؍ رنوں کے جواب میں میزورم کی ٹیم ۲۰۹؍ رنوں پر آل آؤٹ۔
EPAPER
Updated: January 01, 2025, 1:00 PM IST | Agency | New Delhi
۶۴؍ گیندوں پر ۱۱۲؍ رن بنائے، جموں کشمیرکے ۳۷۷؍ رنوں کے جواب میں میزورم کی ٹیم ۲۰۹؍ رنوں پر آل آؤٹ۔
جموں کشمیر کے کھلاڑی عبد الصمد نے ہندوستان کے گھریلو یکروزہ ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی میں اپنی بلے بازی سے ہلچل مچادی۔ جموں و کشمیر کیلئے کھیلتے ہوئے انہوں نے میزورم کے خلاف مضبوط سنچری بنائی ہے۔ عبدالصمد نے ۶۴؍ گیندوں پر ۱۱۲؍ رن بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۹؍چوکے اور۶؍ چھکے بھی لگائے۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ۱۷۵؍تھا۔
میزورم کے کپتان بابی زوتھانسنگا نے جموں کشمیر کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم یہ فیصلہ بہت غلط ثابت ہوا۔ طوفانی بلے بازی کی وجہ سے جموں کشمیر نے ۵۰؍اوورز میں ۶؍وکٹ پر۳۷۷؍رن بنائے۔ عبدالصمد نے سب سے زیادہ۱۱۲؍ رن بنائے۔ اس کے علاوہ لون ناصر(۷۲)، شبھم کھجوریا(۶۰) اور ویورانت شرما(۵۷) نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کپتان پارس ڈوگرا نے ۳۹؍رن کی اننگز کھیلی۔ میزورم کی جانب سے بوبی جوتھن سانگا نے سب سے زیادہ ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ موہت جانگڑا، کے سی کریپا اور للہریترینگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کئے۔ میزروم کی ٹیم ۴۲ء۲؍ اووروں میں ۲۰۹؍ رنوں پرآل آؤٹ ہوگئی۔ میزورم کی طرف سے اگنی چوپڑہ نے سب سے زیادہ ۷۶؍ گیندوں میں ۷۵؍رن بنائے۔
واضح رہےکہ آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کی میگا نیلامی میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے عبدالصمد کو۴ء۲۰؍ کروڑ روپے کی خطیر رقم دے کر خریدا۔ عبدالصمد کو نیلامی سے قبل سن رائزرز حیدرآباد نے ریلیز کیا تھا۔ حیدرآباد نے بھی اس کے لیے رائٹ ٹو میچ کارڈ کا استعمال نہیں کیا۔ عبدالصمد اب لکھنؤ کی جرسی میں کھیلتے نظر آئیں گے۔
عبدالصمد کا کریئر
۲۳؍سالہ عبدالصمد نے سن رائزرز حیدرآباد کیلئے کھیلتے ہوئے۲۰۲۰ء میں آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا۔ تاہم وہ ابھی تک آئی پی ایل میں خود کو مکمل طور پر ثابت نہیں کر پائے ہیں ۔ انہوں نے۵۰؍ میچوں میں ۱۴۶؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے ۵۷۷؍ رن بنائے ہیں۔ آئی پی ایل کے علاوہ عبدالصمد نے ۲۸؍ فرسٹ کلاس میچوں میں ۶؍سنچریوں اور اتنی ہی نصف سنچریوں کی مدد سے۱۵۶۷؍رن بنائے ہیں۔