• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وراٹ کوہلی اور ایّر ٹیسٹ سیریز سے باہر

Updated: February 11, 2024, 11:42 AM IST

انگلینڈ کے خلاف آخری ۳؍ٹیسٹ میچوں کیلئے جڈیجا، سراج اور راہل کی واپسی۔

Virat Kohli. Photo: INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر : آئی این این

انگلینڈ کے خلاف آخری ۳؍ ٹیسٹ کیلئے ہندوستان کی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں وراٹ کوہلی اور شریاس ایّر کو ۱۷؍ رکنی ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے جبکہ رویندر جڈیجا، سراج اور کے ایل راہل کی واپسی ہوئی ہے۔ دوسری جانب جسپریت بمراہ بھی سیریز کے بقیہ۳؍ میچ کھیلیں گے۔ قبل ازیں کہا جا رہا تھا کہ ورک لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے انہیں ۲؍ ٹیسٹ سے آرام دیا جا سکتا ہے۔ آخری۳؍ ٹیسٹ راجکوٹ، رانچی اور دھرمشالہ میں کھیلے جائیں گے۔ 
دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہونے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجا اور بلے باز کے ایل راہل کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔ دونوں پہلے ٹیسٹ میں زخمی ہونے کے بعد دوسرا میچ نہیں کھیل سکے تھے تاہم بی سی سی آئی نے یہ بھی کہا کہ دونوں فٹ رہنے کی صورت میں ہی انہیں پلیئنگ۱۱؍ میں شامل کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی شام بی سی سی آئی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ سے پہلے ہی کوہلی نے بی سی سی آئی کو اپنی دستیابی کے بارے میں مطلع کردیا تھا۔ کوہلی نے اپنا آخری میچ ۱۷؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو افغانستان کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر سیریز کے پہلے۲؍ میچ نہیں کھیل سکے، اب وہ آخری۳؍ میچ بھی نہیں کھیلیں گے۔ اپنے کریئر میں پہلی بار وراٹ کسی بھی گھریلوٹیسٹ سیریز کا کوئی میچ نہیں کھیلیں گے۔ 
شریاس ایّر کو کمر میں درد کی وجہ سے ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ کے بعد کمر میں درد کی شکایت کی۔ شریاس پہلے ۲؍ ٹیسٹ میں بھی کچھ خاص نہیں کر پائے تھے۔ وہ۴؍ اننگز میں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہ کر سکے۔ 
 پہلے ۲؍ ٹیسٹ میں ۱۵؍ وکٹ لینے والے تیز گیند باز جسپریت بمراہ پوری سیریز کھیلیں گے۔ وہ گزشتہ سال اکتوبر-نومبر میں ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد سے مسلسل بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ سے قبل وہ چوٹ کی وجہ سے ۱۸؍ ماہ کیلئے باہر رہے تھے۔ ایسے میں خبریں آرہی تھیں کہ انہیں فٹنیس کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب دوسرا ٹیسٹ نہ کھیلنے والے محمد سراج کی ٹیم میں واپسی ہوئی۔ تیز گیند بازوں کے آکاش دیپ کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا، جبکہ مدھیہ پردیش کے اویس خان کو رنجی ٹرافی کھیلنے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔ 
دوسرے ٹیسٹ میں آغاز کرنے والے بلے بازرجت پاٹیدار بھی ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان کے ساتھ سرفراز خان بھی ا سکواڈ میں شامل ہیں۔ حالانکہ انہیں پلیئنگ الیون میں موقع نہیں مل سکا تھا۔ شریاس اور کوہلی کے باہر ہونے کے بعد اب ان دونوں میں سے کسی ایک کو تیسرے ٹیسٹ میں ایک اور موقع مل سکتا ہے۔ 
  بنگال کے اسٹار تیز گیند باز آکاش دیپ کو انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کے بقیہ ۳؍ میچوں کیلئے پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ آکاش (۲۷؍ سالہ )نے حال ہی میں انگلینڈ لائنس کے خلاف انڈیا اے کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں انہوں نے دو غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ میچوں میں ۱۱؍ وکٹ حاصل کئے۔ دائیں ہاتھ کے تیزگیندباز نے ۲۹؍ فرسٹ کلاس میچوں میں ۱۰۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ بی سی سی آئی کی سلیکشن کمیٹی نے سنیچر کو انگلینڈ کیخلاف ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کیا۔ آکاش دیپ کے علاوہ بنگال کے ایک اور اسٹار تیزگیندباز مکیش کمار کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، شبھمن گل، کے ایل راہل، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، دھرو (وکٹ کیپر)، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، آر اشون، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، محمد سراج، مکیش کمار، آکاش دیپ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK