ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز کوہلی پاکستان کیخلاف نسیم کا کیچ لے کر یکروزہ میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے ہندوستانی فیلڈربنے۔
EPAPER
Updated: February 24, 2025, 1:57 PM IST | Agency | Dubai
ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز کوہلی پاکستان کیخلاف نسیم کا کیچ لے کر یکروزہ میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے ہندوستانی فیلڈربنے۔
ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی پاکستان کے خلاف چمپئن ٹرافی کے گروپ اے کے میچ میں ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے ہندوستانی فیلڈر بن گئے۔ انہوں نے ۴۶ء۴؍ اوور میں نسیم شاہ کا کیچ لے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے محمد اظہر الدین کا ریکارڈ توڑ دیا، جو اس سے قبل ون ڈے میں سب سے زیادہ کیچ لینے والے ہندوستانی فیلڈرتھے۔
کوہلی نے اب ون ڈے میں کل۱۵۸؍ کیچ لئے ہیں، جو کسی بھی دوسرے ہندوستانی کرکٹر سے دو عددزیادہ ہیں۔ اظہرالدین ۱۵۶؍ کیچ کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں تیسرا نمبر عظیم بلے باز سچن تینڈولکر کا ہے جنہوں نے ون ڈے میں کل۱۴۰؍ کیچ لئے ہیں۔ چوتھے اور پانچویں نمبر پر بالترتیب راہل دراوڑ اور سریش رائنا ہیں جنہوں نے ۱۲۴؍ اور۱۰۲؍ کیچ لئے۔ ہندوستان کیلئے بحیثیت فیلڈر سب سے زیادہ کیچ : وراٹ کوہلی : ۱۵۸؍ کیچ، محمد اظہرالدین : ۱۵۶؍کیچ، سچن تینڈولکر:۱۴۰؍ کیچ، راہل دراوڑ :۱۲۴؍کیچ اور سریش رائنا :۱۰۲؍کیچ۔ صرف مہیلا جے وردھنے (۲۱۸) اور رکی پونٹنگ (۱۶۰) نے تمام ٹیموں میں زیادہ آؤٹ فیلڈ کیچ لئے ہیں۔
شبھمن گل نصف سنچری سے محروم رہے
میچ کی بات کریں تو کلدیپ یادو (۳؍ وکٹ) اور ہاردک پانڈیا (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے چمپئن ٹرافی کے پانچویں میچ میں اتوار کو پاکستان کو۲۴۱؍رن پر روک دیا۔ ۲۴۲؍رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے روہت شرما (۲۰؍ رن) جلد گنوا دیا۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور شبھمن گل نے اچھی بلے بازی کی۔ اخبار پرنٹ میں جانے تک ہندوستان نے ۲۲؍ویں اوور میں ایک وکٹ پر۱۱۶؍رن بنالئے تھے۔ شبھمن گل ۴۶؍رن پر آؤٹ ہوئے۔ وراٹ کوہلی ۴۲؍رن بناکر کھیل رہے تھے۔ دُبئی میں اتوار کو ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بیٹنگ کیلئے آتے ہوئے پاکستان کی اوپننگ جوڑی امام الحق اور بابر اعظم نے محتاط انداز میں آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۴۷؍ رن جوڑے۔ ۹؍ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی جب انہوں نے بابر اعظم (۲۳؍رن) کو کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اسکور میں صرف ۶؍ رن کا اضافہ ہوا جب اکشر پٹیل نے امام الحق (۱۰؍رن) کو رن آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد سعود شکیل اور کپتان محمد رضوان کی جوڑی نے ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے ۱۰۴؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ۳۳؍ویں اوور میں اکشر پٹیل نے محمد رضوان (۴۶؍رن ) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔۳۶؍ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے سعود شکیل کو آؤٹ کر کے پاکستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ سعود شکیل نے۷۶؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے ۶۲؍ رن کی اہم اننگز کھیلی۔ طیب طاہر (۴) کو رویندر جڈیجا نے بولڈ کیا۔ کلدیپ نے۴۳؍ویں اوور میں آغا سلمان (۱۹؍رن) کا وکٹ لیا۔ اسی اوور میں کلدیپ نے شاہین شاہ آفریدی (صفر) کو بھی آؤٹ کیا۔۴۷؍ویں اوور میں کلدیپ نے حارث رؤف (۱۴؍رن) آؤٹ کر کے ہندوستان کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ حارث رؤف (۸؍رن) رن آؤٹ ہوئے۔۴۹؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہرشیت رانا نے کوہلی کے ہاتھوں خوشدل شاہ کو آؤٹ کرواکر پاکستان کو۲۴۱؍رن تک محدود کر دیا۔ خوشدل نے ۳۹؍ گیندوں پر ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۸؍رن بنائے۔ اتوار کے میچ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۲؍ پاکستانی بلے بازوں کو رن آؤٹ کیا۔