ٹیم انڈیا کے جارح بلے باز کے بچپن کے کوچ راج کمار شرما نے کہا کہ کوہلی بیوی بچوں کے ساتھ شفٹ ہونے پر غور کررہے ہیں۔
EPAPER
Updated: December 20, 2024, 11:05 AM IST | Lokesh Sharma | New Delhi
ٹیم انڈیا کے جارح بلے باز کے بچپن کے کوچ راج کمار شرما نے کہا کہ کوہلی بیوی بچوں کے ساتھ شفٹ ہونے پر غور کررہے ہیں۔
ہندوستانی اسٹار کرکٹر وراٹ کوہلی ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ جیت چکے ہیں، چمپئن ٹرافی جیتنے اور ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والے ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ ان کی کامیابیوں نے انہیں کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ وراٹ کی اس غیر معمولی کامیابی میں ان کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وراٹ نے اپنے کرکٹ کریئر کا آغاز راجکمار شرما کی قابل رہنمائی میں کیا۔ راج کمار شرما نے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ وراٹ کوہلی اپنی فیملی کے ساتھ لندن میں شفٹ ہوں گے۔
بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی میں وراٹ کوہلی کے فارم پر راج کمار نے کہا’’ `وراٹ کوہلی اپنے کریئر کی بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سنچری بھی بنائی تھی۔ مجھے یقین ہے کہ اگلے ۲؍ میچوں میں ان کے بلے سے مزید ۲؍ سنچریاں بننے والی ہیں۔ اس کھلاڑی نے ہمیشہ اپنے کھیل سے لطف اٹھایا ہے۔ وراٹ کا فارم تشویش کی بات نہیں ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ کس طرح مشکل حالات میں بلے بازی کرنی اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے۔ ‘‘
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا و راٹ کوہلی بیرون ملک سیٹل ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو راج کمار نے کہا ’’ہاں، وراٹ اپنے بچوں اور بیوی انوشکا شرما کے ساتھ لندن شفٹ ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ وہ بہت جلد ہندوستان چھوڑ کر وہاں آباد ہوسکتے ہیں۔ ‘‘
وراٹ کوہلی کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے راج کمار نے کہا’’ وراٹ اب بھی کافی فٹ ہیں اور ریٹائرمنٹ کے لئے ان کی عمر اتنی زیادہ بھی نہیں ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وراٹ مزید۵؍ سال کرکٹ کھیلیں گے۔ وراٹ ۲۰۲۷ء ورلڈ کپ میں بھی کھیلتے ہوئے نظر آنے والے ہیں۔ وراٹ اور میرے درمیان ہم آہنگی بہت اچھی ہے۔ میں وراٹ کو اس وقت سے اچھی طرح جانتا ہوں جب وہ ۱۰؍سال کےبھی نہیں تھے۔ میں ۲۶؍ سال سے ان کے ساتھ رہا ہوں۔ اس لئے میں کہہ سکتا ہوں کہ وراٹ میں ابھی کافی کرکٹ باقی ہے۔ ‘‘