لکشمن نے کہا: تمام فرنچائزی کھلاڑیوں کی صلاحیت کی بناء پر ٹیم میں شامل کرتی ہیں
EPAPER
Updated: April 16, 2020, 2:03 PM IST | Agency | New Delhi
لکشمن نے کہا: تمام فرنچائزی کھلاڑیوں کی صلاحیت کی بناء پر ٹیم میں شامل کرتی ہیں
آسٹریلیا کے سابق کرکٹ کپتان مائیکل کلارک کے آئی پی ایل میں اچھا معاہدہ ملنے کیلئے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کے تئیں نرمی دکھانے والے بیان پر سابق ہندوستانی کھلاڑی اور سنرائزرس حیدرآباد کے مینٹر وی وی ایس لکشمن نے کہا ہے کہ کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی سے دوستی ہونے سے کسی کو بھی اس ٹورنامنٹ میں معاہدہ حاصل نہیں ہوتا ہے۔
مائیکل کلارک نے کچھ دنوں پہلے متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئی پی ایل میں اچھا معاہدہ حاصل کرنے کی وجہ سے آسٹریلوی کھلاڑی اپنی زمین پر سیریز میں وراٹ کے تئیں نرم رہتے ہیں اور ان کی سلیجنگ کرنے سے ڈرتے ہیں۔ لکشمن نے اسٹار اسپورٹس کے شو کرکٹ کنکٹڈ پر کلارک کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کھلاڑی کے تئیں اچھا برتاؤ کرنے سے آپ کو آئی پی ایل میں جگہ نہیں ملتی ہے۔ تمام فرنچائزی کھلاڑیوں کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے انہیں ٹیم میں شامل کرتی ہیں جو ان کی ٹیم کو بہتر نتائج دلا سکے۔ ایسے کھلاڑیوں کو ہی آئی پی ایل میں جگہ ملتی ہے، لہٰذا صرف کسی کے تئیں نرم رہنے سے آپ آئی پی ایل میں مقام حاصل نہیں کر سکتے۔
لکشمن نے کہا کہ اگر آپ کسی ہندوستانی کھلاڑی کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو آئی پی ایل میں جگہ مل جائے گی۔ ایک مینٹر ہونے کی وجہ سے میں کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران موجود رہتا ہوں۔ ہم کھلاڑیوں کو منتخب کرتے ہیں اور جو بین الاقوامی کھلاڑی اپنی قومی ٹیم کیلئے بہتر کھیلتے ہیں توہم انہیں اپنی ٹیم میں لیتے ہیں۔ کسی ہندوستانی کھلاڑی سے دوستی آپ کو ٹیم میں جگہ نہیں دلا سکتی۔ آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے پہلے آئی پی ایل کے منعقد ہونے کے بارے میں جاری بحث پر لکشمن نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کچھ کرکٹ بورڈ اس حقیقت کو جانتے ہیں کہ آئی پی ایل ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے اور عالمی کپ سے پہلے یہ ایک ماحول تیار کر سکتا ہے ۔ میں صرف امید کرسکتا ہوں کہ تمام معاملے معمول پر آجائیں اور کسی کو کوئی خطرہ نہ رہے۔ ایک بار کرکٹ شروع ہوا تو آئی پی ایل بھی ہوگا۔