کرکٹ کی گیندوں سے سب سے طویل جملہ لکھنے کا ریکارڈ بنا یاگیا۔ اس کیلئے۱۴؍ہزار۵۰۵؍ گیندوںکا استعمال کیا گیا۔
EPAPER
Updated: January 24, 2025, 12:02 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Churchgate
کرکٹ کی گیندوں سے سب سے طویل جملہ لکھنے کا ریکارڈ بنا یاگیا۔ اس کیلئے۱۴؍ہزار۵۰۵؍ گیندوںکا استعمال کیا گیا۔
وانکھیڈے اسٹیڈیم کا نام جمعرات کو ایک اور ریکارڈ بُک میں شامل ہوگیاہے۔ جمعرات کو ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن نے سب سے زیادہ گیندوں کے ذریعہ طویل جملہ لکھنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنایا۔ خیال رہے کہ وانکھیڈے اسٹیڈیم کی ۵۰؍ سالہ تقریبات جاری ہیں اوریہ ریکارڈ بھی اسی کا حصہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ۱۹۷۴ء میں وانکھیڈے میں ہونے والے رنجی ٹرافی میچ میں سنچری بنانے والے ایکناتھ سولکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو ۱۰؍ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیاگیاہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈس کی جانب سے پروگرام میں شرکت کرنے والے نمائندے سوپنل نے بتایا کہ ’’ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن نے ہم سے کہا تھا کہ وہ گیندوں سے طویل جملہ لکھنے کی کوشش کرنے والے ہیں۔ ایسا ریکارڈ آج تک کسی نے نہیں بنایا تھا۔ ہم نے انہیں چیلنج دیا اور انہیں شرائط بھی واضح کردیں۔ ایم سی اے سے کہا گیا کہ گیندوں کی تعداد ۲؍ہزار سے کم نہ ہو۔ ایم سی اے نے گیندوں سے لکھا ’’ففٹی ایئرس آف وانکھیڈے اسٹیڈیم‘‘۔ اس جملے کو لکھنے کیلئے کل ۱۴؍ ہزار ۵۰۵؍گیندوں کا استعمال کیا گیا جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔ ‘‘ واضح رہے کہ یہ ساری گیندیں غیرسرکاری تنظیموں کو دی جائیں گی جہاں بچے کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں۔
ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر اجنکیا نائک نےاس پروگرام کے دوران کہا کہ ’’وانکھیڈے اسٹیڈیم کی اپنی تاریخ ہے اور ممبئی نے بین الاقوامی کرکٹرس پیدا کئے ہیں۔ ہم نے ۵۰؍سالہ سالگرہ کو یادگا ربنانے کیلئے جمعرات کو گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کا فیصلہ کیا اور ۲۳؍جنوری ۲۰۲۵ء کو ہم نے ساڑھے ۱۲؍بجے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ۲۳؍جنوری ۱۹۷۵ء کو ہی ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہاں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا۔