• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ویلنگٹن ٹیسٹ : لاین نے کیویز کا شکار کیا، آسٹریلیا کی ۱۷۲؍رن سے کامیابی

Updated: March 04, 2024, 1:00 PM IST | Agency | Wellington

لاین نے میچ میں ۶؍ وکٹ لئے۔ آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ کو۱۹۶؍رن پر ڈھیر کردیا۔کیوی بلے باز ناکام رہے۔

Nathan Lyon. Photo: INN
ناتھن لاین۔ تصویر : آئی این این

ناتھن لاین کے شاندار ۶؍ وکٹوں کی بدولت آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ کو ۱۹۶؍رن پر ڈھیر کرنے کے بعد ۱۷۲؍ رن سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ٹیسٹ سیریز میں ۰۔ ۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
اتوار کو دن کا کھیل ختم ہونے تک نیوزی لینڈ نے اسپن گیندباز گلین فلپس کی شاندار گیند بازی کی بدولت ۵؍ وکٹوں کے نقصان پر آسٹریلیا کو کل ۱۶۴؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۱۱؍ رن بنا لئے تھے۔ اتوار کی صبح بلے بازی کے لئے آنے والی میزبان ٹیم صرف۷۰؍ رن پر ۷؍ وکٹ گنوا کر۱۹۶؍ رن پر سمٹ گئی۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ۱۴؍ سال بعد ہوا ہے جب نیوزی لینڈ کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر دونوں اننگز میں ۲۰۰؍رن سے کم اسکور پر آل آؤٹ ہوئی ہے۔ اس سے قبل۲۰۱۲ء میں ہملٹن میں جنوبی افریقہ کے خلاف نیوزی لینڈ نے دونوں ٹیسٹ اننگز میں ۲۰۰؍رن سے کم اسکور بنایا تھا۔ 
آسٹریلیا کے۳۶؍ سالہ گیندباز ناتھن لاین نے پہلی اننگز میں ۴؍ اور دوسری اننگز میں ۶؍ وکٹ لے کر میچ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر۱۰؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ نیوزی لینڈ کے لئے صرف راچن رویندر نے دوسری اننگز میں ۵۹؍ رن کی نصف سنچری بنائی۔ اس کے علاوہ ڈیرل مشیل ۳۸؍ رن، اسکاٹ کگلیجن۲۶؍ رن، ول ینگ ۱۵؍ رن اور میٹ ہنری۱۴؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ باقی بلے باز دہائی کے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ 
 آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کی اور پہلی اننگز میں کیمرون گرین کے۱۷۴؍ رن کی بدولت آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ۳۸۳؍ رن کا بڑا اسکور بنایا تھا۔ اس کے بعد بلے بازی کے لئے آنے والی نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں بے حد خراب شروعات کی اور صرف ۲۹؍ رن پر ۵؍ وکٹ دیں۔ ٹام لاتھم ۵؍ رن، ول ینگ ۹؍ رن، کین ولیمسن صفر اور راچن رویندر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ گلین فلپس نے سب سے زیادہ ۷۱؍ رن بنائے جس کے بعد میٹ ہنری نے۳۴؍ گیندوں پر۴۲؍ رن بنائے۔ میٹ ہنری۴۲؍ رن اور ٹام بلنڈل۳۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ 
 آسٹریلیا کے اسٹار اسپنر ناتھن لاین اور جوش ہیزل ووڈ کی شاندار گیندبازی کی مدد سے آسٹریلیا نے میزبان نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں ۴۱ء۱؍ اوورس میں صرف۱۷۹؍ رن تک محدود کر دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لاین نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ جوش ہیزل ووڈ نے۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ مشیل اسٹارک، پیٹ کمنس اور مشیل مارش نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر۲۰۴؍ رن کی برتری حاصل تھی۔ آسٹریلیائی ٹیم دوسری اننگز میں ۱۶۴؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی تھی اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے ۳۶۹؍ رن کا ہدف ملا تھا۔ 
نیوزی لینڈ چوتھی اننگز میں ۳۶۹؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری اور سنیچر کو دن کا کھیل ختم ہونے تک۱۱۱؍رن کے اسکور پر اس کے ۳؍ وکٹ گر چکے تھے۔ اگرچہ چوتھے وکٹ کے لئے راچن رویندر اور ڈیرل مشیل کے درمیان نصف سنچری کی شراکت ہوئی لیکن اس کے بعد بقیہ بلے بازوں کے وکٹ وقفہ وقفہ پر گرتے رہے اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں ۱۹۶؍ رن ہی بناسکی اور مقابلہ۱۷۲؍رن سے ہار گئی۔ کیمرون گرین کو۱۷۴؍ رن کی شاندار اننگز کے لئے `پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 
 آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لاین نے دوسری اننگز میں ۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ جوش ہیزل ووڈ نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ٹریوس اور کیمرون گرین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK