• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ویلنگٹن ٹیسٹ : ایشانت شرما کی کوشش پرولیمسن نے پانی نے پھیرا

Updated: February 23, 2020, 3:35 PM IST | Agency | Wellington

کین ولیمسن نے ۸۹؍ رن کی کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو  ہندوستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سنیچر کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا جبکہ تیز گیند باز  ایشانت شرما نے ۳؍ وکٹ لے کر دنیا کی نمبروَن ٹیم ہندوستان کو میچ میں برقرار رکھا۔ہندوستان نے بارش سے متاثرہ پہلے دن ۵؍ وکٹ کے نقصان پر۱۲۲؍ رن بنائے تھے اور دوسرے دن اس کی پہلی اننگز۱۶۵؍ رن پر سمٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان ولیمسن نے۱۵۳؍گیندوں میں ۱۱؍ چوکوں کی مدد سے ۸۹؍ رن بنائے جس کی بدولت میزبان نیوزی لینڈ نے ۵؍ وکٹ پر ۲۱۶؍ رن بنا کر پہلی اننگز میں۵۱؍ رن کی اہم برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کی وجہ سے مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔ اگرچہ اس وقت تک ہندوستانی  گیند باز اپنا فارم حاصل کر چکے تھے

ایشانت شرما ۔ تصویر : آئی این این
ایشانت شرما ۔ تصویر : آئی این این

 ویلنگٹن : کین ولیمسن نے ۸۹؍ رن کی کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے نیوزی لینڈ کو  ہندوستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سنیچر کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا جبکہ تیز گیند باز  ایشانت شرما نے ۳؍ وکٹ لے کر دنیا کی نمبروَن ٹیم ہندوستان کو میچ میں برقرار رکھا۔ہندوستان نے بارش سے متاثرہ پہلے دن ۵؍ وکٹ کے نقصان پر۱۲۲؍ رن بنائے تھے اور دوسرے دن اس کی پہلی اننگز۱۶۵؍ رن پر سمٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان ولیمسن نے۱۵۳؍گیندوں میں ۱۱؍ چوکوں کی مدد سے ۸۹؍ رن بنائے جس کی بدولت میزبان نیوزی لینڈ نے ۵؍ وکٹ پر ۲۱۶؍ رن بنا کر پہلی اننگز میں۵۱؍ رن کی اہم برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کی وجہ سے مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔ اگرچہ اس وقت تک ہندوستانی  گیند باز اپنا فارم حاصل کر چکے تھے۔
  اب تیسرے دن  ہندوستان کی پوری کوشش ہوگی کہ وہ نیوزی لینڈ کی اننگز کو جلدی سمیٹ کر اسے بڑی برتری حاصل کرنے سے روکے۔ چوٹ سے  ابھرکر اس مقابلے میں اترے ایشانت نے شاندار گیند بازی کی اور ۱۵؍اوور میں ۳۱؍ رن دیکر ۳؍ وکٹ لئے۔ محمد سمیع کو۱۷؍اوور میں ۶۱؍رن پر ایک وکٹ اور آف اسپنر روی چندرن اشون نے ۳۰؍ اوور میں۶۰؍رن پر ایک وکٹ لیا۔ تیز گیند باز جسپريت بمراه کا خراب فارم ٹیسٹ میں بھی جاری رہا اور وہ۱۸ء۱؍ اوور میں ۶۲؍ رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لے پائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر ٹام لاتھم نے۱۱؍رن ، ٹام بلینڈیل نے۳۰؍رن ، ۱۰۰؍واں میچ کھیلنے والے روس ٹیلر نے۴۴؍رن  اور ہنری نکولس  نے۱۷؍رن بنائے۔ اسٹمپس کے وقت بي جے واٹلنگ ۱۴؍رن  اور کولن ڈی گرینڈ هوم ۴؍ رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔  
 ہندوستان نے صبح جب اننگز کی شروعات کی تو رہانے نے۳۸؍رن  اور رشبھ پنت نے ۱۰؍ رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ پنت نے صبح لیفٹ آرم اسپنر اعجاز پٹیل کی گیند پر شاندار چھکا لگایا جس سے لگا کہ یہ نوجوان وکٹ کیپر بلے باز آج ایک بڑی اننگز کھیلے گا لیکن پنت نے غیر ضروری سنگل لینے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا دیا۔ پٹیل کے براہ راست تھرو پر پنت رن آؤٹ ہو گئے۔ پنت نے۵۳؍ گیندوں پر۱۹؍ رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔پنت کا وکٹ۱۳۲؍رن کے اسکور پر گرا۔ پنت فاسٹ بولر ساؤدی کی  اننگز کے۵۹؍ ویں اوور میں آؤٹ ہوئے تھے۔ میدان پر اترے آف اسپنر روی چندرن اشون کو ساؤدی نے ایک بہترین گیند پر بولڈ کر دیا۔ اشون کی یہ پہلی گیند تھی اور وہ مکمل طور  پردفاعی تھے لیکن گیند نے ہلکا سا موومنٹ لیا اور اشون بلے کے پاس سے نکلتے ہوئے ان کی آف ا سٹمپ لے اڑی۔
 ہندوستان کو رہانے سے خاصی امیدیں تھیں لیکن رہانے بدقسمت طریقے سے وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ رہانے نے ساؤدی کی آف اسٹمپ سے باہر کی گیند پر آخری وقت میں بلہ ہٹانے کی کوشش کی لیکن گیند نے بلے کا اندرونی کنارہ لیا اور وکٹ کیپر بي جے واٹلنگ کے ہاتھوں میں سما گئی۔ رہانے کا وکٹ ۱۴۳؍ رن کے اسکور پر گرا۔ رہانے نے۱۳۸؍ گیندوں پر۴۶؍رنمیں۵؍چوکے لگائے۔ایشانت شرما  ۲۳؍ گیندوں میں ۵؍ رن بنا کر جمیسن کا شکار بنے۔ محمد سمیع نے ۲۰؍گیندوں پر۳؍ چوکوں کی مدد سے ۲۱؍ رن کی مختصر لیکن اچھی اننگز کھیلی اور ہندوستان کو۱۶۵؍رن کے اسکور تک پہنچادیا۔ سمیع آخری بلے باز کی حیثیت سے ساؤدی کا شکار بنے اور ہندوستان کی اننگز ۶۸ء۱؍ اوور میں۱۶۵؍  رن پر ختم ہو گئی۔ساؤدی اور جمیسن ۴۔۴؍ وکٹ کے علاوہ ٹرینٹ بولٹ نے۵۷؍ رن پر ایک وکٹ لیا۔
 نیوزی لینڈ نے اننگز کی ٹھوس شروعات کی اور ٹام لاتھم اور ٹام بلینڈل نے پہلے وکٹ کے لئے۲۶؍ رن جوڑے۔ اس مہینے۱۵؍  فروری کو اپنا فٹنیس ٹیسٹ پاس کر کےآخری وقت میں  الیون میں شامل ایشانت نے لاتھم کو وکٹ کے پیچھے پنت کے ہاتھوں کیچ کرواکر ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ لاتھم نے۳۰؍ گیندوں میں ۱۱؍رن بنائے۔بلینڈل اور کپتان ولیمسن نے دوسرے وکٹ کیلئے ۴۷؍رن کی ساجھیداری کی۔ ایشانت نے بلینڈل کو بولڈ کرکے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔  بلینڈل نے ۸۰؍گیندوں پر۳۰؍رن میں ۴؍چوکے لگائے۔ ولیمسن اور اپنا۱۰۰؍ واں ٹیسٹ کھیلنے والے ٹیلر نے تیسرے وکٹ کیلئے ۹۳؍ رن کی اہم شراکت کی۔ اگرچہ اس شراکت کے بعد ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے ۳؍ وکٹ جلدی جلدی نکال لئے۔ایشانت نے ٹیلر کو چتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ ٹیلر نے۷۱؍ گیندوں پر۴۴؍ رن میں ۶؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ سمیع نے ولیمسن کو متبادل کھلاڑی رویندر جڈیجا کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ جڈیجا نے نیچے جھکتے ہوئے ایک بہترین کیچ لے کر ولیمسن کو سنچری سے محروم کر دیا۔ ولیمسن نے۱۵۳؍ گیندوں پر۸۹؍ رن میں۱۱؍ چوکے لگائے۔
 آف اسپنر اشون نے نکولس کو کپتان وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ نکولس نے ۶۲؍ گیندوں پر۱۷؍رن میں ۲؍ چوکے لگائے۔ہندوستان نے۴۱؍رن کے وقفے میں میزبان ٹیم کے۳؍ وکٹ لئے۔ لیکن خراب روشنی کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔ اسٹمپس کے وقت واٹلنگ۱۴؍رن  اور گرینڈ ہوم ۴؍ رن بنا کر کریز پر تھے۔ بمراه نے اپنی تیزی اور اچھال سے بلے بازوں کو پریشان ضرور کیا لیکن وہ کوئی وکٹ نہیں نکال پائے۔ بمراه نے اپنے۱۹؍ ویں اور اننگز کے۷۱؍ ویں اوور کی پہلی گیند ڈالی تھی جس کے بعد خراب روشنی کی وجہ سے دن کا کھیل ختم ہو گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK