ویسٹ ہیم نے گزشتہ روز جولین لوپیٹیگی کو منیجر کے عہدے سے برطرف کر دیا اور ان کی جگہ گراہم پوٹر کو مقرر کیا ہے۔
EPAPER
Updated: January 10, 2025, 12:28 PM IST | Agency | London
ویسٹ ہیم نے گزشتہ روز جولین لوپیٹیگی کو منیجر کے عہدے سے برطرف کر دیا اور ان کی جگہ گراہم پوٹر کو مقرر کیا ہے۔
ویسٹ ہیم نے گزشتہ روز جولین لوپیٹیگی کو منیجر کے عہدے سے برطرف کر دیا اور ان کی جگہ گراہم پوٹر کو مقرر کیا ہے۔ برائٹن اور چیلسی کے سابق کوچ گراہم پوٹر نے ویسٹ ہیم کے ساتھ ڈیڑھ سالہ معاہدے پر دستخط کر لئے ہیں اور انہیں لندن اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس میں متعارف کرایا جائے گا۔ ہسپانوی کوچ جولین لوپیٹیگی کو صرف۶؍ ماہ کے بعد ہی برطرف کر دیا گیا ہے۔ وولوز کے سابق کوچ ۵۸؍سالہ لوپیٹیگی کو مئی میں ڈیوڈ موئز کی روانگی کے بعد مقرر کیا گیا تھا لیکن انہوں نے یکم جولائی کو باضابطہ طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ لوپیٹیگی کے دور میں ویسٹ ہیم صرف۶؍ پریمیر لیگ میچ جیت سکا تھا۔ منگل کو مانچسٹر سٹی سے اسے ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست ہوئی تھی جو اس سیزن میں ۲۰؍لیگ میچوں میں کلب کی۹؍ ویں شکست تھی۔
ویسٹ ہیم نے ایک بیان میں کہا کہ ’’۲۵۔ ۲۰۲۴ءسیزن کے پہلے نصف حصے نے کلب کی بلند توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور اس لئے کلب نے اپنے مقاصد کے حصول کئے مناسب کارروائی کی ہے۔ ‘‘واضح رہے کہ کلب نے لوپیٹیگی کے بیک روم اسٹاف کو بھی برطرف کر دیا ہے جن میں ان کے معاون پابلو سانز، ہیڈ آف پرفارمنس آسکر کیرو، ہیڈ اینالسٹ جوآن ویسینٹ، فٹنس کوچ بورجا ڈی البا اور ٹیکنیکل کوچ ایڈو روبیو شامل ہیں۔ کلب کے بیان میں مزید کہا کہ’’بورڈ جولین اور ان کے عملے کو ویسٹ ہیم کے ساتھ ان کے وقت کے دوران ان کی محنت کے لئے شکریہ ادا کرتا ہے اور انہیں مستقبل کے لئے تمام کامیابیوں کی خواہش کرتا ہے۔ ‘‘
پوٹر نے ایک بیان میں کہا’’میں یہاں آ کر بہت خوش ہوں۔ یہ میرے لئے اہم تھا کہ میں اس وقت تک انتظار کرتا رہوں جب تک کہ مجھے کوئی ایسی نوکری نہ مل جائے جو میرے لئے صحیح محسوس ہو اور یہ بھی کہ میں جس کلب میں شامل ہو رہا ہوں اس کےلئے میں موزوں ہوں۔ ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کے ساتھ میرا یہی احساس ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا ’’ویسٹ ہیم یونائیٹڈ ایک بہت بڑا کلب ہے جو لندن کے قلب میں واقع ہے جس کے مداحوں کی بڑی تعداد اور دنیا بھر میں شاندار حمایت موجود ہے۔ یہ ایسا کلب ہے جس کے پاس میدان پر اور باہر کامیاب ہونے کیلئے سب کچھ موجودہے۔