• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یکروزہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو۵؍وکٹ سے دھول چٹائی

Updated: December 10, 2024, 11:42 AM IST | Agency | Basseterre, (St. Kitts)

شرفن رُدرفورڈ کی دھماکہ خیز سنچری اور کپتان شائی ہوپ کی نصف سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیزنے سیریز میں ۰۔۱؍کی برتری حاصل کرلی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

شرفن رُدرفورڈ(۱۱۳؍رن)  کی دھماکہ خیز سنچری اور کپتان شائی  ہوپ (۸۶) کی نصف سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پہلے ایک روزہ مقابلے میں بنگلہ دیش کو ۵؍ وکٹ سے شکست دے دی، اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈیز نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
 بنگلہ دیش کے۲۹۴؍ رن کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری ویسٹ انڈیز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے۲۷؍رن  کے اسکور پراپنے ۲؍ وکٹ گنوا دیئے۔ برینڈن کنگ۹؍ اور ایون لیوس ۱۶؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کیسی کارٹی اور کپتان شائی ہوپ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔۲۲؍ویں اوور میں۹۴؍ رن کے اسکور پر رشاد حسین نے کیسی کارٹی (۲۱؍رن) کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے شرفن ردرفورڈ نے نہ صرف اننگز کو سنبھالا بلکہ تیزی سے رن بھی بنائے۔ ان دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے۹۹؍ رن کی شراکت ہوئی۔۳۸؍ویں اوور میں مہدی حسن میراز نے شائی ہوپ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔   ہوپ نے۸۸؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۸۶؍ رن بنائے۔ شرفن ردرفورڈ نے۸۰؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۸؍ چھکوں کی مدد سے ۱۱۳؍ رن بنائے۔ جسٹن گریوز ۴۱؍رن اور روسٹن چیز  ۲؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے ۴۷ء۴؍ اوورس میں۵؍ وکٹ  پر۲۹۵؍ رن بنائے اور میچ ۵؍ وکٹ   سے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تنظیم حسن ثاقب، ناہید رانا، رشاد حسین، مہدی حسن میراز اور سومیا سرکار نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
 قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی  فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں رہا اوراس نے ۴۶؍رن  کے اسکور پر اپنے ۲؍ وکٹ گنوادیئے۔ سومیا سرکار ۱۹؍  اور لٹن کمار داس ۲؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کپتان مہدی حسن میراز نے تنزیدحسن کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسرے وکٹ کے لیے ۷۹؍ رن جوڑے۔
  ۲۴؍ویں اوور میں الزاری جوزف نے تنزید حسن (۶۰؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت  کو توڑا۔ عفیف حسین دھربو۲۸؍رن  اور ذاکر علی ۴۸؍رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان مہدی حسن میراز نے۱۰۱؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۷۴؍ رن کی اننگز کھیلی۔ محمود اللہ  ۵۰؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش نے مقررہ ۵۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹوں پر۲۹۴؍ رن کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ویسٹ انڈیز کے تیز گیندباز الزاری جوزف کو دو وکٹ ملے۔ جیڈن سیلز نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK