• Wed, 30 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو ۸؍ وکٹ سے شکست دی

Updated: October 11, 2024, 9:43 PM IST | Sharjah

کرشمہ رام ہیرک کی شاندار گیندبازی اور کپتان ہیلی میتھیوز(۳۴؍رن) کی اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے خواتین ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی

West Indies Women Cricketer.Photo:INN
ویسٹ انڈیز کی خواتین کھلاڑی۔ (تصویر:آئی این این)

 کرشمہ رام ہیرک کی شاندار گیندبازی اور کپتان ہیلی میتھیوز(۳۴؍رن) کی اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے جمعرات کو یہاں کھیلے جانےوالے خواتین ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے ۱۳؍ویں میچ میں بنگلہ دیش کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔آسان ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے اوپننگ بلے باز کپتان ہیلی میتھیوز اور اسٹیفنی ٹیلر نے پہلے ۸؍ اوورس میں۵۲؍رن جوڑ کر اپنے ارادوں کا اظہار کیا۔ معروفہ اختر نے میتھیوز (۳۴؍ رن) کو آؤٹ  کر کے ویسٹ انڈیز کو پہلا جھٹکا دیا لیکن تب تک انڈیز فتح کی طرف قدم بڑھا چکا تھا۔ اسٹیفنی ٹیلر ۲۷؍رن پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئیں۔ کیمپ بیل نے۱۶؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۲؍ چوکوں کی مدد سے۲۱؍ رن بنائے۔
اس کے بعد ڈینڈرا ڈوٹن نے ۷؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ  ۱۹؍رن  بنا کر ویسٹ انڈیز کی فتح پر مہر ثبت کی۔ شنیل ہنری ۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ  رہیں۔ ویسٹ انڈیز نے ۱۲ء۵؍ اوورس میں ۲؍ وکٹ پر۱۰۴؍ رن بنانے کے بعد یہ میچ ۸؍ وکٹ سے جیت لیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ناہید اختر اور معروفہ اختر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔اس سے قبل کرشمہ رام ہیرک (۱۷؍ رن پر ۴؍ وکٹ) کی کرشماتی گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو۱۰۳؍ رن تک محدود کر دیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان ہیلی میتھیوز نے  ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ اپنے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے کرشمہ رام ہیرک نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ۴؍ اوورس میں۱۷؍ رن  دے کر ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔
بیٹنگ کیلئے آنے والی بنگلہ دیش کا آغاز اچھا نہیں تھا اور جیسے ہی اسکور بورڈ میں ۱۸؍ رن کا اضافہ ہوا، رام ہیرک نے اوپنر شاتی رانی (۹؍رن) کو کیمپ بیل  کے ہاتھوں اسٹمپڈ کرا دیا۔ رام ہیرک نے پانچویں اوور میں دوسری اوپنر دلارا اختر (۱۹؍رن) کو بولڈ کرکے بنگلہ دیش کو دوسرا جھٹکا دیا۔
اس کے بعد تیسرے  وکٹ کیلئے کپتان نگار سلطانہ (۳۹؍رن) اور شوبھنا مستاری نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو۷۳؍ رن تک پہنچا کر اچھے اسکور کی امیدیں جگائیں تاہم رام ہیرک نے پھر اپنا کرشمہ دکھایا اور شوبھنا مستاری کو وکٹ کیپر کیمپ بیل  کے ہاتھوں سٹمپ کروا دیا۔ انہیں  آؤٹ  کرکے ویسٹ انڈیز کو تیسری کامیابی ملی۔ مستاری نے ۱۶؍رن بنائے۔ اس کے بعد فلیچر نے۱۴؍ویں اوور میں تاج نہر کو کیمپ بیل  کے ہاتھوں کیچ کروا کر ویسٹ انڈیز کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اگلے ہی اوور میں اسی سکور پر فلیچر نے شورنا اختر کو صفر پر بولڈ کر دیا۔ رام ہیر ک نے رتو مونی کو ہنری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اپنی چوتھے وکٹ حاصل کیا۔ویسٹ انڈیز کے کپتان ہیلی میتھیوز نے نگار سلطانہ کو ایلن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ  کروا کر بنگلہ دیش کو ساتواں جھٹکا دیا۔ سلطانہ نے سب سے زیادہ ۳۹؍ رن بنائے۔ فہیمہ خاتون ۲؍ رن کے ذاتی اسکور پر رن آؤٹ ہوئیں، رابعہ خان ایک رن اور ناہیدہ اختر ۲؍ رن  پر ناٹ  آؤٹ  رہیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے کرشمہ رام ہیرک نے سب سے زیادہ ۴؍ جبکہ ایفی فلیچر نے ۲؍ اور ہیلی میتھیوز نے ایک وکٹ حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK