باکسنگ ڈے یعنی کرسمس کے بعد کا دن، اس دن غریبوں کو باکسز میں تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں، کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں اسے ٹیسٹ کرکٹ سےبھی جوڑ دیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 1:37 PM IST | Agency | New Delhi
باکسنگ ڈے یعنی کرسمس کے بعد کا دن، اس دن غریبوں کو باکسز میں تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں، کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں اسے ٹیسٹ کرکٹ سےبھی جوڑ دیا گیا ہے۔
۲۶؍ دسمبر یعنی آج سے ۲؍ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچز شروع ہونے جا رہے ہیں اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ سب سے زیادہ آسٹریلیا میں مقبول ہے۔کل سے ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں میزبان ہندوستان اور آسٹریلیا مد مقابل ہوں گے جبکہ سینچورین میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں کھیلیں گی۔ہر سال جب بھی باکسنگ ڈے ٹیسٹ آتا ہے تو کرکٹ کے شائقین کا تجسس بڑھ جاتا ہے کہ کرسمس کے اگلے روز شروع ہونے والے روایتی ٹیسٹ میچ کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیوں کہا جاتا ہے؟باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ زیادہ تر آسٹریلیا میں مقبول ہے جو کرسمس کے بعد۲۶؍ دسمبر سے روایتی طور پر شروع ہوتا ہے جہاں میزبان ٹیم کا مہمان ٹیم سے تاریخی ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں مقابلہ ہوتا ہے ۔ اس مرتبہ کل سے آسٹریلیا اورہندوستان کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ شروع ہو رہا ہے اور پہلے روز نان ایشز ٹیسٹ (ایشز سیریز انگلینڈاور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جاتی ہے) میں تماشائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔کرسمس کے اگلے روز آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ سمیت کئی ممالک میں چھٹی ہوتی ہے، اس روز ملازمین اورکم مراعات یافتہ لوگوں میں باکسز میں تحائف تقسیم کئے جاتے ہیں اور یہ کرسمس کی تقریبات کا حصہ ہے۔
اب یہ آسٹریلیا میں ایک روایت بن چکی ہے، اس روایت کا آغاز۱۹۵۰ء میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ٹیسٹ میچ سے ہوا اور اب یہ ایک بہت بڑا فیسٹیول بن چکا ہے جہاں فیملی اور دوست مل کر اسٹیڈیم آتے ہیں اور فیسٹیول کو انجوائے کرتے ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ میں بھی اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔